کتاب 17: باب لَمْ يُسْقَ الْمُرْتَدُّونَ الْمُحَارِبُونَ حَتَّى مَاتُوا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6804
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے وہیب (بن خالد) سے، وہیب نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: عکل کے کچھ لوگ نبی ﷺ کے پاس آئے وہ صفہ میں ٹھہرے اور اُنہوں نے مدینہ کی آب و ہوا کو ناموافق پایا۔ اُنہوں نے کہا: یا رسول اللہ ہمیں دودھ منگوا دیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تمہارے لیے یہی مناسب پاتا ہوں کہ تم رسول اللہ ﷺ کے اونٹوں میں چلے جاؤ۔ چنانچہ وہ اونٹوں میں آئے اور اُنہوں نے اُن کے دودھ اور پیشاب پیے یہاں تک کہ وہ تندرست ہوگئے اور موٹے ہوگئے اور اُنہوں نے چرواہے کو مار ڈالا اور اونٹ ہانک کر لے گئے۔ اس پر فریادی نبی ﷺ کے پاس پہنچا۔ آپؐ نے تعاقب کرنے والوں کو اُن کے پیچھے بھیج دیا۔ تو ابھی دن اچھی طرح نہیں چڑھا تھا کہ اُن کو لے آئے۔ آپؐ نے سلائیاں گرم کرنے کا حکم دیا جو گرم کی گئیں اور پھر آپؐ نے اُن کی آنکھوں میں پھرائیں اور اُن کے ہاتھ اور پاؤں کٹوا ڈالے اور (خون بند کرنے کے لئے) اُن کو داغا نہیں۔ پھر وہ پتھریلی زمین میں ڈال دئیے گئے، پانی مانگتے تھے اور اُنہیں پانی نہیں دیا گیا یہاں تک کہ اسی طرح مر گئے۔ ابو قلابہ کہتے تھے: اُنہوں نے چوری کی، قتل کیا اور اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کی۔