کتاب 13: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَالسَّارِقُ وَالسَّارِقَةُ فَاقْطَعُوا أَيْدِيَهُمَا}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6789
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عمرہ سے، عمرہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: چوتھائی دینار یا اس سے زیادہ چرانے کی وجہ سے ہاتھ کاٹا جائے۔ (ابراہیم بن سعد کی طرح) عبدالرحمٰن بن خالد اور زہری کے بھتیجے اور معمر نے بھی زہری سے اِسے روایت کیا۔
صحیح بخاری 6790
اسماعیل بن ابی اویس نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے ابن وہب سے، اِبن وہب نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر اور عمرہ سے، ان دونوں نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: چوتھائی دینار کی وجہ سے بھی چور کا ہاتھ کاٹا جائے۔
صحیح بخاری 6791
عمران بن میسرہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ حسین (معلم) نے ہم سے بیان کیا۔ حسین نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے محمد بن عبدالرحمٰن انصاری سے، اُنہوں نے عمرہ بنت عبدالرحمٰن سے روایت کی کہ عمرہ نے اُن سے یہ بیان کیا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے اُنہیں بتایا : نبی ﷺ سے روایت ہے آپؐ نے فرمایا: چوتھائی دینار کی وجہ سے بھی ہاتھ کاٹا جائے۔
صحیح بخاری 6792
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ حضرت عائشہؓ نے مجھے بتایا کہ نبی ﷺ کے زمانہ میں چور کا ہاتھ صرف ڈھال کی قیمت کے بدلے میں ہی کاٹا گیا تھا۔ چمڑے کی ڈھال ہو یا لوہے کی ڈھال۔ عثمان (بن ابی شیبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ حمید بن عبدالرحمٰن نے ہمیں بتایا۔ ہشام نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے اسی طرح روایت کیا۔
صحیح بخاری 6793
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ ہشام بن عروہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ فرماتی تھیں: چمڑے کی ڈھال یا لوہے کی ڈھال سے کم قیمت کی چیز میں چور کا ہاتھ نہیں کاٹا جاتا تھا۔ اِن میں سے ہر ایک ڈھال قیمتی ہوتی۔ اس حدیث کو وکیع اور ابن ادریس نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے مُرسل روایت کیا۔
صحیح بخاری 6794
یوسف بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواُسامہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہشام بن عروہ نے ہمیں خبر دی۔ اُنہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں کہ نبی ﷺ کے زمانہ میں ڈھال کی قیمت سے کم میں چور کا ہاتھ نہیں کاٹا گیا خواہ وہ لوہے کی ڈھال ہو یا چمڑے کی ڈھال اور ان میں سے ہر ایک قیمتی تھی۔
صحیح بخاری 6795
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک بن انس نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے غلام نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک ڈھال کی وجہ سے ہاتھ کاٹا جس کی قیمت تین درہم تھی۔ (مالک کی طرح) محمد بن اسحاق نے بھی اس کو روایت کیا اور لیث نے کہا: مجھ سے نافع نے (بجائے ثَمَنُهُ کے) قِيمَتُهُ بیان کیا۔
صحیح بخاری 6796
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی وہ کہتے تھے: نبیﷺ نے ایک ڈھال کی وجہ سے ہاتھ کاٹا جس کی قیمت تین درہم تھی۔
صحیح بخاری 6797
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے کہا: نافع نے مجھ سے بیان کیا۔ نافع نے حضرت عبداللہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک ڈھال کی وجہ سے ہاتھ کاٹا جس کی قیمت تین درہم تھی۔
صحیح بخاری 6798
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا کہ ابو ضمرہ نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا۔ موسیٰ نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک ڈھال کی وجہ سے کہ جس کی قیمت تین درہم تھی ایک چور کا ہاتھ کاٹا۔ محمد بن اسحاق نے بھی اس کو روایت کیا اور لیث نے کہا: مجھ سے نافع نے (بجائے ثَمَنُهُ کے) قِيمَتُهُ بیان کیا۔
صحیح بخاری 6799
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے کہا: میں نے ابو صالح سے سنا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ چور کو اپنی رحمت سے دور کرے۔ وہ انڈا چراتا ہے تو اس کا ہاتھ کاٹا جاتا ہے اور رسّی چراتا ہے تو اس کا ہاتھ کاٹا جاتا ہے۔