کتاب 3: باب مَنْ أَعَانَ الْمُعْسِرَ فِي الْكَفَّارَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6710
محمد بن محبوب نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے زُہری سے، زُہری نے حُمَید بن عبدالرحمٰن سے، حُمَید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہا: میں ہلاک ہو گیا۔ آپؐ نے فرمایا: تجھے کیا ہوا؟ کہنے لگا: میں رمضان میں اپنی بیوی سے جماع کر بیٹھا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم ایک گردن آزاد کر سکتے ہو؟ اُس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا دو مہینے لگاتار روزے رکھ سکتے ہو؟ کہنے لگا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر کیا ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا سکتے ہو؟ اُس نے کہا: نہیں۔ (حضرت ابوہریرہؓ) کہتے تھے: اتنے میں ایک انصاری شخص ایک زنبیل لے کر آیا۔ اور زنبیل ایک پیمانہ ہے، اُس میں کھجوریں تھیں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ لے جاؤ اور اسے صدقہ میں دے دو۔ وہ بولا: یا رسول اللہ! کیا اُس کو جو مجھ سے زیادہ محتاج ہو؟ اس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو سچائی کے ساتھ بھیجا۔ مدینہ کے دونوں کناروں کے درمیان کوئی بھی گھروالے ایسے نہیں جو ہم سے زیادہ محتاج ہوں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: جاؤ اپنے گھر والوں کو یہ کھلاؤ۔