کتاب 29: باب نَزْعِ الذَّنُوبِ وَالذَّنُوبَيْنِ مِنَ الْبِئْرِ بِضَعْفٍ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 7020

حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُونُسَ حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ حَدَّثَنَا مُوسَى عَنْ سَالِمٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ رُؤْيَا النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فِي أَبِي بَكْرٍ وَعُمَرَ قَالَ " رَأَيْتُ النَّاسَ اجْتَمَعُوا فَقَامَ أَبُو بَكْرٍ فَنَزَعَ ذَنُوبًا أَوْ ذَنُوبَيْنِ وَفِي نَزْعِهِ ضَعْفٌ وَاللَّهُ يَغْفِرُ لَهُ ثُمَّ قَامَ ابْنُ الْخَطَّابِ فَاسْتَحَالَتْ غَرْبًا فَمَا رَأَيْتُ مِنَ النَّاسِ يَفْرِي فَرْيَهُ حَتَّى ضَرَبَ النَّاسُ بِعَطَنٍ ".

احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ زہیر (بن معاویہ) نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ (بن عقبہ) نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ سے روایت کی۔ ان کے باپ نبی ﷺ کی اس خواب کے متعلق جو آپ نے حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ کے بارے میں دیکھی تھی روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے لوگوں کو دیکھا اکٹھے ہیں۔ ابوبکرؓ کھڑے ہوئے اور اُنہوں نے ایک یا دو ڈول کھینچ کر نکالے اور اُن کے کھینچنے میں کچھ کمزوری تھی۔ اللہ اُن کی کمزوری پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے اُن سے درگزر کرے۔ پھر ابن خطابؓ کھڑے ہوئے اور وہ ڈول چرسے میں تبدیل ہوگیا۔ میں نے لوگوں میں کوئی نہیں دیکھا جو ان کا سا حیرت انگیز کام کرتا ہو۔ اتنا پانی نکالا کہ لوگ سیر ہو کر اس گھاٹ کے آس پاس جا بیٹھے۔

صحیح بخاری 7021

حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ عُفَيْرٍ حَدَّثَنِي اللَّيْثُ قَالَ حَدَّثَنِي عُقَيْلٌ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ أَخْبَرَنِي سَعِيدٌ أَنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ أَخْبَرَهُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " بَيْنَا أَنَا نَائِمٌ رَأَيْتُنِي عَلَى قَلِيبٍ وَعَلَيْهَا دَلْوٌ فَنَزَعْتُ مِنْهَا مَا شَاءَ اللَّهُ ثُمَّ أَخَذَهَا ابْنُ أَبِي قُحَافَةَ فَنَزَعَ مِنْهَا ذَنُوبًا أَوْ ذَنُوبَيْنِ وَفِي نَزْعِهِ ضَعْفٌ وَاللَّهُ يَغْفِرُ لَهُ ثُمَّ اسْتَحَالَتْ غَرْبًا فَأَخَذَهَا عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ فَلَمْ أَرَ عَبْقَرِيًّا مِنَ النَّاسِ يَنْزِعُ نَزْعَ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ حَتَّى ضَرَبَ النَّاسُ بِعَطَنٍ ".

سعید بن عفیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا عقیل نے مجھ سے بیان کیا۔ عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ سعید نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابوہریرہؓ نے اُنہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں سو رہا تھا کہ میں نے اپنے آپ کو ایک کنوئیں پر دیکھا اور اس پر ایک ڈول دھرا ہے۔ تو میں نے اس کنوئیں سے جتنا اللہ نے چاہا پانی کھینچ کر نکالا۔ پھر ابوقحافہ کے بیٹے نے اس ڈول کو لیا اور کنوئیں سے ایک یا دو ڈول نکالے اور ان کے کھینچنے میں کچھ کمزوری تھی۔ اللہ اُن کی کمزوری پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے ان سے درگزر فرمائے۔ پھر وہ ڈول ایک چرسہ میں تبدیل ہوگیا تو پھر عمر بن خطابؓ نے اسے لیا اور میں نے لوگوں میں سے کوئی ایسا شہ زور نہیں دیکھا جو عمر بن خطابؓ کی طرح پانی نکالتا ہو۔ اتنا پانی نکالا کہ لوگ سیر ہو کر گھاٹ کے آس پاس اپنے تھانوں میں اطمینان سے جا بیٹھے۔

10 von 10 heute frei