کتاب 43: باب مَنْ أَظْهَرَ الْفَاحِشَةَ وَاللَّطْخَ وَالتُّهَمَةَ بِغَيْرِ بَيِّنَةٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6854
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ زہری نے حضرت سہل بن سعدؓ سے نقل کیا کہ اُنہوں نے کہا: میں نے دو لعان کرنے والوں (عورت اور مرد) کو دیکھا اور میں اس وقت پندرہ برس کا تھا۔ اُن دونوں میں علیحدگی کرا دی گئی۔ اس عورت کے خاوند نے کہا: اگر میں نے اس کو رکھا تو میں نے اس کے متعلق جھوٹ کہا: سفیان نے کہا: میں نے یہ حدیث زہری سے یاد رکھی کہ (آپؐ نے فرمایا:) اگر یہ ایسا ایسا بچہ جنی تو وہ سچا ہے اور اگر یہ ایسا ایسا بچہ جنی گویا کہ وہ رنگ میں گرگٹ ہے تو وہ جھوٹا ہے اور میں نے زہری سے سنا وہ کہتے تھے: وہ اسی کے مشابہ بچہ جنی جس کی شکل مکروہ تھی۔
صحیح بخاری 6855
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ ابوزناد نے ہم سے بیان کیا۔ ابوزناد نے قاسم بن محمد سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ نے لعان کرنے والے مرد اور عورت کا ذکر کیا تو عبداللہ بن شداد نے پوچھا: کیا یہ وہی عورت ہے جس کے متعلق رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تھا کہ اگر میں کسی عورت کو بغیر ثبوت کے سنگسار کرنے والا ہوتا تو اس کو کرتا؟ اُنہوں نے کہا: نہیں وہ ایک اور عورت تھی جو کھلے عام بدکاری کی مرتکب ہوئی تھی۔
صحیح بخاری 6856
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ بن سعید نے ہم سے بیان کیا۔ یحيٰ نے عبدالرحمٰن بن قاسم سے، عبدالرحمٰن نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس دو لعان کرنے والوں کا ذکر کیا گیا تو عاصم بن عدی نے اس کے متعلق ایک بات کہی اور کہہ کر لوٹ گئے اور اُن کی قوم میں سے ایک شخص ان کے پاس آیا شکایت کرنے لگا کہ اس نے اپنی بیوی کے ساتھ ایک شخص کو پایا ہے۔ حضرت عاصمؓ نے کہا: میں اپنی اس بات کی وجہ سے ہی اس میں مبتلا ہوا ہوں اور وہ اس کو نبی ﷺ کے پاس لے آئے تو اس شخص نے آپؐ سے اس آدمی کے متعلق بیان کیا جسے اس نے اپنی بیوی کے ساتھ پایا اور یہ شخص زرد رنگ کا دبلا سیدھے بالوں والا تھا اور جس آدمی کے متعلق اس نے دعویٰ کیا تھا کہ اسے اس نے اپنی بیوی کے پاس پایا ہے گندمی رنگ، سڈول، پُرگوشت جسم تھا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اے اللہ اصل حقیقت کھول دے۔ تو وہ اُس مرد کے ہمشکل جنی جس کے متعلق اس کے خاوند نے ذکر کیا تھا کہ اس نے اس کو اس کے پاس دیکھا۔ نبی ﷺ نے ان دونوں کے درمیان لعان کرایا۔ یہ سن کر ایک شخص نے حضرت ابن عباسؓ سے اسی مجلس میں پوچھا کہ کیا یہ وہی عورت تھی جس کے متعلق نبی ﷺ نے فرمایا تھا اگر بغیر ثبوت کے میں کسی کو سنگسار کرتا تو اس عورت کو کرتا؟ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: نہیں وہ ایک اور عورت تھی جو اسلام میں ہوکر کھلے طور پر بدکاری کرتی تھی۔