کتاب 90: كتاب الحيل
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6953
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے محمد بن ابراہیم سے، اُنہوں نے علقمہ بن وقاص سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ لوگوں سے مخاطب تھے۔ اُنہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: اے لوگو! عمل تو نیت پر ہی ہوتے ہیں اور آدمی کو وہی ملتا ہے جو اُس نے نیت کی ہوتی ہے۔ اس لئے جس کی ہجرت اللہ اور اُس کے رسول کے لئے ہوئی تو اُس کی ہجرت اللہ اور اُس کے رسول کے لئے ہی ہے اور جس نے دنیا کے حاصل کرنے کے لئے ہجرت کی یا کسی عورت سے نکاح کرنے کے لئے ہجرت کی تو اُس کی ہجرت اسی بات کے لئے ہے جس کے لئے اس نے ہجرت کی۔
صحیح بخاری 6954
اسحاق بن نصر نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ تم میں سے کسی کی نماز قبول نہیں کرتا جبکہ وہ بے وضو ہو۔ یہاں تک کہ وہ وضو کر لے۔
صحیح بخاری 6955
محمد بن عبداللہ انصاری نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ ثمامہ بن عبداللہ بن انس نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت انسؓ نے اُنہیں بتایا کہ حضرت ابوبکرؓ نے اُن کو صدقہ کا وہ فرض جو رسول اللہ ﷺ نے مقرر کیا تھا لکھ کر دیا اور (اس میں یہ بھی تھا کہ) جو الگ الگ مال ہو اُس کو اکٹھا نہ کیا جائے اور جو اکٹھا ہو اُس کو علیحدہ نہ کرے اس ڈر سے کہ کہیں صدقہ دینا پڑے۔
صحیح بخاری 6956
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابو سہیل سے، ابو سہیل نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت طلحہ بن عبیداللہؓ سے روایت کی کہ ایک اعرابی پریشان سر رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! مجھے بتائیں کہ اللہ نے مجھ پر کیا کیا نماز فرض کی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: پانچ نمازیں سوائے اِس کے کہ تم خوشی سے کوئی اور نماز پڑھو۔ اس نے کہا: مجھے بتائیں اللہ نے مجھ پر جو روزے فرض کئے ہیں، آپؐ نے فرمایا: رمضان کا مہینہ سوائے اِس کے کہ تم خوشی سے کوئی اور روزے رکھو۔ اُس نے کہا: مجھے بتائیں جو زکوٰة اللہ نے مجھ پر مقرر کی ہے؟ حضرت طلحہؓ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے اس کو اسلام کے شرعی احکام بتائے۔ اُس نے کہا: اُسی ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو عزت دی۔ میں اپنی خوشی سے نہ کچھ اور کروں گا اور نہ ہی اِس سے کم کروں گا جو اللہ نے مجھ پر فرض کیا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ بامراد ہو گیا اگر یہ سچا ہے یا (فرمایا:) جنت میں داخل ہو گیا اگر یہ سچا ہے۔ اور بعض لوگوں نے کہا کہ ایک سو بیس اونٹ میں تین تین برس کی دو اونٹنیاں زکوٰة ہوتی ہے۔ پھر اگر کسی نے اس کو عمداً تلف کر دیا یا اس کو ہبہ کر دیا یا زکوٰة سے بچنے کے لئے ان کے متعلق کوئی اور حیلہ کیا تو اُس پر کوئی زکوٰة نہیں۔
صحیح بخاری 6957
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے ایک کا خزانہ قیامت کے دن گنجا سانپ ہوگا۔ خزانے والا اُس سے بھاگتا پھرے گا اور وہ اس کے پیچھے لگے گا اور کہے گا: میں تیرا خزانہ ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم اس کے پیچھے لگا رہے گا یہاں تک کہ وہ اپنا ہاتھ بڑھا کر اس کے منہ میں اس کو دے دے گا۔
صحیح بخاری 6958
اور رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر چوپایوں کا مالک حق نہ دے گا تو وہ جانور قیامت کے دن اُس پر مسلط کئے جائیں گے۔ وہ اپنے کُھروں سے اُس کے منہ کو روندیں گے اور بعض لوگوں نے ایسے شخص کے متعلق کہا جس کے کچھ اونٹ ہوں اور وہ ڈرے کہ کہیں اُس پر صدقہ واجب ہو جائے گا اور وہ اُن کو ایسے ہی اونٹوں یا بکریوں یا گائیوں یا روپے کے بدلے صدقہ سے بچنے کے لئے حیلہ کر کے ایک دن پہلے بیچ دے تو اُس کے ذمہ کچھ نہ ہوگا اور یہی لوگ کہتے ہیں: اگر ایک سال گزرنے سے ایک دن پہلے یا ایک ہفتہ پہلے اپنے اونٹوں کی زکوٰة دے دے تو اُس کی طرف سے یہ درست ہوگی۔
