کتاب 14: باب تَوْبَةِ السَّارِقِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6800
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: ابن وہب نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ایک عورت کا ہاتھ کاٹا۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: اور اِس کے بعد وہ آیا کرتی تو میں اس کی ضرورت کو نبی ﷺ کے سامنے پیش کرتی اس نے توبہ کی تھی اور اس کی توبہ اچھی طرح ہوئی۔
صحیح بخاری 6801
عبداللہ بن محمد (جعفی) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زہری سے، زہری نے ابوادریس (خولانی) سے، ابوادریس نے حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ایک جماعت کے ساتھ میں نے رسول اللہ ﷺ سے بیعت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم سے اس بات کی بیعت لیتا ہوں کہ تم کسی چیز کو بھی اللہ کا شریک نہ ٹھہراؤ اور نہ تم چوری کرو اور نہ اپنی اولاد کو قتل کرو اور نہ تم بہتان باندھو جسے تم اپنے سامنے دیکھتے بھالتے گھڑو اور بھلی بات میں میری نافرمانی نہ کرو۔ سو جس نے تم میں سے اس عہد کو پورا کیا تو اس کا اجر اللہ کے ذمہ ہوگا اور جس نے ان میں سے کوئی گناہ کیا اور دنیا میں اس کی وجہ سے اس کو پکڑا گیا تو یہ اس کے لئے کفارہ ہو گا اور اس کو گناہ سے پاک کرنے کا موجب ہو گا اور جس کی اللہ نے پردہ پوشی کی تو اُس کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے اگر چاہے تو اُس کو سزا دے اگر چاہے تو اس کی پردہ داری کرتے ہوئے اس سے درگزر کر دے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اگر چور اپنے ہاتھ کاٹے جانے کے بعد توبہ کرلے تو اس کی شہادت قبول کی جائے گی اور اسی طرح ہر سزا یافتہ جب توبہ کرلے تو اس کی شہادت قبول کی جائے گی۔