کتاب 39: بَابُ مَنْ أَدَّبَ أَهْلَهُ أَوْ غَيْرَهُ دُونَ السُّلْطَانِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6844
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے عبدالرحمٰن بن قاسم سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ آئے اور رسول اللہ ﷺ نے اپنا سر میری ران پر رکھا ہوا تھا اور کہنے لگے: تم نے رسول اللہ ﷺ اور لوگوں کو روکے رکھا ہے حالانکہ وہ کسی پانی کے پاس نہیں اور اُنہوں نے مجھے ملامت کی۔ اور میرے پہلو میں اپنے ہاتھ سے کونچ مارنے لگے اور مجھے ہلنے سے صرف یہی بات روکتی تھی کہ رسول اللہ ﷺ موجود تھے تو اس وقت اللہ نے تیمم کی آیت نازل کی۔
صحیح بخاری 6845
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے مجھے بتایا۔ عمرو نے مجھے خبر دی کہ عبدالرحمٰن بن قاسم نے اُنہیں بتایا۔ عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: حضرت ابوبکرؓ سامنے سے آئے اور مجھے زور سے ایک گھونسہ لگایا اور کہا: تم نے ایک ہار کے لئے لوگوں کو روک دیا؟ میں تو رسول اللہ ﷺ کی موجودگی کی وجہ سے ایسی بے حس و حرکت تھی گویا مجھ پر موت وارد تھی حالانکہ اس سے مجھے درد ہوئی۔ لَكَزَ اور وَكَزَ ایک ہی ہے۔