کتاب 88: كتاب استتابة المرتدين والمعاندين وقتالهم
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6918
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: وہ لوگ جو ایمان لائے ہیں اور اُنہوں نے اپنے ایمان کو کسی ظلم سے بھی آلودہ نہیں کیا۔ تو نبی ﷺ کے صحابہ پر یہ بات بہت گراں گزری اور وہ کہنے لگے: ہم میں سے کون ہے جس نے اپنے ایمان کو کسی ظلم سے آلودہ نہیں کیا؟ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس سے یہ مراد نہیں ہے۔ کیا تم نے لقمانؑ کا قول نہیں سنا کہ شرک بہت بڑا ظلم ہے۔
صحیح بخاری 6919
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ بشر بن مفضل نے ہمیں بتایا۔ (سعید بن ایاس) جریری نے ہم سے بیان کیا۔ اور قیس بن حفص نے مجھے بتایا کہ اسماعیل بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ سعید جریری نے ہمیں خبر دی کہ عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ نے ہم سے بیان کیا۔ عبدالرحمٰن نے اپنے باپ (حضرت نفیع بن حارث) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: بڑے سے بڑے گناہ یہ ہیں: اللہ کا شریک ٹھہرانا، والدین کی نافرمانی کرنا اور جھوٹی شہادت دینا اور جھوٹی شہادت دینا۔ تین بار اس کو دہرایا یا فرمایا: جھوٹی بات (کہنا)۔ آپؐ اس بات کو اتنی بار دہراتے رہے کہ ہم نے کہا: کاش آپؐ خاموش ہوجائیں۔
صحیح بخاری 6920
محمد بن حسین بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ شیبان (نحوی) نے ہمیں خبر دی۔ شیبان نے فراس (بن یحيٰ) سے، فراس نے شعبی سے، شعبی نے حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک اعرابی نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ ! سب سے بڑے گناہ کیا ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: اللہ کا شریک ٹھہرانا۔ اُس نے پوچھا: پھر کونسا؟ آپؐ نے فرمایا: پھر والدین کی نافرمانی کرنا۔ اس نے پوچھا: پھر کونسا؟ آپؐ نے فرمایا: عمداً جھوٹی قسم کھانا۔ (حضرت عبداللہ بن عمروؓ کہتے تھے) میں نے کہا: یمینِ غموس کیا ہوتی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: وہ قسم جس کے ذریعہ سے کسی مسلمان آدمی کا مال ہتھیا لے جبکہ وہ اس قسم میں جھوٹا ہو۔
صحیح بخاری 6921
خلّاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے منصور اور اعمش سے، اُن دونوں نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے ہیں: ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! کیا ہم سے اُن اعمال کا بھی مؤاخذہ ہوگا جو ہم نے زمانہ جاہلیت میں کئے؟ آپؐ نے فرمایا: جس نے اسلام میں اچھے کام کئے تو اُس سے اُن کاموں کا مؤاخذہ نہیں ہوگا جو اُس نے جاہلیت میں کئے اور جس نے اسلام میں بھی بُرے کام کئے اُس سے پہلے اور پچھلے اعمال کا بھی مؤاخذہ کیا جائے گا۔
صحیح بخاری 6922
ابو نعمان محمد بن فضل (سدوسی) نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ایوب سے، ایوب نے عکرمہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: حضرت علی رضی اللہ عنہ کے پاس زندیق لائے گئے تو اُنہوں نے اُن کو جلا دیا تو یہ خبر حضرت ابن عباسؓ کو پہنچی۔ اُنہوں نے کہا: اگر میں ہوتا تو اُن کو کبھی نہ جلواتا کیونکہ نبی ﷺ نے اس سے منع فرمایا ہے کہ اللہ کی سزا جیسی کسی کو سزا نہ دو اور میں اُن کو مروا ڈالتا اس لئے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جو اپنے دین کو تبدیل کردے اس کو مار ڈالو۔
