کتاب 30: باب مَنْ مَاتَ وَعَلَيْهِ نَذْرٌ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6698
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی، کہا: عبیداللہ بن عبداللہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے انہیں بتایا کہ حضرت سعد بن عبادہ انصاریؓ نے نبیﷺ سے ایک نذر کے متعلق مسئلہ پوچھا جو اُن کی ماں کے ذمہ تھی اور وہ پیشتر اس کے کہ اس نذر کو پورا کرتی فوت ہو گئی تو آپؐ نے اُن کو حکم دیا کہ وہ اس کی طرف سے نذر پوری کریں۔ تو اس کے بعد یہی طریقہ جاری ہوگیا۔
صحیح بخاری 6699
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ابوبشر سے روایت کی، کہا: میں نے سعید بن جبیر سے سنا۔ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے کہنے لگا کہ میری بہن نے حج کرنے کی نذر مانی تھی وہ فوت ہوگئی ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر اس پر کوئی قرضہ ہوتا تو کیا تم اسے ادا کرتے؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کا حق ادا کرو۔ وہ زیادہ لائق ہے کہ اس کے حق کو پورا کیا جائے۔