کتاب 19: باب فَضْلِ مَنْ تَرَكَ الْفَوَاحِشَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6806
محمد بن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ بن عمر سے، عبیداللہ نے خبیب بن عبدالرحمٰن سے، خبیب نے حفص بن عاصم سے، حفص نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا سات آدمی ہیں جنہیں اللہ قیامت کے دن اپنے سایہ میں رکھے گا جس دن کہ اس کے سایہ کے سوا کوئی اور سایہ نہ ہوگا۔ ایک عادل امام اور ایک نوجوان جو اللہ کی عبادت میں جوان ہوا ہو اور ایک وہ شخص جس نے خلوت میں اللہ کا ذکر کیا اور اس کی آنکھیں آنسوؤں سے بہہ پڑیں اور ایک وہ شخص جس کا دل مسجد میں لگا رہتا ہے اور دو وہ شخص جنہوں نے اللہ ہی کے لئے آپس میں محبت رکھی اور ایک وہ شخص جس کو عالی خاندان اور خوبصورت عورت نے اپنے ساتھ بدی کرنے کے لئے بلایا اور اس نے کہا میں اللہ سے ڈرتا ہوں اور ایک وہ شخص جس نے صدقہ کیا اور اس نے اس کو چھپایا یہاں تک کہ اس کا بایاں ہاتھ نہیں جانتا کہ اس کے دائیں ہاتھ نے کیا کیا۔
صحیح بخاری 6807
محمد بن ابی بکر نے ہم سے بیان کیا کہ عمر بن علی نے ہمیں بتایا۔ نیز خلیفہ (بن خیاط) نے مجھ سے بیان کیا کہ عمر بن علی نے ہمیں بتایا۔ ابو حازم نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جو میرے لئے اس چیز کا ضامن ہو جو اس کی دو ٹانگوں کے درمیان ہے اور نیز اس کا جو اس کے دو جبڑوں کے درمیان ہے تو میں اس کے لئے جنت کا ضامن ہوتا ہوں۔