کتاب 30: باب إِذَا ادَّعَتِ الْمَرْأَةُ ابْنًا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6769
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا، کہا: ابوالزناد نے ہم سے بیان کیا۔ ابوالزناد نے عبدالرحمٰن سے، عبدالرحمٰن نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دو عورتیں تھیں۔ ان کے ساتھ ان کے دو بیٹے بھی تھے۔ بھیڑیا آیا اور ان میں سے ایک کا بیٹا لے گیا، اس نے اپنی ساتھی سے کہا: وہ تمہارا بیٹا لے گیا ہے۔ دوسری نے کہا: وہ تو تمہارا بیٹا لے گیا ہے۔ چنانچہ وہ دونوں اپنا جھگڑا فیصلہ کے لئے حضرت داؤد علیہ السلام کے پاس لائیں تو انہوں نے بڑی عورت کو بچہ دئے جانے کا فیصلہ کیا۔ وہ وہاں سے نکل کر حضرت سلیمان بن داؤد علیہما السلام کے پاس آئیں اور ان سے اپنا حال بیان کیا۔ تو حضرت سلیمانؑ نے کہا: میرے پاس چھری لاؤ، میں اس بچے کو چیر کر ان دونوں کے درمیان تقسیم کر دیتا ہوں۔ چھوٹی عورت بولی: اللہ آپؑ پر رحم کرے، ایسا نہ کرنا، یہ اسی کا لڑکا ہے۔ اس پر حضرت سلیمانؑ نے چھوٹی کو وہ بچہ دینے کا فیصلہ کیا۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: اللہ کی قسم! میں نے سکین کا لفظ کبھی نہیں سنا تھا۔ صرف اسی دن سنا اور ہم چھری کو مُدیہ ہی کہا کرتے تھے۔