کتاب 42: باب كَمِ التَّعْزِيرُ وَالأَدَبُ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 6848

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ حَدَّثَنِي يَزِيدُ بْنُ أَبِي حَبِيبٍ عَنْ بُكَيْرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ عَنْ سُلَيْمَانَ بْنِ يَسَارٍ عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ عَنْ أَبِي بُرْدَةَ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ كَانَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " لاَ يُجْلَدُ فَوْقَ عَشْرِ جَلَدَاتٍ إِلاَّ فِي حَدٍّ مِنْ حُدُودِ اللَّهِ ".

عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ یزید بن ابی حبیب نے مجھ سے بیان کیا۔ یزید نے بکیر بن عبداللہ سے، بکیر نے سلیمان بن یسار سے، سلیمان نے عبدالرحمٰن بن جابر بن عبداللہ سے، عبدالرحمٰن نے حضرت ابوبردہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ فرمایا کرتے تھے: اللہ کی مقرر کردہ سزاؤں میں سے کسی سزا کے علاوہ دس کوڑوں سے زیادہ کوڑے نہ لگائے جائیں۔

صحیح بخاری 6849

حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ عَلِيٍّ حَدَّثَنَا فُضَيْلُ بْنُ سُلَيْمَانَ حَدَّثَنَا مُسْلِمُ بْنُ أَبِي مَرْيَمَ حَدَّثَنِي عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ جَابِرٍ عَمَّنْ سَمِعَ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " لاَ عُقُوبَةَ فَوْقَ عَشْرِ ضَرَبَاتٍ إِلاَّ فِي حَدٍّ مِنْ حُدُودِ اللَّهِ ".

عمرو بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ مسلم بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن جابر نے مجھے بتایا۔ عبدالرحمٰن نے اس شخص سے روایت کی کہ جس نے نبیؐ سے سنا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی مقرر کردہ سزاؤں میں سے کسی سزا کے علاوہ دس کوڑوں سے زیادہ سزا نہ دی جائے۔

صحیح بخاری 6850

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سُلَيْمَانَ حَدَّثَنِي ابْنُ وَهْبٍ أَخْبَرَنِي عَمْرٌو أَنَّ بُكَيْرًا حَدَّثَهُ قَالَ بَيْنَمَا أَنَا جَالِسٌ عِنْدَ سُلَيْمَانَ بْنِ يَسَارٍ إِذْ جَاءَ عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ جَابِرٍ فَحَدَّثَ سُلَيْمَانَ بْنَ يَسَارٍ ثُمَّ أَقْبَلَ عَلَيْنَا سُلَيْمَانُ بْنُ يَسَارٍ فَقَالَ حَدَّثَنِي عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ جَابِرٍ أَنَّ أَبَاهُ حَدَّثَهُ أَنَّهُ سَمِعَ أَبَا بُرْدَةَ الأَنْصَارِيَّ قَالَ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " لاَ تَجْلِدُوا فَوْقَ عَشْرَةِ أَسْوَاطٍ إِلاَّ فِي حَدٍّ مِنْ حُدُودِ اللَّهِ ".

یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ ابن وہب نے مجھے بتایا۔ عمرو (بن حارث) نے مجھے خبر دی کہ بکیر نے اُنہیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: ایک دفعہ جبکہ میں سلیمان بن یسار کے پاس بیٹھا ہوا تھا اتنے میں عبدالرحمٰن بن جابر آئے اور سلیمان بن یسار سے حدیث بیان کی۔ پھر سلیمان بن یسار ہماری طرف متوجہ ہوئے اور کہنے لگے: عبدالرحمٰن بن جابر نے مجھ سے بیان کیا ہے کہ اُن کے باپ نے اُنہیں بتایا کہ انہوں نے حضرت ابوبردہ انصاریؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبیؐ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: اللہ کی مقرر کردہ سزاؤں میں سے کسی سزا کے سوا دس کوڑوں سے زیادہ کوڑے نہ لگاؤ۔

