کتاب 84: كتاب كفارات الأيمان
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6708
وَأَخْبَرَنِي ابْنُ عَوْنٍ عَنْ أَيُّوبَ قَالَ صِيَامُ ثَلاَثَةِ أَيَّامٍ وَالنُّسُكُ شَاةٌ وَالْمَسَاكِينُ سِتَّةٌ.
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابو شہاب (عبد ربہ بن نافع) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) ابن عون سے، ابن عون نے مجاہد سے، مجاہد نے عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ سے، عبدالرحمٰن نے حضرت کعب بن عجرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں آپؐ کے یعنی نبی ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ نے فرمایا: نزدیک آؤ تو میں نزدیک ہوا۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تمہیں تمہاری جوئیں تکلیف دیتی ہیں؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: فدیہ دینا ہوگا روزوں سے یا صدقہ سے یا قربانی سے۔ اور ابن عون نے مجھے ایوب سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کہا: روزے تین دن کے ہیں اور قربانی ایک بکری کی اور جن مسکینوں کو کھانا کھلایا جائے وہ چھ ہوں۔
صحیح بخاری 6709
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے یہ حدیث زُہری کے منہ سے سنی۔ وہ حُمید بن عبدالرحمٰن سے، حُمید حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کرتے تھے۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میں ہلاک ہو گیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں کیا ہوا؟ کہنے لگا: میں رمضان میں اپنی بیوی سے جماع کر بیٹھا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم ایک گردن آزاد کر سکتے ہو؟ اُس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم دو مہینے لگاتار روزے رکھ سکتے ہو؟ اُس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو کیا ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا سکتے ہو؟ اُس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: بیٹھ جاؤ اور وہ بیٹھ گیا۔ اتنے میں نبی ﷺ کے پاس ایک بڑی زنبیل (ٹوکری) لائی گئی جس میں کھجوریں تھیں۔ اور عَرَق ایک بڑی ماپنے کی زنبیل ہوتی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اسے لو اور اس کو صدقہ میں دے دو۔ وہ کہنے لگا: کیا میں اُس کو دوں جو مجھ سے زیادہ محتاج ہو؟ یہ سن کر نبی ﷺ اتنا ہنسے کہ آپؐ کے دانت دکھائی دئیے۔ آپؐ نے فرمایا: اپنے بال بچوں کو یہ کھلاؤ۔
صحیح بخاری 6710
محمد بن محبوب نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے زُہری سے، زُہری نے حُمَید بن عبدالرحمٰن سے، حُمَید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہا: میں ہلاک ہو گیا۔ آپؐ نے فرمایا: تجھے کیا ہوا؟ کہنے لگا: میں رمضان میں اپنی بیوی سے جماع کر بیٹھا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم ایک گردن آزاد کر سکتے ہو؟ اُس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا دو مہینے لگاتار روزے رکھ سکتے ہو؟ کہنے لگا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر کیا ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا سکتے ہو؟ اُس نے کہا: نہیں۔ (حضرت ابوہریرہؓ) کہتے تھے: اتنے میں ایک انصاری شخص ایک زنبیل لے کر آیا۔ اور زنبیل ایک پیمانہ ہے، اُس میں کھجوریں تھیں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ لے جاؤ اور اسے صدقہ میں دے دو۔ وہ بولا: یا رسول اللہ! کیا اُس کو جو مجھ سے زیادہ محتاج ہو؟ اس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو سچائی کے ساتھ بھیجا۔ مدینہ کے دونوں کناروں کے درمیان کوئی بھی گھروالے ایسے نہیں جو ہم سے زیادہ محتاج ہوں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: جاؤ اپنے گھر والوں کو یہ کھلاؤ۔
صحیح بخاری 6711
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے، زہری نے حمید سے، حمید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میں ہلاک ہوگیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں کیا ہوا؟ بولا۔ رمضان میں مَیں اپنی بیوی سے جماع کر بیٹھا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم اتنی طاقت رکھتے ہو کہ ایک گردن کو آزاد کرو؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو کیا دو مہینے لگاتار روزے رکھ سکتے ہو؟ اُس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو کیا پھر ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا سکتے ہو؟ کہنے لگا: میں اتنی طاقت نہیں رکھتا۔ اتنے میں نبی ﷺ کے پاس ایک زنبیل لائی گئی جس میں کھجوریں تھیں۔ آپؐ نے فرمایا: اسے لے لو اور اسے صدقہ میں دے دو۔ اس نے پوچھا: کیا اُس کو جو ہم سے زیادہ محتاج ہو؟ مدینہ کے دونوں کناروں کے درمیان ہم سے زیادہ محتاج کوئی نہیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اسے لے لو اور اپنے گھر والوں کو یہ کھلاؤ۔
صحیح بخاری 6712
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ قاسم بن مالک مزنی نے ہمیں بتایا۔ جُعَید بن عبدالرحمٰن نے ہم سے بیان کیا۔ جعید نے حضرت سائب بن یزیدؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کے زمانہ میں صاع ایک مُدّ اور تہائی مد ہوا کرتا تھا، وہی تمہارا مُد جو آج کل ہے۔ پھر عمر بن عبدالعزیز کے زمانہ میں اس صاع کو بڑھا دیا گیا۔
صحیح بخاری 6713
قَالَ أَبُو قُتَيْبَةَ قَالَ لَنَا مَالِكٌ مُدُّنَا أَعْظَمُ مِنْ مُدِّكُمْ وَلاَ نَرَى الْفَضْلَ إِلاَّ فِي مُدِّ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم. وَقَالَ لِي مَالِكٌ لَوْ جَاءَكُمْ أَمِيرٌ فَضَرَبَ مُدًّا أَصْغَرَ مِنْ مُدِّ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم بِأَىِّ شَىْءٍ كُنْتُمْ تُعْطُونَ قُلْتُ كُنَّا نُعْطِي بِمُدِّ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ أَفَلاَ تَرَى أَنَّ الأَمْرَ إِنَّمَا يَعُودُ إِلَى مُدِّ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم.
