کتاب 47: باب مَنْ لَمْ يَرَ الرُّؤْيَا لأَوَّلِ عَابِرٍ إِذَا لَمْ يُصِبْ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7046
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے روایت کی کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے تھے کہ ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا۔ میں نے آج رات خواب میں ایک ابر کا ٹکڑا دیکھا کہ جس سے گھی اور شہد ٹپک رہا ہے اور میں لوگوں کو دیکھ رہا ہوں کہ ہاتھوں میں اُنہیں لے رہے ہیں۔ کوئی بہت لے رہا ہے اور کوئی تھوڑا۔ اتنے میں کیا دیکھتا ہوں کہ ایک رسی ہے جو زمین سے آسمان تک پہنچی ہوئی ہے اور میں نے آپؐ کو دیکھا کہ آپؐ نے اس کو پکڑ لیا اور اوپر چڑھ گئے۔ پھر ایک اور شخص نے اس کو پکڑا اور اس کے ذریعہ سے اوپر چڑھ گیا۔ پھر ایک اور شخص نے اس کو پکڑا اور اس کے ذریعہ سے اوپر چڑھا۔ پھر ایک اور شخص نے اس کو پکڑا اَور وہ رسی ٹوٹ گئی۔ پھر اس کے بعد وہ جوڑ دی گئی۔ تو حضرت ابوبکرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میرا باپ آپؐ پر قربان اللہ کی قسم آپؐ مجھے اجازت دیں کہ اس کی تعبیر کروں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: کرو۔ اُنہوں نے کہا: ابر کا ٹکڑا جو ہے تو اسلام ہے اور وہ جو شہد اور گھی ٹپک رہا ہے تو یہ قرآن ہے جس کی شیرینی ٹپک رہی ہے۔ اب قرآن سے کوئی بہت مزہ لے رہا ہے اور کوئی کم مزہ لے رہا ہے اور وہ رسی جو آسمان سے زمین تک پہنچی ہوئی ہے تو یہ، وہ سچائی ہے جس پر آپؐ ہیں۔ آپؐ اس پر کاربند رہیں گے یہاں تک کہ اللہ آپ کو بلند مقام پر پہنچا دے۔ پھر اس کے بعد ایک شخص اس سچائی پر عمل کرے گا اور آخر وہ بھی اعلیٰ مقام پر پہنچ جائے گا۔ پھر اس کے بعد ایک اور شخص اس پر عمل کرے گا اور وہ اس کے ذریعہ اعلیٰ مقام پر پہنچے گا۔ پھر اس کے بعد ایک اور شخص اس کو لے گا تو وہ رسی کٹ جائے گی۔ پھر اس کے لئے وہ جوڑ دی جائے گی اور وہ بھی اس کے ذریعہ سے اعلیٰ مقام پر پہنچ جائے گا۔ یا رسول اللہ! میرا باپ آپؐ پر قربان، مجھے بتائیں کیا میں نے صحیح تعبیر کی یا غلط؟ نبی ﷺ نے فرمایا: کچھ ٹھیک کی اور کچھ غلط۔ حضرت ابوبکرؓ کہنے لگے: تو پھر اللہ کی قسم، یا رسول اللہ! آپؐ مجھے ضرور بتائیں جس بات میں میں نے غلطی کی۔ آپؐ نے فرمایا: قسم نہ کھاؤ۔