صحیح بخاری 6923
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے قرہ بن خالد سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: حمید بن ہلال نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوبردہ نے ہمیں بتایا۔ ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور میرے ساتھ اشعری قبیلے کے دو شخص تھے۔ ان میں سے ایک میرے دائیں تھا اور دوسرا میرے بائیں۔ اور رسول اللہ ﷺ اُس وقت مسواک کر رہے تھے۔ اُن دونوں نے کسی عہدہ کی درخواست کی۔ تو آپؐ نے فرمایا: ابوموسیٰؓ یا فرمایا: عبداللہ بن قیسؓ! کہتے تھے میں نے کہا: اس ذات کی قسم جس نے آپؐ کو سچائی کے ساتھ بھیجا، مجھے اِن دونوں نے اِس بات سے آگاہ نہیں کیا جو اِن کے دلوں میں تھی اور مجھے یہ معلوم نہیں ہوا کہ یہ دونوں کوئی عہدہ چاہتے ہیں۔ (مجھے تو یہ واقعہ ایسا ہی یاد ہے) کہ میں اب بھی آپؐ کی مسواک دیکھ رہا ہوں جو آپؐ کے ہونٹوں کے نیچے اٹھی ہوئی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: ہرگز نہیں یا فرمایا: ہم اپنے کام پر اُسے نہیں مقرر کرتے جو اس کی خواہش رکھتا ہو۔ لیکن ابوموسیٰؓ یا فرمایا: عبداللہ بن قیسؓ! تم یمن جاؤ۔ پھر حضرت معاذ بن جبلؓ اُن کے پیچھے گئے۔ جب حضرت معاذؓ حضرت ابوموسیٰؓ کے پاس پہنچے تو اُنہوں نے اُن کے لئے گدا بچھایا۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: نیچے اُتریں۔ اور وہ کیا دیکھتے ہیں کہ اُن کے پاس ایک شخص ہے جس کی مشکیں کسی ہوئی ہیں۔ حضرت معاذؓ نے کہا: یہ کون ہے؟ اُنہوں نے کہا: یہ پہلے یہودی تھا پھر مسلمان ہوا پھر اس کے بعد یہودی ہوگیا۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: بیٹھ جائیں۔ حضرت معاذؓ نے کہا: میں نہیں بیٹھوں گا یہاں تک کہ اس کو قتل کیا جائے۔ یہی اللہ اور اس کے رسول کا فیصلہ ہے۔ اُنہوں نے تین بار یہی کہا۔ چنانچہ حضرت ابوموسیٰؓ نے اس کے متعلق حکم دیا اور وہ مار ڈالا گیا۔ پھر وہ دونوں رات کی عبادت کا آپس میں ذکر کرنے لگے تو اُن میں سے ایک نے کہا: میں تو رات کو اٹھتا بھی ہوں اور سوتا بھی ہوں اور اپنے سونے میں اسی ثواب کی امید رکھتا ہوں جو اپنے اٹھنے میں رکھتا ہوں۔
صحیح بخاری 6924
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا کہ جب نبی ﷺ وفات پا گئے اور حضرت ابوبکرؓ خلیفہ ہوئے اور عربوں میں سے جنہوں نے کافر ہونا تھا کافر ہوگئے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: اے ابوبکرؓ! آپ لوگوں سے کیسے لڑیں گے حالانکہ رسول اللہ ﷺ نے یہ فرمایا ہے کہ مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں لوگوں کا اُس وقت تک مقابلہ کرتا رہوں جب تک کہ وہ لَا إِلَهَ إِلَّا الله کا اقرار نہ کریں اور جس نے لَا إِلَهَ إِلَّا الله کا اقرار کیا، اُس نے مجھ سے اپنے مال اور اپنی جان کو بچا لیا سوائے اِس کے کہ کسی حق کے بدلے میں اُن کو لیا جائے اور اُس کا حساب اللہ کے ذمہ ہے۔
صحیح بخاری 6925
حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا: اللہ کی قسم! میں تو اُن لوگوں کا ضرور مقابلہ کروں گا جنہوں نے نماز اور زکوٰة کے درمیان فرق کیا کیونکہ زکوٰة وہ حق ہے جو مال سے لیا جاتا ہے۔ اللہ کی قسم! اگر اُنہوں نے مجھے ایک بکری کا بچہ بھی نہیں دیا جو وہ رسول اللہ ﷺ کو دیا کرتے تھے تو اُس کے نہ دینے پر بھی میں اُن سے لڑوں گا۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: اللہ کی قسم! بات صرف یہی تھی کہ میں نے دیکھا کہ اللہ نے لڑائی کے لئے حضرت ابوبکرؓ کے سینے کو کھول دیا تھا اور میں سمجھ گیا کہ یہی بات درست ہے۔
