کتاب 3: باب فِي الزَّكَاةِ وَأَنْ لاَ يُفَرَّقَ بَيْنَ مُجْتَمِعٍ، وَلاَ يُجْمَعَ بَيْنَ مُتَفَرِّقٍ، خَشْيَةَ الصَّدَقَةِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 6955

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ الأَنْصَارِيُّ حَدَّثَنَا أَبِي حَدَّثَنَا ثُمَامَةُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَنَسٍ أَنَّ أَنَسًا حَدَّثَهُ أَنَّ أَبَا بَكْرٍ كَتَبَ لَهُ فَرِيضَةَ الصَّدَقَةِ الَّتِي فَرَضَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " وَلاَ يُجْمَعُ بَيْنَ مُتَفَرِّقٍ وَلاَ يُفَرَّقُ بَيْنَ مُجْتَمِعٍ خَشْيَةَ الصَّدَقَةِ ".

محمد بن عبداللہ انصاری نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ ثمامہ بن عبداللہ بن انس نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت انسؓ نے اُنہیں بتایا کہ حضرت ابوبکرؓ نے اُن کو صدقہ کا وہ فرض جو رسول اللہ ﷺ نے مقرر کیا تھا لکھ کر دیا اور (اس میں یہ بھی تھا کہ) جو الگ الگ مال ہو اُس کو اکٹھا نہ کیا جائے اور جو اکٹھا ہو اُس کو علیحدہ نہ کرے اس ڈر سے کہ کہیں صدقہ دینا پڑے۔

صحیح بخاری 6956

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ جَعْفَرٍ عَنْ أَبِي سُهَيْلٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ طَلْحَةَ بْنِ عُبَيْدِ اللَّهِ أَنَّ أَعْرَابِيًّا جَاءَ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم ثَائِرَ الرَّأْسِ فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَخْبِرْنِي مَاذَا فَرَضَ اللَّهُ عَلَىَّ مِنَ الصَّلاَةِ فَقَالَ " الصَّلَوَاتِ الْخَمْسَ إِلاَّ أَنْ تَطَوَّعَ شَيْئًا ". فَقَالَ أَخْبِرْنِي بِمَا فَرَضَ اللَّهُ عَلَىَّ مِنَ الصِّيَامِ قَالَ " شَهْرَ رَمَضَانَ إِلاَّ أَنْ تَطَوَّعَ شَيْئًا ". قَالَ أَخْبِرْنِي بِمَا فَرَضَ اللَّهُ عَلَىَّ مِنَ الزَّكَاةِ قَالَ فَأَخْبَرَهُ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم شَرَائِعَ الإِسْلاَمِ. قَالَ وَالَّذِي أَكْرَمَكَ لاَ أَتَطَوَّعُ شَيْئًا وَلاَ أَنْقُصُ مِمَّا فَرَضَ اللَّهُ عَلَىَّ شَيْئًا. فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " أَفْلَحَ إِنْ صَدَقَ ". أَوْ " دَخَلَ الْجَنَّةَ إِنْ صَدَقَ ". وَقَالَ بَعْضُ النَّاسِ فِي عِشْرِينَ وَمِائَةِ بَعِيرٍ حِقَّتَانِ. فَإِنْ أَهْلَكَهَا مُتَعَمِّدًا أَوْ وَهَبَهَا أَوِ احْتَالَ فِيهَا فِرَارًا مِنَ الزَّكَاةِ فَلاَ شَىْءَ عَلَيْهِ.

قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابو سہیل سے، ابو سہیل نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت طلحہ بن عبیداللہؓ سے روایت کی کہ ایک اعرابی پریشان سر رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! مجھے بتائیں کہ اللہ نے مجھ پر کیا کیا نماز فرض کی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: پانچ نمازیں سوائے اِس کے کہ تم خوشی سے کوئی اور نماز پڑھو۔ اس نے کہا: مجھے بتائیں اللہ نے مجھ پر جو روزے فرض کئے ہیں، آپؐ نے فرمایا: رمضان کا مہینہ سوائے اِس کے کہ تم خوشی سے کوئی اور روزے رکھو۔ اُس نے کہا: مجھے بتائیں جو زکوٰة اللہ نے مجھ پر مقرر کی ہے؟ حضرت طلحہؓ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے اس کو اسلام کے شرعی احکام بتائے۔ اُس نے کہا: اُسی ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو عزت دی۔ میں اپنی خوشی سے نہ کچھ اور کروں گا اور نہ ہی اِس سے کم کروں گا جو اللہ نے مجھ پر فرض کیا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ بامراد ہو گیا اگر یہ سچا ہے یا (فرمایا:) جنت میں داخل ہو گیا اگر یہ سچا ہے۔ اور بعض لوگوں نے کہا کہ ایک سو بیس اونٹ میں تین تین برس کی دو اونٹنیاں زکوٰة ہوتی ہے۔ پھر اگر کسی نے اس کو عمداً تلف کر دیا یا اس کو ہبہ کر دیا یا زکوٰة سے بچنے کے لئے ان کے متعلق کوئی اور حیلہ کیا تو اُس پر کوئی زکوٰة نہیں۔

صحیح بخاری 6957

حَدَّثَنِي إِسْحَاقُ حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ حَدَّثَنَا مَعْمَرٌ عَنْ هَمَّامٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " يَكُونُ كَنْزُ أَحَدِكُمْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ شُجَاعًا أَقْرَعَ يَفِرُّ مِنْهُ صَاحِبُهُ فَيَطْلُبُهُ وَيَقُولُ أَنَا كَنْزُكَ. قَالَ وَاللَّهِ لَنْ يَزَالَ يَطْلُبُهُ حَتَّى يَبْسُطَ يَدَهُ فَيُلْقِمَهَا فَاهُ ".