منذر بن ولید جارودی نے ہم سے بیان کیا کہ ابو قتیبہ نے ہمیں بتایا اور یہ سَلم (شعیری) ہی ہیں۔ مالک نے ہم سے بیان کیا۔ مالک نے نافع سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عمرؓ رمضان کی زکوٰة نبی ﷺ کے مُد سے ماپ کر دیا کرتے تھے، وہی مد جو پہلے ہوا کرتا تھا اور نیز قسم کے کفارہ میں بھی نبی ﷺ کے مد سے ماپ کر دیا کرتے تھے۔ ابو قتیبہ نے (اسی سند سے) کہا: مالک نے ہمیں بتایا کہ ہمارا مُدّ تمہارے مد سے بڑا ہے اور ہم تو نبی ﷺ کے ہی مد میں برکت سمجھتے ہیں اور مالک نے مجھ سے کہا: اگر تمہارے پاس کوئی امیر آئے اور وہ نبی ﷺ کے مد سے چھوٹا مد مقرر کرے تو تم کس مد سے ماپ کرتے؟ میں نے کہا: ہم تو نبی ﷺ کے مد سے ماپ کر دیتے۔ تو انہوں نے کہا: تو پھر کیا ہم نہ سمجھیں کہ اصل معاملہ نبی ﷺ کے مد پر ہی دارومدار رکھتا ہے۔
صحیح بخاری 6714
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحاق نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے اللہ! ان کے ماپ اور صاع اور مد میں برکت دیجیو۔
صحیح بخاری 6715
محمد بن عبدالرحیم نے ہم سے بیان کیا کہ داؤد بن رشید نے ہمیں بتایا۔ ولید بن مسلم نے ہم سے بیان کیا۔ ولید نے ابو غسان محمد بن مطرف سے، ابو غسان نے زید بن اسلم سے، زید نے علی بن حسین سے، علی نے سعید بن مرجانہ سے، سعید نے حضرت ابو ہریرہؓ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے مسلمان گردن کو آزاد کیا اللہ اُس کے ہر ایک عضو کے بدلے میں اُس کا ایک ایک عضو آگ سے آزاد کر دے گا یہاں تک کہ اس کی شرمگاہ کو بھی اس کی شرمگاہ کے بدلہ میں (آگ سے رہائی دے گا۔)
صحیح بخاری 6716
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے حضرت جابرؓ سے روایت کی کہ انصار میں سے ایک شخص نے (کہا) میری موت کے بعد میرا غلام آزاد ہو گا اور اس کے پاس اُس کے سوا اور کوئی جائیداد نہ تھی۔ نبی ﷺ کو یہ خبر پہنچی۔ آپؐ نے فرمایا: مجھ سے یہ غلام کون خریدے گا؟ تو نعیم بن نحام نے اُسے آٹھ سو درہم میں خرید لیا۔ (عمرو بن دینار کہتے تھے) میں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: یہ ایک قبطی غلام تھا جو پہلے ہی سال مر گیا۔
صحیح بخاری 6717
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حکم (بن عتیبہ) سے، حکم نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے اسوَد (بن یزید) سے، اسوَد نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے بریرہؓ کو خریدنا چاہا تو اُس کے مالکوں نے ان کے سامنے حق وراثت کی شرط پیش کی۔ حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے خرید لو کیونکہ حق وراثت تو اسی کا ہوتا ہے جو آزاد کرے۔
صحیح بخاری 6718