صحیح بخاری 6851

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ عَنْ عُقَيْلٍ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ حَدَّثَنَا أَبُو سَلَمَةَ أَنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ نَهَى رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم عَنِ الْوِصَالِ فَقَالَ لَهُ رِجَالٌ مِنَ الْمُسْلِمِينَ فَإِنَّكَ يَا رَسُولَ اللَّهِ تُوَاصِلُ. فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " أَيُّكُمْ مِثْلِي إِنِّي أَبِيتُ يُطْعِمُنِي رَبِّي وَيَسْقِينِ ". فَلَمَّا أَبَوْا أَنْ يَنْتَهُوا عَنِ الْوِصَالِ وَاصَلَ بِهِمْ يَوْمًا ثُمَّ يَوْمًا ثُمَّ رَأَوُا الْهِلاَلَ فَقَالَ " لَوْ تَأَخَّرَ لَزِدْتُكُمْ ". كَالْمُنَكِّلِ بِهِمْ حِينَ أَبَوْا. تَابَعَهُ شُعَيْبٌ وَيَحْيَى بْنُ سَعِيدٍ وَيُونُسُ عَنِ الزُّهْرِيِّ. وَقَالَ عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ خَالِدٍ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ سَعِيدٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم.

یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ ابوسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: نبی ﷺ نے لگاتار روزے رکھنے سے منع فرمایا تو مسلمانوں میں سے کئی آدمیوں نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ تو لگاتار روزے رکھتے ہیں؟ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کون میری طرح ہے؟ میں تو رات ایسی حالت میں گزارتا ہوں کہ میرا ربّ مجھے کھلاتا ہے اور مجھے پلاتا ہے۔ جب وہ لگاتار روزے رکھنے کی بات نہ مان کر روزے رکھنے سے نہ رکے تو آپؐ بھی اُن کے ساتھ لگاتار روزے رکھنے لگے۔ ایک دن رکھا، پھر ایک دن اور رکھا۔ پھر لوگوں نے ہِلال دیکھا تو آپؐ نے فرمایا: اگر کچھ دنوں کے بعد نکلتا تو میں تمہارے ساتھ اور رکھتا جیسے کہ آپؐ اُن کو نصیحت دینے لگے تھے کہ جب اُنہوں نے نہ مانا۔ (عقیل کی طرح) شعیب (بن ابی حمزہ) اور یحيٰ بن سعید اور یونس نے بھی زہری سے یہی روایت کیا اور عبدالرحمٰن بن خالد نے بھی اس کو ابن شہاب سے نقل کیا۔ اُنہوں نے سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے۔

صحیح بخاری 6852

حَدَّثَنِي عَيَّاشُ بْنُ الْوَلِيدِ حَدَّثَنَا عَبْدُ الأَعْلَى حَدَّثَنَا مَعْمَرٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ سَالِمٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ أَنَّهُمْ كَانُوا يُضْرَبُونَ عَلَى عَهْدِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم إِذَا اشْتَرَوْا طَعَامًا جِزَافًا أَنْ يَبِيعُوهُ فِي مَكَانِهِمْ حَتَّى يُئْوُوهُ إِلَى رِحَالِهِمْ.

عیاش بن ولید نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالاعلیٰ (بن عبدالاعلیٰ) نے ہمیں بتایا۔ معمر (بن راشد) نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے زہری سے، زہری نے سالم سے، سالم نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں لوگوں کو غلہ بغیر ماپ تول کے خریدنے اور اپنے ٹھکانوں میں پہنچنے سے پہلے بیچنے پر سزا دی جاتی تھی۔

صحیح بخاری 6853

حَدَّثَنَا عَبْدَانُ أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ أَخْبَرَنَا يُونُسُ عَنِ الزُّهْرِيِّ أَخْبَرَنِي عُرْوَةُ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ مَا انْتَقَمَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم لِنَفْسِهِ فِي شَىْءٍ يُؤْتَى إِلَيْهِ حَتَّى تُنْتَهَكَ مِنْ حُرُمَاتِ اللَّهِ فَيَنْتَقِمَ لِلَّهِ.

عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ یونس نے ہمیں خبر دی۔ یونس نے زہری سے روایت کی کہ عروہ نے مجھے بتایا۔ عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی بھی کسی معاملہ میں جو آپؐ کی ذات سے متعلق ہوتا انتقام نہیں لیا۔ جب اللہ کی حرمتوں کی ہتک کی جاتی تو آپؐ اللہ کے لئے انتقام لیتے۔

10 von 10 heute frei