کتاب 27: باب إِذَا أَقَرَّ بِالْحَدِّ وَلَمْ يُبَيِّنْ، هَلْ لِلإِمَامِ أَنْ يَسْتُرَ عَلَيْهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6823
عبدالقدوس بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن عاصم کلابی نے مجھے بتایا۔ ہمام بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ نے ہمیں بتایا۔ اسحاق نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: میں نبی ﷺ کے پاس تھا کہ اتنے میں ایک شخص آپؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! میں نے ایسا گناہ کیا ہے کہ جس پر شرعی سزا لازم آتی ہے۔ اس لئے آپ مجھے سزا دیں۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: آپؐ نے اس سے اس گناہ کے متعلق نہیں پوچھا۔ کہتے تھے اور نماز کا وقت آ گیا تھا تو اس نے نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھی۔ جب نبی ﷺ نماز پڑھ چکے تو وہ شخص اُٹھ کر آپؐ کے پاس گیا اور کہا: یا رسول اللہ! میں نے ایسا گناہ کیا ہے کہ جس پر شرعی سزا لازم آتی ہے اس لئے آپؐ میرے متعلق اللہ کا حکم نافذ کریں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے ہمارے ساتھ نماز نہیں پڑھی۔ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر اللہ نے تم پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے تمہارے گناہ کو معاف کردیا ہے۔ ذَنْبَكَ کا لفظ فرمایا یا حَدَّكَ کا۔