کتاب 28: باب مَنِ ادَّعَى أَخًا أَوِ ابْنَ أَخٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6765
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت سعد بن ابی وقاصؓ اور عبد بن زمعہ نے ایک لڑکے کے متعلق جھگڑا کیا۔ سعد نے کہا: یا رسول اللہ! یہ میرے بھائی عتبہ بن ابی وقاص کا بیٹا ہے، وہ مجھے وصیت کر گیا تھا کہ یہ اس کا بیٹا ہے، آپؐ اس کی مشابہت کو دیکھیں اور عبد بن زمعہ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ میرا بھائی ہے۔ میرے باپ کے بچھونے پر ان کی لونڈی سے پیدا ہوا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کی مشابہت کو دیکھا تو عتبہ سے واضح طور پر ملتے جلتے دیکھا۔ آپؐ نے فرمایا: عبد بن زمعہ یہ تمہارا ہی ہے۔ بچہ اسی کا ہوتا ہے جس کے بستر پر جنا گیا ہو اور زانی کو پتھر پڑتے ہیں۔ سودہ بنت زمعہؓ تم اس سے پردہ کیا کرو۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: اس کے بعد اس نے حضرت سودہؓ کو کبھی نہیں دیکھا۔