باب 22: باب إِذَا أَسْلَمَ عَلَى يَدَيْهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6757
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ حضرت عائشہ اُم المؤمنینؓ چاہتی تھیں کہ ایک لونڈی خرید کر اس کو آزاد کریں۔ اس کے مالکوں نے کہا: ہم یہ اس شرط پر بیچ دیتے ہیں کہ اس کا حق وراثت ہمارا ہوگا تو حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: ان کی یہ بات تمہیں نہ روکے کیونکہ حق وراثت اسی کا ہوتا ہے جس نے آزاد کیا۔
صحیح بخاری 6758
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے اسود (بن یزید) سے، اسود نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ بیان کرتی تھیں: میں نے بریرہؓ کو خریدا تو اُس کے مالکوں نے اس کے حق وراثت کو مشروط رکھا۔ میں نے نبی ﷺ سے ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو آزاد کر دو کیونکہ حق وراثت اس کا ہوتا ہے جو چاندی دے۔ (آزاد کرنے کی قیمت۔) فرماتی تھیں: تو میں نے اس کو آزاد کیا۔ فرماتی تھیں: پھر رسول اللہ ﷺ نے اُس کو بلایا اور اسے اس کے خاوند کے متعلق اختیار دیا۔ وہ کہنے لگی: اگر وہ مجھے اتنا اتنا مال بھی دے میں اس کے پاس رات بھی نہ رہوں گی۔ اس لئے اس نے اپنے تئیں اختیار کیا۔ راوی نے کہا: اور اس کا خاوند آزاد تھا۔