کتاب 29: باب سُؤَالِ الإِمَامِ الْمُقِرَّ هَلْ أَحْصَنْتَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6825
سعید بن عفیر نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: لیث نے مجھے بتایا کہ عبدالرحمٰن بن خالد نے مجھ سے بیان کیا۔ عبدالرحمٰن نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابن مسیب اور ابوسلمہ سے روایت کی کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: لوگوں میں سے ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اس وقت آپؐ مسجد میں تھے۔ اس نے آپؐ سے پکار کر کہا: یا رسول اللہ! میں نے زنا کیا ہے۔ اس سے اس کی مراد اپنے تئیں تھی۔ نبی ﷺ نے اُس سے منہ پھیر لیا تو وہ ہٹ کر اُسی طرف گیا جس طرف کہ آپؐ نے اپنا منہ پھیرا تھا۔ اور کہا: یا رسول اللہ! میں نے زنا کیا ہے۔ آپؐ نے پھر اس سے منہ پھیر لیا۔ تو وہ پھر اسی طرف آیا جس طرف نبی ﷺ نے منہ پھیرا تھا۔ جب اس نے چار دفعہ اقرار کیا تو نبی ﷺ نے اس کو بلایا اور پوچھا: کیا تمہیں جنون ہے؟ اس نے کہا: نہیں یا رسول اللہ۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تم شادی شدہ ہو؟ اس نے کہا: ہاں یا رسول اللہ۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ اس کو سنگسار کرو۔
صحیح بخاری 6826
ابن شہاب نے کہا: مجھے اس نے بتایا جس نے حضرت جابرؓ سے سنا، وہ کہتے تھے: میں بھی ان لوگوں میں سے تھا جنہوں نے اس پر پتھر پھینکے۔ ہم نے عیدگاہ میں اس کو سنگسار کیا۔ جب پتھروں نے اس کو بے قرار کیا تو دوڑ پڑا۔ ہم نے حَرّہ میں جاکر اس کو پکڑ لیا اور پھر اس کو سنگسار کردیا۔