کتاب 6: باب إِذَا اسْتُكْرِهَتِ الْمَرْأَةُ عَلَى الزِّنَا، فَلاَ حَدَّ عَلَيْهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6949
اور لیث نے کہا: نافع نے مجھ سے بیان کیا کہ صفیہ بنت ابی عبید نے اُن کو بتایا کہ حکومت کے غلاموں میں سے ایک غلام نے غنیمت کے پانچویں حصے کی ایک لونڈی سے جماع کیا اور اُس نے اُس کو مجبور کرکے اس کی بکارت زائل کی تو حضرت عمر ؓ نے اُس شخص کو مقررہ کوڑے لگائے اور اُس کو جلا وطن کر دیا اور اُس لونڈی کو کوڑے نہیں لگائے کیونکہ اُسے مجبور کیا گیا تھا۔ اُس کنواری لونڈی کے متعلق جس کی کوئی آزاد شخص بکارت زائل کر دے، امام زُہری نے کہا: حاکم کنواری لونڈی کی قیمت کا اندازہ لگا کر رقم کی ادائیگی کرائے نیز اس شخص کو کوڑے لگوائے جائیں اور اَئمہ کے فیصلہ کے مطابق بیوہ لونڈی کے متعلق یہ حکم نہیں کہ اس سے زیادتی کرنے والے شخص پر تاوان ڈالا جائے گا بلکہ صرف کوڑوں کی شرعی حد لگائی جائے گی۔
صحیح بخاری 6950
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ ابو زناد نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: حضرت ابراہیمؑ سارہؑ کو لے کر اپنے وطن سے نکل گئے اور اُن کو ایک ایسی بستی میں لے کر آئے جہاں ایک بادشادہ تھا یا فرمایا: ایک ظالم بادشاہ تھا تو اُس نے حضرت ابراہیمؑ کو کہلا بھیجا کہ میرے پاس سارہؑ کو بھیج دو۔ تو اُنہوں نے اُس کو بھیج دیا اور وہ اُٹھ کر سارہؑ کے پاس آیا۔ سارہ نے اُٹھ کر وضو کیا اور نماز پڑھنے لگیں اور دعا کی: اے اللہ! اگر میں تجھ پر اور تیرے رسول پر ایمان رکھتی ہوں تو اِس کافر کو مجھ پر مسلط نہ ہونے دے، تو وہ بے ہوش ہو کر گر پڑا اور اس کی یہ حالت ہو گئی کہ زمین پر پاؤں رگڑنے لگا۔