صحیح بخاری 6959
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ حضرت سعد بن عبادہ انصاریؓ نے رسول اللہ ﷺ سے اُس نذر کے متعلق مسئلہ پوچھا جو اُن کی ماں کے ذمہ تھی۔ وہ اُس نذر کو ادا کرنے سے پہلے فوت ہوگئی تھی، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اُس کی طرف سے ادا کرو اور بعض لوگوں نے کہا: جب اونٹ بیس کی تعداد کو پہنچ جائیں تو اُن میں چار بکریاں زکوٰة ہوگی۔ اگر اُن کو سال گزرنے سے پہلے ہبہ کر دے یا اُن کو بیچ دے تاکہ بچ جائے یا زکوٰة کو ساقط کرنے کے لیے بہانہ مل جائے تو اُس کے ذمہ کچھ نہ ہوگا اور اِسی طرح اگر اُن کو تلف کر دے اور وہ مر جائے تو بھی اُس کے مال میں زکوٰة نہیں ہوگی۔
صحیح بخاری 6960
ہم سے مسدد نے بیان کیا کہ ہمیں یحيٰ بن سعید نے عبیداللہ (عمری) سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ اُنہوں نے کہا: نافع نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے شغار سے منع فرمایا۔ میں نے نافع سے پوچھا: شغار کیا ہوتا ہے؟ اُنہوں نے کہا: کوئی شخص کسی آدمی کی بیٹی سے نکاح کرے اور اپنی بیٹی کا نکاح اُس سے بغیر مہر کے کر دے اور یا وہ کسی آدمی کی بہن سے نکاح کرے اور وہ اس سے اپنی بہن کا نکاح بغیر مہر کے کرے اور بعض لوگوں نے کہا: اگر حیلہ کر کے کسی نے نکاح شغار کر لیا تو یہ نکاح جائز ہوگا اور شرط باطل ہوگی اور انہی لوگوں نے متعہ کے متعلق کہا کہ یہ نکاح فاسد ہے اور شرط بھی باطل ہے اور اُن میں سے بعض نے کہا: متعہ اور شغار جائز ہے اور شرط باطل ہے۔
صحیح بخاری 6961
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبیداللہ بن عمر سے روایت کی کہ زُہری نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حسن اور عبداللہ سے جو دونوں محمد بن علی کے بیٹے تھے۔ اُن دونوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے کہا گیا کہ حضرت ابن عباسؓ عورتوں سے متعہ کرنے میں کوئی قباحت نہیں سمجھتے تھے۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے خبیر کے دن اِس سے منع فرمایا نیز پالتو گدھوں کے گوشت سے بھی اور بعض لوگوں نے کہا: اگر حیلہ کرکے کسی نے متعہ کر لیا تو نکاح فاسد ہوگا اور اُن میں سے بعض نے کہا کہ یہ نکاح جائز ہوگا اور شرط باطل ہوگی۔
صحیح بخاری 6962
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: ضرورت سے زیادہ بچا ہوا پانی نہ روکا جائے کہ اس سے گھاس کی روئیدگی رُک جائے۔
صحیح بخاری 6963
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے مالک سے، مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے نجش سے منع فرمایا۔
صحیح بخاری 6964
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبداللہ بن دینار سے، اُنہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ سے ذکر کیا کہ اُسے خرید و فروخت میں دھوکہ دے دیا جاتا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم کسی سے خریدو تو یہ کہہ دیا کرو: دغا نہ ہو۔
صحیح بخاری 6965
