کتاب 4: باب يُعْطِي فِي الْكَفَّارَةِ عَشَرَةَ مَسَاكِينَ، قَرِيبًا كَانَ أَوْ بَعِيدًا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6711
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے، زہری نے حمید سے، حمید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میں ہلاک ہوگیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں کیا ہوا؟ بولا۔ رمضان میں مَیں اپنی بیوی سے جماع کر بیٹھا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم اتنی طاقت رکھتے ہو کہ ایک گردن کو آزاد کرو؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو کیا دو مہینے لگاتار روزے رکھ سکتے ہو؟ اُس نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو کیا پھر ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا سکتے ہو؟ کہنے لگا: میں اتنی طاقت نہیں رکھتا۔ اتنے میں نبی ﷺ کے پاس ایک زنبیل لائی گئی جس میں کھجوریں تھیں۔ آپؐ نے فرمایا: اسے لے لو اور اسے صدقہ میں دے دو۔ اس نے پوچھا: کیا اُس کو جو ہم سے زیادہ محتاج ہو؟ مدینہ کے دونوں کناروں کے درمیان ہم سے زیادہ محتاج کوئی نہیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اسے لے لو اور اپنے گھر والوں کو یہ کھلاؤ۔