کتاب 7: باب يَمِينِ الرَّجُلِ لِصَاحِبِهِ إِنَّهُ أَخُوهُ، إِذَا خَافَ عَلَيْهِ الْقَتْلَ أَوْ نَحْوَهُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6951
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ سالم نے اُنہیں بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے اُن کو خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مسلمان مسلمان کا بھائی ہے نہ اُس پر ظلم کرے اور نہ ظالم کے حوالے کرے اور جو اپنے بھائی کی حاجت پوری کرنے میں مصروف ہو، اللہ اس کی حاجت روائی کرے گا۔
صحیح بخاری 6952
محمد بن عبدالرحیم نے ہم سے بیان کیا کہ سعید بن سلیمان (واسطی) نے ہمیں بتایا۔ ہشیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن ابی بکر بن انس نے ہمیں خبر دی۔ عبیداللہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اپنے بھائی کی مدد کرو ظالم ہو یا مظلوم، تو ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! جب وہ مظلوم ہو تب تو میں اُس کی مدد کروں۔ یہ فرمائیں کہ جب ظالم ہو تو میں کیسے مدد کروں ؟ آپؐ نے فرمایا: اُس کو ظلم سے باز رکھو یا فرمایا: روکو، یہی اس کی مدد ہوگی۔