صحیح بخاری 6926
محمد بن مقاتل ابوالحسن نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہشام بن زید بن انس بن مالک سے روایت کی۔ ہشام نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ایک یہودی رسول اللہ ﷺ کے پاس سے گزرا اور اُس نے کہا: السَّامُ عَلَيْكَ۔ (تم پر ہلاکت ہو) رسول اللہ ﷺ نے جواب دیا: وَ عَلَيْكَ۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا تم جانتے ہو کہ یہ کیا کہتا ہے؟ اس نے کہا ہے: السَّامُ عَلَيْكَ۔ صحابہ نے کہا: یا رسول اللہ! کیا ہم اِس کو مار نہ ڈالیں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ جب اہلِ کتاب تمہیں سلام کریں تو تم یہی کہو: وَ عَلَيْكُمْ۔
صحیح بخاری 6927
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن عیینہ سے، ابن عیینہ نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: یہودیوں میں سے کچھ لوگوں نے نبی ﷺ کے پاس آنے کی اجازت مانگی۔ (وہ آئے) تو کہنے لگے: السَّامُ عَلَيْكَ۔ (آپ پر موت آئے) میں نے کہا: بلکہ تم پر موت اور لعنت ہو۔ آپؐ نے فرمایا: عائشہؓ! اللہ تو بہت نرمی کرتا ہے اور ہر بات میں نرمی کو پسند کرتا ہے۔ میں نے کہا: کیا آپؐ نے نہیں سنا جو انہوں نے کہا؟ آپؐ نے فرمایا: میں نے بھی ان کو وَعَلَيْكُمْ کہا ہے۔
صحیح بخاری 6928
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سفیان (بن عیینہ) اور مالک بن انس سے روایت کی۔ اُن دونوں نے کہا: عبداللہ بن دینار نے ہم سے بیان کیا۔ عبداللہ نے کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ بیان کرتے ہیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہود جب تم میں سے کسی کو سلام کرتے ہیں تو وہ سَامٌ عَلَيْكَ (تم پر ہلاکت ہو) ہی کہتے ہیں تو تم کہو: عَلَيْكَ۔
صحیح بخاری 6929
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے کہا: شقیق (بن سلمہ) نے مجھے بتایا۔ شقیق نے کہا: حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا: جیسے میں اب بھی نبی ﷺ کو دیکھ رہا ہوں کہ آپؐ نبیوں میں سے ایک نبی کا واقعہ بیان کر رہے ہیں جس کو اس کی قوم نے اتنا مارا کہ اُس کو لہولہان کردیا۔ وہ اپنے چہرے سے خون صاف کر رہا تھا اور یہ دعا کر رہا تھا: اے میرے ربّ ! میری قوم سے درگزر فرما کیونکہ وہ نہیں جانتے۔
صحیح بخاری 6930
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ خیثمہ (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں بتایا کہ سوید بن غفلہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے کہا: جب میں تم سے رسول اللہ ﷺ کی کوئی بات بیان کروں تو اللہ کی قسم! اگر میں آسمان سے نیچے گر پڑوں تو یہ مجھ کو اس سے زیادہ پسند ہے کہ میں آپؐ کے متعلق جھوٹ کہوں اور اگر تم سے میں اُن اُمور کے متعلق بات کروں جو میرے اور تمہارے درمیان مشترکہ ہوں تو جنگ ایک حیلہ ہی ہوتی ہے اور میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: آخری زمانے میں ایسے لوگ پیدا ہوں گے جو نوعمر ہوں گے، عقل کے کچے ہوں گے، ایسی باتیں کریں گے جو تمام جہان کی بہتر باتوں میں سے ہوں گی۔ اُن کا ایمان اُن کے حلقوں سے نیچے نہیں اُترے گا۔ وہ دین سے ایسے نکلیں گے جیسے تیر شکار کے پار نکل جاتا ہے۔ جہاں کہیں بھی تم اُن سے ملو، اُن کو مار ڈالو کیونکہ اُن کے مار ڈالنے میں اُس شخص کو قیامت کے دن ثواب ہوگا جو اُن کو مار ڈالے۔
