کتاب 32: باب مَنْ نَذَرَ أَنْ يَصُومَ أَيَّامًا فَوَافَقَ النَّحْرَ أَوِ الْفِطْرَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6705
محمد بن ابی بکر مقدمی نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا۔ حکیم بن ابی حرہ اسلمی نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ ان سے کسی نے ایسے شخص کے متعلق پوچھا جو یہ منت مانے کہ اس پر فلاں دن جب بھی آئے گا تو وہ ضرور ہی روزہ رکھے گا اور پھر اتفاق سے اس دن عید الاضحیٰ یا عید الفطر ہو۔ تو حضرت عبداللہ نے کہا: رسول اللہ ﷺ میں تمہارے لئے عمدہ نمونہ ہے۔ آپؐ عید الاضحیٰ اور عید الفطر کے دن روزہ نہیں رکھتے تھے اور نہ ہی ان دنوں روزہ رکھنا مناسب سمجھتے تھے۔
صحیح بخاری 6706
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے زیاد بن جبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت ابن عمرؓ کے ساتھ تھا تو ایک شخص نے ان سے مسئلہ پوچھا۔ کہا کہ میں نے یہ نذر مانی تھی کہ ہر منگل یا بدھ کو جب تک کہ زندہ رہوں روزہ رکھوں گا۔ اتفاق سے میں نے اس دن عید الاضحیٰ کو پایا۔ انہوں نے کہا: اللہ نے نذر کے پورا کرنے کا حکم دیا ہے اور ہمیں عید الاضحیٰ کے دن روزہ رکھنے سے روکا گیا ہے۔ اُس نے ان سے پوچھا تو حضرت عبداللہؓ نے وہی جواب دیا، اس سے زیادہ اس کو نہیں بتاتے تھے۔