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: عروہ (بن زبیر) بیان کرتے تھے کہ اُنہوں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا: وَ اِنْ خِفْتُمْ اَلَّا تُقْسِطُوْا فِي الْيَتٰمٰى… یعنی اور اگر تمہیں (یہ) خوف ہو کہ تم یتیموں (کے بارہ) میں انصاف نہ کر سکو گے تو جو (صورت) تمہیں پسند ہو (کر لو) (یعنی غیر یتیم) عورتوں میں سے … نکاح کر لو۔ سے کیا مراد ہے؟ اُنہوں نے کہا: یہ وہ یتیم لڑکی ہے جو اپنے سر پرست کی پرورش میں ہو اور وہ اُس کے مال اور خوبصورتی کی وجہ سے چاہتا ہو کہ اس قسم کی عورتوں کا جو (حق مہر) عام طور پر ہوتا ہے اس سے کم دے کر اُس سے نکاح کر لے۔ اس لئے وہ یتیم لڑکیوں کے ایسے نکاح سے روک دئیے گئے تھے سوائے اس کے کہ وہ پورا پورا مہر دے کر اُن سے انصاف کریں۔ پھر اس آیت کے بعد لوگوں نے رسول اللہ ﷺ سے فتویٰ پوچھا تو اللہ نے یہ سورة نازل کی۔ وَ يَسْتَفْتُوْنَكَ۠ فِي النِّسَآءِ یعنی اور لوگ تجھ سے (ایک سے زیادہ) عورتوں (سے نکاح) کے متعلق (احکام) دریافت کرتے ہیں۔ شعیب نے وہ ساری حدیث بیان کی۔
صحیح بخاری 6966
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبداللہ بن دینار سے، اُنہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: ہر دغا باز کے لئے قیامت کے دن ایک جھنڈا ہوگا جس کے ذریعہ سے وہ پہچانا جائے گا۔
صحیح بخاری 6967
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے ہشام سے، ہشام نے عروہ سے، عروہ نے حضرت زینب بنت اُم سلمہؓ سے، انہوں نے حضرت اُم سلمہؓ سے، حضرت اُم سلمہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں تو ایک بشر ہی ہوں اور تم میرے پاس اپنے جھگڑے لاتے ہو اور کبھی تم میں سے کوئی کسی دوسرے کی نسبت اپنی دلیل کو اچھی طرح بیان کرتا ہے اور میں اُسی کے مطابق اُس کے حق میں فیصلہ کر دیتا ہوں جو میں سنتا ہوں۔ اس لئے میں نے کسی کو اُس کے بھائی کے حق میں سے دینے کا فیصلہ کیا تو وہ نہ لے کیونکہ میں تو اُس کو ایک آگ کا ٹکڑا ہی کاٹ کے دے رہا ہوں گا۔
صحیح بخاری 6968
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن ابی عبداللہ) نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ بن ابی کثیر نے ہم سے بیان کیا۔ یحيٰ نے ابوسلمہ (بن عبدالرحمٰن بن عوف) سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: باکرہ (کنواری) کا نکاح نہ کیا جائے جب تک اُس سے اجازت نہ لی جائے اور نہ ہی ثیبہ (بیوہ) کا جب تک اس سے مشورہ نہ لیا جائے۔ پوچھا گیا: یا رسول اللہ! اُس کی اجازت کیونکر ہوگی؟ آپؐ نے فرمایا: جب خاموش ہوگی۔ اور بعض لوگوں نے کہا: اگر باکرہ سے اجازت نہ لی جائے اور وہ نکاح نہ کرے اور ایک شخص حیلہ کر کے دو جھوٹے گواہ کھڑے کر دے کہ اُس نے اس کی رضا مندی سے اُس سے نکاح کیا اور قاضی اُس کے نکاح کو ثابت شدہ قرار دے اور وہ خاوند جانتا ہے کہ اُس کی شہادت باطل ہے تو کوئی قباحت نہیں کہ اُس سے جماع کرے اور یہ صحیح نکاح ہوگا۔
صحیح بخاری 6969
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ بن سعید نے ہم سے بیان کیا۔ یحيٰ نے قاسم (بن محمد) سے روایت کی کہ جعفر کی اولاد میں سے ایک عورت ڈری کہ اُس کا ولی اس کا نکاح نہ کردے اور وہ ناپسند کرتی تھی تو اُس نے انصار میں سے بڑی عمر کے دو افراد عبدالرحمٰن اور مجمع کو جو دونوں جاریہ کے بیٹے تھے، کہلا بھیجا تو اُن دونوں نے کہا: تم ڈرو نہیں کیونکہ حضرت خنساء بنت خدامؓ کا نکاح اُس کے باپ نے کردیا تھا اور وہ ناپسند کرتی تھیں تو نبی ﷺ نے اس نکاح کو باطل قرار دیا۔ سفیان کہتے تھے: عبدالرحمٰن جو ہیں تو میں نے اُن سے سنا۔ وہ اپنے باپ سے یوں نقل کرتے تھے کہ حضرت خنساءؓ … (آخر تک۔)
صحیح بخاری 6970
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابو سلمہ (بن عبدالرحمٰن) سے، ابو سلمہ نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بیوہ کا نکاح نہ کیا جائے جب تک کہ اس سے مشورہ نہ لیا جائے اور باکرہ (کنواری) کا نکاح نہ کیا جائے جب تک کہ اس سے اجازت نہ لی جائے۔ لوگوں نے کہا: اس کی اجازت کیسے ہوگی؟ آپؐ نے فرمایا: یہ کہ وہ خاموش رہے۔ اور بعض لوگوں نے کہا: اگر کوئی انسان ثیبہ (بیوہ) عورت کے نکاح کے متعلق دو جھوٹے گواہوں کے ذریعہ سے یہ حیلہ کرے کہ اس عورت کے مشورہ سے نکاح ہوا ہے اور قاضی اس شخص سے اس عورت کے نکاح کو ثابت شدہ قرار دے اور وہ خاوند جانتا ہو کہ اُس نے اُس سے کبھی نکاح نہیں کیا تو یہ نکاح اس شخص کے لئے جائز ہو سکتا ہے اور اس عورت کے ساتھ اس شخص کے ٹھہرنے میں کوئی قباحت نہیں۔
