کتاب 2: بَابُ قَوْلِهِ تَعَالَى: {قَدْ فَرَضَ اللَّهُ لَكُمْ تَحِلَّةَ أَيْمَانِكُمْ وَاللَّهُ مَوْلاَكُمْ وَهْوَ الْعَلِيمُ الْحَكِيمُ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6709
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے یہ حدیث زُہری کے منہ سے سنی۔ وہ حُمید بن عبدالرحمٰن سے، حُمید حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کرتے تھے۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میں ہلاک ہو گیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں کیا ہوا؟ کہنے لگا: میں رمضان میں اپنی بیوی سے جماع کر بیٹھا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم ایک گردن آزاد کر سکتے ہو؟ اُس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم دو مہینے لگاتار روزے رکھ سکتے ہو؟ اُس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو کیا ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا سکتے ہو؟ اُس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: بیٹھ جاؤ اور وہ بیٹھ گیا۔ اتنے میں نبی ﷺ کے پاس ایک بڑی زنبیل (ٹوکری) لائی گئی جس میں کھجوریں تھیں۔ اور عَرَق ایک بڑی ماپنے کی زنبیل ہوتی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اسے لو اور اس کو صدقہ میں دے دو۔ وہ کہنے لگا: کیا میں اُس کو دوں جو مجھ سے زیادہ محتاج ہو؟ یہ سن کر نبی ﷺ اتنا ہنسے کہ آپؐ کے دانت دکھائی دئیے۔ آپؐ نے فرمایا: اپنے بال بچوں کو یہ کھلاؤ۔