صحیح بخاری 6931
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے یحيٰ بن سعید سے سنا۔ یحيٰ نے کہا: محمد بن ابراہیم نے مجھے خبر دی۔ محمد نے ابوسلمہ اور عطاء بن یسار سے روایت کی کہ وہ دونوں حضرت ابوسعید خدریؓ کے پاس آئے اور اُنہوں نے حروریہ (فرقے) کے متعلق اُن سے پوچھا کہ کیا آپ نے نبی ﷺ سے کچھ سنا؟ اُنہوں نے کہا: میں نہیں جانتا کہ حروریہ کیا ہے۔ میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: اس اُمت میں کچھ لوگ پیدا ہوں گے۔ آپؐ نے یوں نہیں فرمایا: اِس اُمت میں سے کچھ لوگ نکلیں گے۔ تم اپنی نمازوں کو اُن کی نمازوں کے سامنے حقیر سمجھو گے، وہ قرآن پڑھیں گے جو اُن کے حلقوں سے نیچے نہیں اُترے گا۔ حُلُوقَهُمْ فرمایا یا حَنَاجِرَهُمْ۔ وہ دین سے ایسے نکلیں گے جیسے تیر شکار کے پار نکل جاتا ہے اور تیر مارنے والا اپنے تیر کو دیکھتا ہے، اس کے پھل کے حصہ کو دیکھتا ہے، اس کے پَروں کو دیکھتا ہے، اس کی جڑ کو دیکھتا ہے۔ اسے شک ہوتا ہے کہ شاید اس پر کچھ خون لگا ہو۔
صحیح بخاری 6932
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: عمر (بن محمد بن زید بن عبداللہ بن عمر بن خطاب) نے مجھ سے بیان کیا کہ اُن کے باپ نے انہیں بتایا۔ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت کی اور اُنہوں نے حروریہ کا ذکر کیا اور کہا، نبیﷺ نے فرمایا: وہ اسلام سے ایسے نکل جائیں گے جیسے تیر شکار سے پار نکل جاتا ہے۔
صحیح بخاری 6933
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زہری سے، زہری نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوسعیدؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ایک بار نبی ﷺ کچھ تقسیم فرما رہے تھے اتنے میں عبداللہ بن ذی الخویصرہ تمیمی آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! انصاف کریں۔ آپؐ نے فرمایا: تم پر افسوس، اور کون انصاف کرے گا اگر میں نہ انصاف کروں؟ حضرت عمر بن خطابؓ نے کہا: مجھے اجازت دیں کہ اس کی گردن اُڑا دوں۔ آپؐ نے فرمایا: اسے رہنے دو کیونکہ اس کے کچھ اور بھی ساتھی ہیں۔ تم میں سے ایک اپنی نماز کو اِس کی نماز کے مقابل اور اپنے روزے کو اس کے روزے کے مقابل حقیر جانے گا، وہ دین سے ایسے نکل جائیں گے جیسے تیر جانور سے پار نکل جاتا ہے۔ اس تیر کے پَر کو دیکھا جائے اس میں کچھ نشان نہ ملے، پھر اس کے پیکان کو دیکھا جائے تو بھی کچھ نشان نہ ملے، پھر پیکان کے پچھلے حصہ کو دیکھا جائے تو کوئی نشان نہ ملے، پھر لکڑی کے سرے میں دیکھا جائے تو بھی کوئی نشان نہ ملے۔ وہ تو، لِید اور خون سے صاف نکل گیا ہے۔ اُن لوگوں کے پہنچاننے کی نشانی یہ ہے کہ ایک شخص ہوگا کہ جس کے ہاتھوں میں سے ایک ہاتھ یا فرمایا: جس کے پستانوں میں سے ایک پستان عورت کے پستان کی طرح ہوگا یا فرمایا: گوشت کے لوتھڑے کی طرح ہو گا جو تھلتھلاتا ہوگا، وہ ایسے وقت میں ظاہر ہوں گے کہ لوگوں میں تفرقہ ہوگا۔ حضرت ابوسعیدؓ نے کہا: میں یہ شہادت دیتا ہوں کہ میں نے یہ نبی ﷺ سے سنا اور میں یہ بھی شہادت دیتا ہوں کہ حضرت علیؓ نے اُن کو قتل کیا۔ اس وقت میں بھی اُن کے ساتھ تھا اور اسی حلیہ کے مطابق ایک شخص لایا گیا جس کے متعلق نبی ﷺ نے بیان فرمایا تھا۔ حضرت ابوسعیدؓ نے کہا: اسی کے متعلق یہ آیت نازل ہوئی تھی: یعنی اُن میں سے بعض ایسے بھی ہیں جو صدقات کے متعلق نکتہ چینی کرتے ہیں۔