صحیح بخاری 6971
ابو عاصم (ضحاک بن مخلد) نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے ابن ابی ملیکہ سے، اُنہوں نے ذکوان سے، ذکوان نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ بیان کرتی ہیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کنواری سے اجازت لی جائے۔ میں نے کہا: کنواری تو شرماتی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اس کی اجازت اس کی خاموشی میں ہے اور بعض لوگوں نے کہا: اگر کوئی شخص کسی یتیم یا کنواری لڑکی پر فریفتہ ہو اور وہ نہ مانے۔ پھر وہ حیلہ کرکے دو جھوٹے گواہ اس بات پر لے آئے کہ اس نے اس سے نکاح کیا تھا اور وہ اب بالغ ہو چکی ہے اور وہ یتیم لڑکی راضی ہو گئی ہے تو قاضی جھوٹی گواہی کو قبول کر لے اور خاوند اس کے باطل ہونے کو جانتا ہو تو اس کے لئے تعلق قائم کرنا جائز ہوگا۔
صحیح بخاری 6972
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپؓ بیان کرتی ہیں: رسول اللہ ﷺ میٹھا پسند کرتے تھے اور شہد بھی پسند کرتے تھے اور آپؐ کی عادت تھی کہ جب عصر کی نماز پڑھ لیتے تو اپنی ازواج کے پاس سے ہو آتے اور اُن کے پاس بیٹھتے۔ ایک دن آپؐ حفصہؓ کے پاس گئے اور اُن کے ہاں اُس سے زیادہ دیر ٹھہرے رہے جو آپؐ عموماً ٹھہرا کرتے تھے۔ میں نے اِس کے متعلق پوچھا تو مجھے بتایا گیا کہ اُن کی قوم میں سے ایک عورت نے شہد کی کُپّی ہدیۃً بھیجی اور اُس نے رسول اللہ ﷺ کو اُس کا شربت پلایا۔ میں نے کہا: اچھا۔ اللہ کی قسم ہم بھی آپؐ کے لئے ضرور کوئی حیلہ کریں گی۔ میں نے سودہؓ سے اس کا ذکر کیا اور میں نے اُن سے کہا: جب آنحضرتؐ تمہارے پاس آئیں اور وہ تمہارے پاس بیٹھیں تو تم آنحضرتؐ سے کہنا: یا رسول اللہ! آپؐ نے ہینگ کھائی ہے؟ تو آپؐ یہی کہیں گے: نہیں۔ تو تم کہنا: یہ بُو کیا ہے؟ اور رسول اللہ ﷺ کو اس سے سخت تکلیف ہوتی تھی اگر آپؐ سے بو محسوس ہوتی ہو، تو آپؐ یہی کہیں گے کہ حفصہؓ نے مجھے شہد کا شربت پلایا ہے تو تم آنحضرتؐ سے کہنا: اس شہد کی مکھی نے عُرفُط کا رَس چوسا ہوگا اور میں بھی یہی کہوں گی اور صفیہؓ تم بھی ایسا ہی کہنا۔ جب آپؐ سودہؓ کے پاس آئے۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: سودہؓ کہتی تھیں: اُسی ذات کی قسم جس کے سوا کوئی معبود نہیں! تم سے ڈر کر میں قریب ہی تھی کہ آپؐ سے جلدی سے وہی بات کہہ دوں جو تم نے مجھے کہی تھی اور ابھی آپؐ دروازے پر ہی تھے۔ جب رسول اللہ ﷺ میرے پاس آئے میں نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے ہینگ کھائی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں تو۔ میں نے کہا: یہ بُو کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: حفصہؓ نے مجھے شہد کا شربت پلایا تھا۔ میں نے کہا: اس شہد کی مکھی نے عُرفُط کا رَس چوسا ہوگا۔ (حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں:) جب آپؐ میرے پاس آئے میں نے بھی آپؐ سے اِسی طرح کہا اور آپؐ صفیہؓ کے پاس آئے تو اُنہوں نے بھی آپؐ سے اِسی طرح کہا۔ پھر جب آپؐ حفصہؓ کے پاس آئے وہ آپؐ کو کہنے لگیں: یا رسول اللہ! کیا آپؐ کو وہی شربت نہ پلاؤں؟ آپؐ نے فرمایا: مجھے اس کی ضرورت نہیں۔ حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں: سودہؓ کہنے لگیں: سبحان اللہ ہم نے آپؐ کو شہد سے محروم کردیا۔ حضرت عائشہ کہتی تھیں، میں نے اُن کو کہا: چپ کرو۔