کتاب 4: باب الْحِيلَةِ فِي النِّكَاحِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6960
ہم سے مسدد نے بیان کیا کہ ہمیں یحيٰ بن سعید نے عبیداللہ (عمری) سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ اُنہوں نے کہا: نافع نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے شغار سے منع فرمایا۔ میں نے نافع سے پوچھا: شغار کیا ہوتا ہے؟ اُنہوں نے کہا: کوئی شخص کسی آدمی کی بیٹی سے نکاح کرے اور اپنی بیٹی کا نکاح اُس سے بغیر مہر کے کر دے اور یا وہ کسی آدمی کی بہن سے نکاح کرے اور وہ اس سے اپنی بہن کا نکاح بغیر مہر کے کرے اور بعض لوگوں نے کہا: اگر حیلہ کر کے کسی نے نکاح شغار کر لیا تو یہ نکاح جائز ہوگا اور شرط باطل ہوگی اور انہی لوگوں نے متعہ کے متعلق کہا کہ یہ نکاح فاسد ہے اور شرط بھی باطل ہے اور اُن میں سے بعض نے کہا: متعہ اور شغار جائز ہے اور شرط باطل ہے۔
صحیح بخاری 6961
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبیداللہ بن عمر سے روایت کی کہ زُہری نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حسن اور عبداللہ سے جو دونوں محمد بن علی کے بیٹے تھے۔ اُن دونوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے کہا گیا کہ حضرت ابن عباسؓ عورتوں سے متعہ کرنے میں کوئی قباحت نہیں سمجھتے تھے۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے خبیر کے دن اِس سے منع فرمایا نیز پالتو گدھوں کے گوشت سے بھی اور بعض لوگوں نے کہا: اگر حیلہ کرکے کسی نے متعہ کر لیا تو نکاح فاسد ہوگا اور اُن میں سے بعض نے کہا کہ یہ نکاح جائز ہوگا اور شرط باطل ہوگی۔