اسحاق (بن راہویہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے ایک کا خزانہ قیامت کے دن گنجا سانپ ہوگا۔ خزانے والا اُس سے بھاگتا پھرے گا اور وہ اس کے پیچھے لگے گا اور کہے گا: میں تیرا خزانہ ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم اس کے پیچھے لگا رہے گا یہاں تک کہ وہ اپنا ہاتھ بڑھا کر اس کے منہ میں اس کو دے دے گا۔

صحیح بخاری 6958

وَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " إِذَا مَا رَبُّ النَّعَمِ لَمْ يُعْطِ حَقَّهَا تُسَلَّطُ عَلَيْهِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ تَخْبِطُ وَجْهَهُ بِأَخْفَافِهَا ". وَقَالَ بَعْضُ النَّاسِ فِي رَجُلٍ لَهُ إِبِلٌ فَخَافَ أَنْ تَجِبَ عَلَيْهِ الصَّدَقَةُ فَبَاعَهَا بِإِبِلٍ مِثْلِهَا أَوْ بِغَنَمٍ أَوْ بِبَقَرٍ أَوْ بِدَرَاهِمَ فِرَارًا مِنَ الصَّدَقَةِ بِيَوْمٍ احْتِيَالاً فَلاَ بَأْسَ عَلَيْهِ وَهْوَ يَقُولُ إِنْ زَكَّى إِبِلَهُ قَبْلَ أَنْ يَحُولَ الْحَوْلُ بِيَوْمٍ أَوْ بِسَنَةٍ جَازَتْ عَنْهُ.

اور رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر چوپایوں کا مالک حق نہ دے گا تو وہ جانور قیامت کے دن اُس پر مسلط کئے جائیں گے۔ وہ اپنے کُھروں سے اُس کے منہ کو روندیں گے اور بعض لوگوں نے ایسے شخص کے متعلق کہا جس کے کچھ اونٹ ہوں اور وہ ڈرے کہ کہیں اُس پر صدقہ واجب ہو جائے گا اور وہ اُن کو ایسے ہی اونٹوں یا بکریوں یا گائیوں یا روپے کے بدلے صدقہ سے بچنے کے لئے حیلہ کر کے ایک دن پہلے بیچ دے تو اُس کے ذمہ کچھ نہ ہوگا اور یہی لوگ کہتے ہیں: اگر ایک سال گزرنے سے ایک دن پہلے یا ایک ہفتہ پہلے اپنے اونٹوں کی زکوٰة دے دے تو اُس کی طرف سے یہ درست ہوگی۔

صحیح بخاری 6959

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا لَيْثٌ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُتْبَةَ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ أَنَّهُ قَالَ اسْتَفْتَى سَعْدُ بْنُ عُبَادَةَ الأَنْصَارِيُّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فِي نَذْرٍ كَانَ عَلَى أُمِّهِ تُوُفِّيَتْ قَبْلَ أَنْ تَقْضِيَهُ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " اقْضِهِ عَنْهَا ". وَقَالَ بَعْضُ النَّاسِ إِذَا بَلَغَتِ الإِبِلُ عِشْرِينَ فَفِيهَا أَرْبَعُ شِيَاهٍ فَإِنْ وَهَبَهَا قَبْلَ الْحَوْلِ أَوْ بَاعَهَا فِرَارًا وَاحْتِيَالاً لإِسْقَاطِ الزَّكَاةِ فَلاَ شَىْءَ عَلَيْهِ وَكَذَلِكَ إِنْ أَتْلَفَهَا فَمَاتَ فَلاَ شَىْءَ فِي مَالِهِ.

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ حضرت سعد بن عبادہ انصاریؓ نے رسول اللہ ﷺ سے اُس نذر کے متعلق مسئلہ پوچھا جو اُن کی ماں کے ذمہ تھی۔ وہ اُس نذر کو ادا کرنے سے پہلے فوت ہوگئی تھی، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اُس کی طرف سے ادا کرو اور بعض لوگوں نے کہا: جب اونٹ بیس کی تعداد کو پہنچ جائیں تو اُن میں چار بکریاں زکوٰة ہوگی۔ اگر اُن کو سال گزرنے سے پہلے ہبہ کر دے یا اُن کو بیچ دے تاکہ بچ جائے یا زکوٰة کو ساقط کرنے کے لیے بہانہ مل جائے تو اُس کے ذمہ کچھ نہ ہوگا اور اِسی طرح اگر اُن کو تلف کر دے اور وہ مر جائے تو بھی اُس کے مال میں زکوٰة نہیں ہوگی۔

10 von 10 heute frei