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے غیلان بن جریر سے، غیلان نے ابوبردہ (بن ابی موسیٰ) سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں کچھ اشعریوں کی جماعت کے ساتھ رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا کہ میں آپؐ سے سواری مانگوں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم میں تمہیں سواری نہیں دوں گا، میرے پاس سواری نہیں ہے جس پر میں تمہیں سوار کروں۔ پھر ہم جتنا عرصہ اللہ نے چاہا ٹھہرے رہے۔ اتنے میں کچھ اُونٹ لائے گئے تو آپؐ نے ہمیں تین اُونٹ دینے کے لئے حکم دیا۔ جب ہم چل پڑے تو ہم نے ایک دوسرے سے کہا کہ اللہ ہمیں کبھی برکت نہیں دے گا۔ ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس سواری مانگنے کے لئے آئے تھے تو آپؐ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے اور اب آپؐ نے ہمیں سواری دے دی ہے۔ حضرت ابوموسیٰؓ کہتے تھے: (یہ خیال کر کے) ہم نبی ﷺ کے پاس آئے اور ہم نے آپؐ سے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے نہیں تمہیں سواری دی بلکہ اللہ ہی نے تمہیں سواری دی ہے اور بخدا میں جو بھی ایسی قسم کھاؤں پھر اس کے سوا کسی اور بات کو بہتر سمجھوں تو انشاء اللہ ضرور اپنی قسم کا کفارہ ادا کر دوں اور وہی کروں جو بہتر ہو۔
صحیح بخاری 6719
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں (یہی) بتایا اور یوں کہا: تو ضرور ہی اپنی قسم کا کفارہ دے دوں اور وہی کروں جو بہتر ہو یا (کہا:) وہی کروں جو بہتر ہو اور کفارہ دوں۔
صحیح بخاری 6720
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن حُجیر سے، ہشام نے طاؤس سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت سلیمانؑ نے کہا: آج رات میں نوے بیویوں کے پاس سے ہو آؤں گا۔ ہر بیوی ایک لڑکا جنے گی جو اللہ کی راہ میں جہاد کرے گا۔ تو حضرت سلیمانؑ کے ساتھی نے اُن سے کہا، سفیان کہتے تھے: یعنی فرشتہ نے (کہا) انشاء اللہ کہو مگر وہ بھول گئے اور ان بیویوں کے پاس گئے۔ ان میں سے کسی بیوی نے بھی بچہ نہ جنا مگر ایک بیوی نے اور وہ بھی ادھورا بچہ۔ حضرت ابوہریرہؓ اس حدیث کو روایت کرتے ہوئے کہتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: اگر انشاء اللہ کہتے تو ان کی قسم نہ ٹوٹتی اور وہ قسم ان کی حاجت براری کر دیتی۔ اور کبھی (حضرت ابوہریرہؓ نے) یوں کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر حضرت سلیمانؑ استثناء کرتے ہوئے کہتے۔ اور ابو الزناد نے اعرج سے روایت کرتے ہوئے حضرت ابوہریرہؓ کی حدیث کی طرح ہی ہمیں بتایا۔
صحیح بخاری 6721
تَابَعَهُ حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ عَنْ أَيُّوبَ عَنْ أَبِي قِلاَبَةَ وَالْقَاسِمِ بْنِ عَاصِمٍ الْكُلَيْبِيِّ.
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَهَّابِ عَنْ أَيُّوبَ عَنْ أَبِي قِلاَبَةَ وَالْقَاسِمِ التَّمِيمِيِّ عَنْ زَهْدَمٍ بِهَذَا.
حَدَّثَنَا أَبُو مَعْمَرٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَارِثِ حَدَّثَنَا أَيُّوبُ عَنِ الْقَاسِمِ عَنْ زَهْدَمٍ بِهَذَا.
