کتاب 9: باب الاِسْتِثْنَاءِ فِي الأَيْمَانِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6718
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے غیلان بن جریر سے، غیلان نے ابوبردہ (بن ابی موسیٰ) سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں کچھ اشعریوں کی جماعت کے ساتھ رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا کہ میں آپؐ سے سواری مانگوں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم میں تمہیں سواری نہیں دوں گا، میرے پاس سواری نہیں ہے جس پر میں تمہیں سوار کروں۔ پھر ہم جتنا عرصہ اللہ نے چاہا ٹھہرے رہے۔ اتنے میں کچھ اُونٹ لائے گئے تو آپؐ نے ہمیں تین اُونٹ دینے کے لئے حکم دیا۔ جب ہم چل پڑے تو ہم نے ایک دوسرے سے کہا کہ اللہ ہمیں کبھی برکت نہیں دے گا۔ ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس سواری مانگنے کے لئے آئے تھے تو آپؐ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے اور اب آپؐ نے ہمیں سواری دے دی ہے۔ حضرت ابوموسیٰؓ کہتے تھے: (یہ خیال کر کے) ہم نبی ﷺ کے پاس آئے اور ہم نے آپؐ سے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے نہیں تمہیں سواری دی بلکہ اللہ ہی نے تمہیں سواری دی ہے اور بخدا میں جو بھی ایسی قسم کھاؤں پھر اس کے سوا کسی اور بات کو بہتر سمجھوں تو انشاء اللہ ضرور اپنی قسم کا کفارہ ادا کر دوں اور وہی کروں جو بہتر ہو۔
صحیح بخاری 6719
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں (یہی) بتایا اور یوں کہا: تو ضرور ہی اپنی قسم کا کفارہ دے دوں اور وہی کروں جو بہتر ہو یا (کہا:) وہی کروں جو بہتر ہو اور کفارہ دوں۔
صحیح بخاری 6720
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن حُجیر سے، ہشام نے طاؤس سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت سلیمانؑ نے کہا: آج رات میں نوے بیویوں کے پاس سے ہو آؤں گا۔ ہر بیوی ایک لڑکا جنے گی جو اللہ کی راہ میں جہاد کرے گا۔ تو حضرت سلیمانؑ کے ساتھی نے اُن سے کہا، سفیان کہتے تھے: یعنی فرشتہ نے (کہا) انشاء اللہ کہو مگر وہ بھول گئے اور ان بیویوں کے پاس گئے۔ ان میں سے کسی بیوی نے بھی بچہ نہ جنا مگر ایک بیوی نے اور وہ بھی ادھورا بچہ۔ حضرت ابوہریرہؓ اس حدیث کو روایت کرتے ہوئے کہتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: اگر انشاء اللہ کہتے تو ان کی قسم نہ ٹوٹتی اور وہ قسم ان کی حاجت براری کر دیتی۔ اور کبھی (حضرت ابوہریرہؓ نے) یوں کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر حضرت سلیمانؑ استثناء کرتے ہوئے کہتے۔ اور ابو الزناد نے اعرج سے روایت کرتے ہوئے حضرت ابوہریرہؓ کی حدیث کی طرح ہی ہمیں بتایا۔