کتاب 31: باب النَّذْرِ فِيمَا لاَ يَمْلِكُ وَفِي مَعْصِيَةٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6700
ابو عاصم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے طلحہ بن عبدالملک سے، طلحہ نے قاسم (بن محمد) سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: نبی ﷺ نے فرمایا: جو اللہ کی فرمانبرداری کرنے کی نذر مانے تو چاہیئے کہ اُس کی فرمانبرداری کرے اور جو اس کی نافرمانی کرنے کی نذر مانے تو اُس کی نافرمانی نہ کرے۔
صحیح بخاری 6701
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ نے حمید سے، حمید نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ تو اس سے بے نیاز ہے جو یہ شخص اپنے تئیں تکلیف دے رہا ہے۔ اور آپؐ نے اس کو اپنے دو بیٹوں کے درمیان سہارا لئے جاتے ہوئے دیکھا۔ اور فزاری نے بھی اس حدیث کو حمید سے نقل کیا، کہا: ثابت نے مجھ سے بیان کیا۔ ثابت نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔
صحیح بخاری 6702
ابو عاصم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے سلیمان احوَل سے، سلیمان نے طاؤس سے، طاؤس نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ایک شخص کو دیکھا جو ڈوریا کسی اور چیز سے بندھا ہوا کعبہ کا طواف کر رہا تھا۔ آپؐ نے اس کو کاٹ دیا۔
صحیح بخاری 6703
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے انہیں خبر دی، کہا: سلیمان احوَل نے مجھے بتایا کہ طاؤس نے ان سے بیان کیا۔ طاؤس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ جبکہ آپؐ کعبہ کا طواف کر رہے تھے ایک انسان کے پاس سے گزرے جو دوسرے انسان کو ایک ڈور سے کھینچے لئے جا رہا تھا جو اُس کے ناک میں ڈالی ہوئی تھی۔ نبی ﷺ نے اس ڈور کو اپنے ہاتھ سے کاٹ ڈالا۔ پھر آپؐ نے اس سے فرمایا: اپنے ہاتھ سے پکڑ کر اس کو لے جاؤ۔
صحیح بخاری 6704
قَالَ عَبْدُ الْوَهَّابِ حَدَّثَنَا أَيُّوبُ عَنْ عِكْرِمَةَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم.
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ وُہَیب (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک بار نبی ﷺ لوگوں سے مخاطب تھے۔ آپؐ نے کیا دیکھا کہ ایک شخص کھڑا ہے۔ آپؐ نے اس کے متعلق پوچھا۔ لوگوں نے کہا: یہ ابواسرائیل ہے۔ اس نے یہ منت مانی ہے کہ کھڑا رہے گا اور بیٹھے گا نہیں اور نہ ہی سائے میں آئے گا اور نہ کوئی بات کرے گا اور روزہ رکھے گا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس سے کہو کہ وہ بات کرے اور سایہ میں بھی جائے اور بیٹھے بھی اور اپنا روزہ پورا کرے۔ عبدالوھاب (ثقفی) نے یوں سند بیان کی کہ ہم سے ایوب نے بیان کیا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