علی بن حجر نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے قاسم تمیمی سے، قاسم نے زہدم جرمی سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت ابوموسیٰؓ کے پاس تھے اور ہمارے اور جَرم کے اس قبیلہ کے درمیان برادری اور راہ و رسم تھی۔ (زہدم نے) کہا: اتنے میں کھانا سامنے رکھا گیا۔ کہا: اور اس کھانے میں مرغی کا گوشت بھی رکھا گیا۔ کہا: اور ان لوگوں میں بنو تیم اللہ سے ایک شخص تھا جو سرخ رنگ کا تھا جیسے کہ وہ کوئی غلام ہے۔ کہا: وہ کھانے کے قریب نہ آیا۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے اس سے کہا: آگے آؤ کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ بھی اس کا گوشت کھایا کرتے تھے۔ وہ بولا: میں نے اس کو کچھ کھاتے دیکھا، مجھے اس سے کراہت ہوئی اور میں نے قسم کھائی کہ میں اس کو کبھی نہیں کھاؤں گا۔ (حضرت ابوموسیٰؓ نے) کہا: آگے آؤ میں تمہیں اس (قسم) کے متعلق بتاتا ہوں۔ ہم اشعریوں کی ایک جماعت کے ساتھ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے کہ آپؐ سے سواری مانگیں اور اس وقت آپؐ صدقہ کے اونٹوں میں سے کچھ اونٹ تقسیم کر رہے تھے۔ ایوب نے کہا: میں سمجھتا ہوں کہ (حضرت ابوموسیٰؓ نے) یہ بھی کہا: اور آپؐ اس وقت ناراض تھے، آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم! میں تم کو سواری نہیں دوں گا اور میرے پاس سواری ہے بھی نہیں کہ جس پر میں تمہیں سوار کروں۔ (حضرت ابوموسیٰؓ) کہتے تھے: ہم (یہ سن کر) چلے گئے۔ پھر رسول اللہ ﷺ کے پاس غنیمت کے کچھ اونٹ آئے۔ کہا گیا: یہ اشعری لوگ کہاں ہیں؟ یہ اشعری لوگ کہاں ہیں؟ ہم آئے اور آپؐ نے ہمیں پانچ اونٹ جو سفید کہان والے تھے دینے کا حکم دیا۔ (حضرت ابوموسیٰؓ) کہتے تھے: ہم یہ لے کر جلدی سے چل پڑے۔ میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے تھے کہ آپؐ سے سواری مانگیں اور آپؐ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے، پھر آپؐ نے ہمیں بلا بھیجا اور سواریاں دیں۔ رسول اللہ ﷺ اپنی قسم بھول گئے۔ اللہ کی قسم اگر ہم نے رسول اللہﷺ کو آپؐ کی قسم کے متعلق غفلت میں ہی رہنے دیا تو ہم کبھی بھی بامراد نہیں ہوں گے۔ چلو ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس واپس جائیں اور آپؐ کو آپؐ کی قسم یاد دلائیں۔ چنانچہ ہم لوٹے اور ہم نے کہا: یا رسول اللہ! ہم آپؐ کے پاس آپؐ سے سواری مانگنے کے لئے آئے تھے، آپؐ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے پھر آپؐ نے ہمیں یہ سواریاں دے دی ہیں۔ ہم نے خیال کیا یا ہم سمجھے کہ آپؐ اپنی قسم بھول گئے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تم روانہ ہو جاؤ کیونکہ اللہ ہی نے تمہیں سواریاں دی ہیں۔ اللہ کی قسم میں جو بھی ایسی قسم کھا بیٹھوں کہ پھر میں اس کے سوا کسی اور بات کو بہتر سمجھوں تو انشاء اللہ ضرور ہی وہ کروں جو بہتر ہو اور کفارہ دے کر اس قسم سے آزاد ہوجاؤں۔ (اسماعیل کی طرح) اس حدیث کو حماد بن زید نے بھی ایوب سے روایت کیا۔ ایوب نے ابوقلابہ اور قاسم بن عاصم کلیبی سے روایت کی۔ قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ اور قاسم تمیمی سے، ان دونوں نے زہدم سے یہی حدیث روایت کی۔ ابومعمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے قاسم سے، قاسم نے زہدم سے روایت کرتے ہوئے یہی حدیث بیان کی۔
صحیح بخاری 6722
تَابَعَهُ أَشْهَلُ عَنِ ابْنِ عَوْنٍ.
وَتَابَعَهُ يُونُسُ وَسِمَاكُ بْنُ عَطِيَّةَ وَسِمَاكُ بْنُ حَرْبٍ وَحُمَيْدٌ وَقَتَادَةُ وَمَنْصُورٌ وَهِشَامٌ وَالرَّبِيعُ.
محمد بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہ عثمان بن عمر بن فارس نے ہمیں بتایا۔ ابن عون نے ہمیں خبر دی۔ ابن عون نے حسن (بصری) سے، حسن نے حضرت عبدالرحمٰن بن سمرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم حکومت نہ مانگنا کیونکہ اگر تم بغیر مانگنے کے دئیے گئے تو اس کے انتظام کرنے میں تمہاری مدد کی جائے گی اور اگر مانگنے پر تمہیں دی گئی تو تجھے اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور اگر تم کوئی ایسی قسم کھا بیٹھو کہ پھر اس کے سوا کسی اور بات کو بہتر سمجھو تو اسی کو کرو جو بہتر ہو اور اپنی قسم کا کفارہ دے دو۔
(عثمان بن عمر کی طرح) اشہل (بن حاتم) نے بھی ابن عون سے روایت کرتے ہوئے یہ حدیث بیان کی۔
اور ان کی طرح یونس اور سماک بن عطیہ اور سماک بن حرب اور حمید اور قتادہ اور منصور اور ہشام اور ربیع نے بھی اسے روایت کیا۔