کتاب 25: باب جَنِينِ الْمَرْأَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6904
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اور اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ہذیل قبیلے کی دو عورتیں تھیں اُن میں سے ایک نے دوسری کو مارا اور اس کے جنین کو گرادیا تو رسول اللہ ﷺ نے اس عورت کے متعلق یہ حکم دیا کہ وہ ایک بردہ دیت میں دے غلام ہو یا لونڈی۔
صحیح بخاری 6905
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ ہشام (بن عروہ) نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت مغیرہ بن شعبہؓ سے، حضرت مغیرہؓ نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ اُنہوں نے لوگوں سے عورت کے جنین کے گرائے جانے کے متعلق مشورہ لیا تو حضرت مغیرہؓ نے کہا: نبی ﷺ نے ایک بردہ دئیے جانے کا فیصلہ کیا غلام ہو یا لونڈی۔
صحیح بخاری 6906
حضرت عمرؓ نے فرمایا: ایسے شخص کو لاؤ جو تمہارے ساتھ اس بات پر شہادت دے۔ تو محمد بن مسلمہؓ نے شہادت دی کہ وہ نبی ﷺ کے پاس موجود تھے جب آپؐ نے یہ فیصلہ فرمایا۔
صحیح بخاری 6907
عبید اللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے روایت کی کہ حضرت عمرؓ نے لوگوں سے علی الاعلان پوچھا کہ کس شخص نے نبیﷺ سے سنا کہ آپؐ نے حمل گرانے کے متعلق فیصلہ کیا؟ حضرت مغیرہؓ نے کہا: میں نے آپؐ سے سنا۔ آپؐ نے اس کے متعلق ایک بردہ دئیے جانے کا فیصلہ کیا غلام ہو یا لونڈی۔
صحیح بخاری 6908
حضرت عمرؓ نے فرمایا: ایسے شخص کو لاؤ جو تمہارے ساتھ اس بات پر شہادت دے۔ محمد بن مسلمہؓ نے کہا: میں نبی ﷺ کے متعلق یہ شہادت دیتا ہوں کہ آپؐ نے ایسا ہی فیصلہ فرمایا۔
صحیح بخاری 6908a
محمد بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن سابق نے ہمیں بتایا۔ زائدہ (بن قدامہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن عروہ نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ اُنہوں نے حضرت مغیرہ بن شعبہؓ سے سنا وہ حضرت عمرؓ سے روایت کرتے تھے کہ اُنہوں نے عورت کے جنین کے گرائے جانے کے متعلق لوگوں سے مشورہ لیا پھر اُنہوں نے اسی طرح کی حدیث نقل کی۔