کتاب 25: باب إِذَا حَرَّمَ طَعَامَهُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6691
حسن بن محمد (بن صباح) نے ہم سے بیان کیا کہ حجاج (بن محمد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی، کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے گمان کیا کہ انہوں نے عبید بن عمیر سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت عائشہؓ سے سنا۔ حضرت عائشہؓ خیال کرتی تھیں کہ نبی ﷺ حضرت زینب بنت جحشؓ کے پاس ٹھہرا کرتے اور ان کے ہاں شہد پیا کرتے تھے اس لئے میں نے اور حفصہؓ نے آپس میں یہ ایکا کیا کہ ہم میں سے جس کے پاس نبی ﷺ آئیں تو وہ یوں کہے: میں آپؐ سے ہینگ کی بو محسوس کرتی ہوں، آپؐ نے ہینگ کھائی ہے۔ آپؐ ان میں سے ایک کے پاس آئے اور اس نے آپؐ سے یہ کہا۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں بلکہ میں نے تو زینب بنت جحشؓ کے ہاں شہد پیا ہے اور اب میں اسے کبھی نہیں پیوں گا۔ اس لئے یہ آیت نازل ہوئی: يٰۤاَيُّهَا النَّبِيُّ لِمَ تُحَرِّمُ مَاۤ اَحَلَّ اللّٰهُ لَكَ۔ اِنْ تَتُوْبَاۤ اِلَى اللّٰهِ میں خطاب حضرت عائشہؓ اور حضرت حفصہؓ سے ہے۔ وَاِذْ اَسَرَّ النَّبِيُّ اِلٰى بَعْضِ اَزْوَاجِهٖ حَدِيْثًا سے آپؐ کی یہی بات مراد ہے کہ نہیں بلکہ میں نے شہد پیا ہے۔ اور ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے نقل کیا۔ انہوں نے ہشام (بن یوسف) سے روایت کی کہ میں اب اسے پھر کبھی نہیں پیوں گا اور میں نے قسم کھالی ہے اس لئے یہ بات تم کسی کو نہ بتانا۔