کتاب 33: باب الطَّوَافِ بِالْكَعْبَةِ فِي الْمَنَامِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7026
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی کہ مجھے سالم بن عبداللہ بن عمر نے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں سویا ہوا تھا کہ میں نے اپنے آپ کو دیکھا کہ کعبہ کا طواف کر رہا ہوں۔ اتنے میں یکایک کیا دیکھتا ہوں کہ ایک گندم گوں شخص جس کے بال سیدھے ہیں دو مردوں کے درمیان چلا جا رہا ہے۔ اس کا سر پانی سے ٹپک رہا ہے۔ میں نے کہا: یہ کون ہے؟ لوگوں نے کہا: ابن مریم۔ پھر میں مڑ کر جو دیکھنے لگا تو اچانک کیا دیکھتا ہوں کہ ایک شخص ہے جو سرخ رنگ بھاری بھرکم، سر کے بال گھنگریالے، داہنی آنکھ سے کانا جیسے کہ اس کی آنکھ ایک پھولا ہوا انگور ہوتا ہے۔ میں نے کہا: یہ کون ہے؟ انہوں نے کہا: یہ دجال ہے۔ لوگوں میں سے جو اس سے بہت ملتا جلتا ہے ابن قطن ہے اور ابن قطن بنو مصطلق میں سے ایک شخص تھا جو خزاعہ کا ایک قبیلہ ہے۔