کتاب 11: باب رُؤْيَا اللَّيْلِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6998
احمد بن مقدام عِجلی نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن عبدالرحمٰن طفاوی نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، محمد نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: مجھے کلمات کی چابیاں دی گئی ہیں اور رعب سے میری مدد کی گئی ہے اور گزشتہ رات میں سویا ہوا تھا کہ اتنے میں زمین کے خزانوں کی چابیاں میرے پاس لا کر میرے ہاتھ میں رکھ دی گئیں۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ تو چلے گئے اور اب تم اِن خزانوں کو اٹھا اٹھا کر لا رہے ہو۔
صحیح بخاری 6999
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: آج رات میں نے اپنے آپؐ کو کعبہ کے پاس خواب میں دیکھا۔ اتنے میں مَیں نے ایک گندم گوں شخص دیکھا جو نہایت خوبصورت تھا ایسا خوبصورت کہ جو تم گندمی رنگ کے مردوں میں دیکھا کرتے ہو۔ اس کے پٹے تھے ایسے خوبصورت کہ جو تم خوبصورت سے خوبصورت پٹے دیکھا کرتے ہو۔ اس نے ان کو کنگھی کی ہوئی تھی ان سے پانی ٹپک رہا تھا دو مردوں پر سہارا لئے ہوئے تھا یا فرمایا دو مردوں کے کندھوں پر سہارا لئے ہوئے تھا۔ بیت اللہ کا طواف کر رہا تھا۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ مجھ سے کہا گیا: مسیح ابن مریم۔ پھر اتنے میں کیا دیکھتا ہوں کہ ایک اور شخص ہے گنگھریالے بالوں والا بہت ہی گنگھریالے، داہنی آنکھ سے کانا ایسی معلوم ہوتی تھی جیسے کہ وہ پھولا ہوا انگور ہے۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ تو کہا گیا یہ مسیح دجال ہے۔
صحیح بخاری 7000
یحيٰ (بن عبد اللہ بن بکیر) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، اُنہوں نے عبیداللہ بن عبداللہ سے روایت کی کہ حضرت ابن عباسؓ بیان کرتے تھے کہ ایک شخص رسول اللہ کے پاس آیا اور کہنے لگا: مجھے آج رات خواب میں دکھایا گیا ہے۔ اور (ابن شہاب نے) ساری حدیث بیان کی۔ اور (یونس کی طرح) سلیمان بن کثیر اور زہری کے بھتیجے اور سفیان بن حسین نے بھی زہری سے روایت کرتے ہوئے اس کو بیان کیا۔ اُنہوں نے عبیداللہ (بن عبداللہ) سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور زبیدی نے زہری سے روایت کرتے ہوئے کہا۔ زہری نے عبیداللہ سے یوں نقل کیا کہ حضرت ابن عباسؓ یا حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور شعیب اور اسحاق بن یحيٰ نے زہری سے یوں نقل کیا کہ حضرت ابوہریرہؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بیان کرتے تھے اور معمر (بن راشد) اس حدیث کو پہلے متصلاً نہیں بیان کرتے تھے۔ پھر بعد میں کرنے لگے۔