کتاب 26: باب الْقَيْدِ فِي الْمَنَامِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7017
عبداللہ بن صباح نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا میں نے عوف (بن ابی جمیلہ) سے سنا۔ اُنہوں نے کہا محمد بن سیرین نے ہم سے بیان کیا کہ اُنہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب وہ زمانہ آجائے گا تو مؤمن کا کوئی خواب بھی جھوٹا نہ ہوگا اور مؤمن کا خواب نبوت کے چھیالیس حصوں میں سے ایک حصہ ہے۔ اور جو نبوت میں سے ہو وہ جھوٹ نہیں ہو سکتا۔ محمد (بن سیرین) نے کہا اور میں بھی یہی کہتا ہوں۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے۔ یہ کہا جاتا تھا کہ خواب تین قسم کا ہوتا ہے۔ ایک نفسانی خیالات اور ایک شیطان کا ڈراوا اور ایک اللہ کی طرف سے بشارت۔ اس لئے جو شخص ایسی بات دیکھے جس کو وہ ناپسند کرتا ہو تو وہ اسے کسی سے بیان نہ کرے اور اُٹھ کر نماز پڑھے۔ (محمد بن سیرین) کہتے تھے۔ حضرت ابوہریرہؓ خواب میں گلے کا طوق برا سمجھتے تھے اور پاؤں کی بیڑیاں اچھی سمجھتے تھے اور کہا جاتا ہے کہ بیڑی سے مراد دین کی مضبوطی ہے۔ اور قتادہ اور یونس اور ہشام اور ابوہلال نے بھی اس حدیث کو ابنِ سیرین سے روایت کیا۔ اُنہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے اور بعض راویوں نے ان ساری باتوں کو حدیث میں ہی شامل کر دیا ہے اور عوف (اعرابی) کا بیان سب سے زیادہ واضح ہے اور یونس نے کہا: بیڑی کے متعلق میں سمجھتا ہوں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے ہی انہوں نے روایت کی۔ ابوعبداللہ (امام بخاری) نے کہا: أَغْلَالُ یعنی طوق گردنوں میں ہی ہوتے ہیں۔