صحیح بخاری 6934
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) شیبانی نے ہم سے بیان کیا کہ یُسیر بن عمرو نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت سہل بن حنیفؓ سے پوچھا: کیا آپؓ نے نبی ﷺ کو خارجیوں کے متعلق کچھ کہتے سنا؟ اُنہوں نے کہا: میں نے آپؐ سے سنا اور آپؐ اپنے ہاتھ کو عراق کی طرف بڑھا کر فرماتے تھے کہ وہاں سے ایسے لوگ نکلیں گے جو قرآن (ایسے طور) پر پڑھیں گے کہ وہ اُن کی ہنسلیوں کے نیچے نہیں اُترے گا۔ وہ اسلام سے ایسے نکلیں گے جیسے تیر شکار سے پار ہو جاتا ہے۔
صحیح بخاری 6935
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ ابوزناد نے ہم سے بیان کیا۔ ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ گھڑی برپا نہیں ہوگی جب تک کہ ایسے دو گروہ نہ لڑیں جن کا دعویٰ ایک ہی ہو۔
صحیح بخاری 6936
ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) کہتے تھے: اور لیث نے کہا کہ یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ عروہ بن زبیر نے مجھے خبر دی کہ حضرت مسور بن مخرمہؓ اور عبدالرحمٰن بن عبد قاری دونوں نے اُن کو بتایا کہ اُنہوں نے حضرت عمر بن خطابؓ سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کی زندگی میں ہشام بن حکیمؓ کو سورة الفرقان پڑھتے سنا، میں اُن کی قراءت کو غور سے سننے لگا تو معلوم ہوا کہ وہ اس کو بہت سی ایسی طرزوں سے پڑھ رہے ہیں جو رسول اللہ ﷺ نے مجھے نہیں پڑھائی تھیں۔ قریب تھا کہ میں نماز میں ہی اُن پر حملہ کر بیٹھتا مگر میں نے اُن کا اُس وقت تک انتظار کیا کہ اُنہوں نے سلام پھیرا۔ پھر میں نے اُن کی چادر گریبان سے پکڑ لی یا کہا کہ میں نے اپنی چادر اُن کے گلے میں ڈال کر ان کو پکڑ لیا اور میں نے کہا: یہ سورة تم کو کس نے پڑھائی؟ وہ کہنے لگے: رسول اللہ ﷺ نے مجھے یہ سورة پڑھائی تھی۔ میں نے اُن سے کہا: تم نے غلط کہا ہے۔ اللہ کی قسم! رسول اللہ ﷺ نے مجھے بھی یہ سورة پڑھائی تھی جسے میں نے تمہیں پڑھتے سنا۔ یہ کہہ کر میں اُنہیں رسول اللہ ﷺ کی طرف کھینچتے ہوئے چل پڑا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے اس کو سورة الفرقان ایسی طرزوں سے پڑھتے سنا ہے جو آپؐ نے مجھے نہیں پڑھائی حالانکہ آپؐ نے ہی مجھے سورة الفرقان پڑھائی تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عمرؓ اسے چھوڑ دو۔ ہشامؓ! تم پڑھو، تو حضرت ہشامؓ نے آپؐ کے سامنے اُسی قراءت میں پڑھا جو میں نے اُن کو پڑھتے سنا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسی طرح یہ سورة نازل کی گئی۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عمرؓ! تم پڑھو اور میں نے پڑھی۔ آپؐ نے فرمایا: اِسی طرح نازل کی گئی۔ پھر آپؐ نے فرمایا کہ یہ قرآن سات طرزوں پر نازل کیا گیا۔ اس لئے جو طرز بھی آسان ہو وہی پڑھو۔
صحیح بخاری 6937
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ اور یحيٰ (بن موسیٰ) نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی کہ وہ لوگ جو ایمان لائے ہیں اور اُنہوں نے اپنے ایمان کو کسی ظلم سے بھی آلودہ نہیں کیا۔ تو نبی ﷺ کے صحابہ پر یہ شاق گزرا اور وہ کہنے لگے: ہم میں سے کس نے اپنی جان پر ظلم نہیں کیا؟ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ معنی نہیں جو تم سمجھتے ہو بلکہ اس کا وہی مفہوم ہے جو لقمانؑ نے اپنے بیٹے سے کہا: اے میرے بیٹے! اللہ کا شریک کسی کو مت قرار دے۔ شرک یقیناً بہت بڑا ظلم ہے۔