کتاب 37: باب أَحْكَامِ أَهْلِ الذِّمَّةِ وَإِحْصَانِهِمْ إِذَا زَنَوْا وَرُفِعُوا إِلَى الإِمَامِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6840
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ (سلیمان) شیبانی نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰؓ سے رجم کے متعلق پوچھا تو اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے رجم کیا۔ میں نے پوچھا: سورة النور سے پہلے یا اس کے بعد؟ اُنہوں نے کہا: میں نہیں جانتا۔ (عبدالواحد کی طرح) اس حدیث کو علی بن مسہر اور خالد بن عبداللہ اور (عبدالرحمٰن) محاربی اور عبیدہ بن حمید نے بھی شیبانی سے روایت کیا اور بعض راویوں نے (سورہ) نور کی بجائے (سورہ) مائدہ کہا اور پہلا قول زیادہ صحیح ہے۔
صحیح بخاری 6841
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ اُنہوں نے کہا: یہودی رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور اُنہوں نے آپؐ سے بیان کیا کہ اُن میں سے ایک مرد اور عورت نے زنا کیا ہے۔ تو رسول اللہ ﷺ نے اُن سے پوچھا: تم رجم کے متعلق تورات میں کیا حکم پاتے ہو؟ تو اُنہوں نے کہا: ہم منہ کالا کرکے گدھے پر سوار کرتے ہیں۔ پھر اُنہیں کوڑے لگاتے جاتے ہیں۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے کہا: تم نے جھوٹ کہا ہے تورات میں تو رجم کا حکم موجود ہے۔ چنانچہ وہ تورات لائے اور اس کو کھولا تو اُن میں سے ایک نے رجم کے حکم پر اپنا ہاتھ رکھ دیا اور اس کے ماقبل اور ما بعد پڑھا۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے اُس سے کہا: اپنا ہاتھ اُٹھاؤ۔ اُس نے اپنا ہاتھ اُٹھایا تو کیا دیکھا کہ اُس میں رجم کا حکم ہے۔ یہودیوں نے کہا: اے محمدؐ! (عبداللہ بن سلامؓ) سچے ہیں۔ تورات میں رجم کا حکم ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے اُن دونوں کے متعلق حکم دیا اور انہیں سنگسار کیا گیا۔ (حضرت عبد اللہؓ کہتے ہیں:) میں نے اُس مرد کو دیکھا کہ وہ اس عورت پر جھک جاتا تھا اور اُسے پتھروں سے بچاتا تھا۔