کتاب 26: بَابُ مَنْ أَصَابَ ذَنْبًا دُونَ الْحَدِّ فَأَخْبَرَ الإِمَامَ فَلاَ عُقُوبَةَ عَلَيْهِ بَعْدَ التَّوْبَةِ إِذَا جَاءَ مُسْتَفْتِيًا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6821
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حمید بن عبدالرحمٰن سے، حمید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص رمضان میں اپنی بیوی سے جماع کر بیٹھا۔ پھر اس نے رسول اللہ ﷺ سے مسئلہ پوچھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: کیا تم ایک گردن آزاد کرنے کی طاقت رکھتے ہو؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: کیا تم دو مہینے روزے رکھ سکتے ہو؟ اس نے کہا: نہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: پھر ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلاؤ۔
صحیح بخاری 6822
اور لیث نے عمرو بن حارث سے یوں نقل کیا۔ اُنہوں نے عبدالرحمٰن بن قاسم سے، عبدالرحمٰن نے محمد بن جعفر بن زبیر سے، اُنہوں نے عباد بن عبداللہ بن زبیر سے، عباد نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ ایک شخص مسجد میں نبی ﷺ کے پاس آیا۔ اور کہنے لگا: میں جل گیا۔ آپؐ نے فرمایا: کس سے جل گیا؟ وہ بولا۔ رمضان میں اپنی بیوی سے جماع کر بیٹھا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: صدقہ دو۔ وہ کہنے لگا: میرے پاس تو کچھ نہیں اور یہ کہہ کر بیٹھ گیا اور آپؐ کے پاس ایک شخص گدھا ہانکتے ہوئے آیا۔ اس کے ساتھ کھانے کی کوئی چیز تھی۔ عبدالرحمٰن نے کہا: میں نہیں جانتا کہ وہ کیا چیز تھی۔ نبی ﷺ کے پاس لایا تو آپؐ نے پوچھا: وہ جلنے والا کہاں ہے؟ اس نے کہا: میں یہ ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: اسے لو اور اس کو صدقہ میں دے دو۔ اس نے کہا: کیا اس کو جو مجھ سے زیادہ محتاج ہو ؟ میرے گھر والوں کے پاس تو کھانے کو کوئی چیز نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر تم ہی اسے کھاؤ۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: پہلی حدیث زیادہ واضح ہے یعنی اپنے گھر والوں کو کھلاؤ۔