کتاب 48: باب تَعْبِيرِ الرُّؤْيَا بَعْدَ صَلاَةِ الصُّبْحِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7047
مؤمل بن ہشام ابوہشام نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ عوف نے ہم سے بیان کیا۔ ابورجاء نے ہمیں بتایا۔ حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ اپنے صحابہ سے اکثر یہ بھی پوچھا کرتے تھے۔ کیا تم میں سے کسی نے کوئی خواب دیکھا؟ حضرت سمرہؓ کہتے تھے: تو پھر وہ لوگ جن کے متعلق اللہ چاہتا کہ بیان کریں آپؐ سے بیان کرتے اور ایک دن صبح کے وقت آپؐ نے فرمایا۔ آج رات دو آنے والے میرے پاس آئے۔ اُنہوں نے مجھے اُٹھایا اور مجھ سے کہنے لگے: چلو۔ میں اُن کے ساتھ چل پڑا اور ہم ایک شخص کے پاس آئے جو لیٹا ہوا تھا اور اتنے میں دیکھا کہ ایک دوسرا شخص بھی ہے جو پتھر لیے اس کے پاس کھڑا ہے اور وہ جھک کر پتھر اس کے سر پر مارتا ہے اور سر کو پھوڑ دیتا ہے اور پھر وہ پتھر ادھر ڈھلک جاتا اور وہ پتھر کے پیچھے جاتا اور اس کو لیتا اور ابھی اس کے پاس لوٹ کر نہ آتا کہ اس کا سر ویسے ہی درست ہوجاتا جیسے پہلے تھا۔ پھر وہ اس کے پاس آتا اور اس سے وہی کرتا جو پہلی دفعہ کیا۔ آپؐ فرماتے تھے۔ میں نے اُن سے پوچھا: سبحان اللہ یہ دونوں کون ہیں؟ آپؐ فرماتے تھے۔ ان دونوں نے مجھ سے کہا: چلے چلو۔ (فرماتے تھے:) ہم چل پڑے اور ایک شخص کے پاس آئے جو اپنی گدی کے بل چت لیٹا ہوا تھا اور ایک اور شخص ہے جو اس کے پاس لوہے کا کانٹا لئے کھڑا ہے اور وہ اس کے منہ کے ایک طرف جاکر اس کی باچھ اس کی گدی تک چیر ڈالتا اور اس کا نتھنا بھی گدی تک اور اس کی آنکھ بھی گدی تک چیر ڈالتا (اور عوف اعرابی کہتے تھے) اور کبھی ابورجاء نے بجائے يُشَرْشِرُ کے يَشُقُّ کہا۔ آپؐ فرماتے تھے۔ اس کے بعد وہاں سے ہٹ کر دوسرے رخسار کی طرف جاتا اور اس سے وہی کرتا جو اس نے اس کے منہ کے پہلے رخسار سے کیا تھا۔ اس طرف سے ابھی فارغ نہ ہوتا کہ وہ پہلی طرف ویسی اچھی بھلی ہوجاتی جیسی پہلے تھی۔ پھر اس کے پاس آتا اور ویسے ہی کرتا جو اس نے پہلی بار کیا تھا فرماتے تھے۔ میں نے کہا: سبحان اللہ یہ کون ہیں؟ فرماتے تھے۔ اُن دونوں نے مجھ سے کہا: چلے چلو۔ ہم چل پڑے۔ پھر ایک ایسے گڑھے پر پہنچے جو تنور کی طرح تھا۔ حضرت سمرہ بن جندبؓ کہتے تھے۔ میں سمجھتا ہوں کہ آپؐ یہ فرمایا کرتے تھے۔ تو کیا سنتا ہوں کہ اس گڑھے میں شور و غل ہے۔ فرماتے تھے۔ ہم نے اس میں جھانکا تو کیا دیکھا کہ اس میں مرد اور عورتیں ہیں جو ننگے ہیں اور کیا دیکھتے ہیں کہ اُن کے نیچے سے شعلے اُٹھ کر اُن پر لپک رہے ہیں۔ جب وہ شعلے اُن پر لپکتے وہ چیختے چلاتے۔ فرماتے تھے۔ میں نے ان دونوں سے پوچھا: یہ کون ہیں؟ اُنہوں نے مجھ سے کہا: چلے چلو۔ (فرماتے تھے:) ہم چل پڑے اور ایک ندی پر پہنچے۔ (حضرت سمرہؓ کہتے تھے:) میں سمجھتا ہوں آپؐ فرمایا کرتے تھے جو خون کی طرح لال تھی اور کیا دیکھتے ہیں کہ اس ندی میں ایک تیراک شخص تیر رہا ہے اور کیا دیکھا کہ اس ندی کے کنارے پر ایک شخص ہے جس نے اپنے پاس بہت سے پتھر اکٹھے کررکھے ہیں اور تیراک تیرتا رہتا ہے جتنی دیر تیرتا ہے پھر وہ اس شخص کی طرف منہ کرتا ہے جس نے اپنے پاس پتھر اکٹھے کررکھے ہیں اور اس کے سامنے اپنا منہ کھول دیتا ہے تو وہ اس کے منہ میں وہ پتھر ڈال دیتا ہے اور پھر وہ جاکر تیرنے لگتا ہے۔ پھر کچھ تھوڑی دیر بعد وہ اس کے پاس لوٹ آتا ہے۔ جب کبھی وہ اس کے پاس لوٹ کر آتا ہے اپنا منہ اس کے سامنے کھول دیتا ہے اور وہ اس کے منہ میں پتھر ڈال دیتا ہے۔ آپؐ فرماتے تھے۔ میں نے اُن سے پوچھا: یہ دونوں کون ہیں؟ فرماتے تھے۔ ان دونوں نے مجھ سے کہا: چلے چلو۔ فرماتے تھے۔ ہم چل پڑے اور ہم ایسے شخص کے پاس آئے جو بدصورت تھا بہت ہی بدصورت ایسا کہ تم نے کبھی کسی شخص کو دیکھا ہو کیا دیکھتے ہیں کہ اس کے پاس آگ ہے جسے وہ سلگا رہا ہے اور اس کے گردا گرد دوڑ رہا ہے۔ آپ فرماتے تھے۔ میں نے ان سے کہا: یہ کون ہے؟ فرماتے تھے۔ ان دونوں نے مجھ سے کہا: چلے چلو۔ ہم چل پڑے اور سرسبز باغیچہ کے پاس پہنچے جس میں موسم بہار کے ہر قسم کے غنچے تھے اور اس باغیچہ کے درمیان ایک لمبا شخص ہے اتنا لمبا کہ اونچائی کی وجہ سے میں اس کا سر بھی نہ دیکھ سکتا تھا اور کیا دیکھتا ہوں کہ اس شخص کے گردا گرد اس کثرت سے بچے ہیں کہ جو میں نے کبھی دیکھے۔ فرماتے تھے۔ میں نے ان سے پوچھا: یہ کون ہے اور یہ کون ہیں؟ فرماتے تھے۔ انہوں نے مجھ سے کہا: چلے چلو۔ آپ فرماتے تھے۔ ہم چل پڑے اور ایک بہت ہی بڑے باغ پر پہنچے۔ میں نے نہ کبھی اس سے بڑا اور نہ اس سے بڑھ کر خوبصورت کبھی کوئی باغ دیکھا۔ فرماتے تھے۔ انہوں نے مجھ سے کہا: (اس درخت پر) چڑھ جاؤ۔ فرماتے تھے۔ ہم اس پر چڑھ گئے اور ایک ایسے شہر پر پہنچے جو سونے کی اینٹوں اور چاندی کی اینٹوں سے بنا تھا اور ہم شہر کے دروازے پر آئے اور دروازہ کھولنے کے لئے کہا۔ وہ ہمارے لئے کھول دیا گیا۔ ہم اس کے اندر گئے تو ہم کو ایسے آدمی ملے کہ جن کا آدھا دھڑ نہایت ہی خوبصورت ایسا کہ جو تم نے کبھی دیکھا ہو اور آدھا دھڑ نہایت ہی بدصورت ایسا کہ جو تم نے کبھی دیکھا ہو۔ فرماتے تھے۔ ان دونوں نے ان لوگوں سے کہا: چلے جاؤ اور اس ندی میں داخل ہوجاؤ۔ آپ فرماتے تھے اور کیا دیکھتے ہیں کہ ایک ندی ہے جو سامنے بہہ رہی ہے اس کا پانی ایسا صاف جیسا سفیدی میں خالص (دودھ ہوتا ہے۔) چنانچہ وہ لوگ گئے اور اس میں کود پڑے۔ پھر وہ ہمارے پاس لوٹ کر آئے وہ بدصورتی ان سے جاتی رہی اور وہ نہایت ہی خوبصورت ہو گئے۔ آپؐ فرماتے تھے۔ ان دونوں نے مجھ سے کہا: یہ جنت عدن ہے اور وہ تمہارے ٹھہرنے کی جگہ ہے۔ آپؐ فرماتے تھے میری نگاہ جو اوپر اٹھی تو کیا دیکھتا ہوں کہ ایک محل ہے جو سفید ابر کی مانند ہے اور فرماتے تھے ان دونوں نے مجھ سے کہا۔ یہی تمہارے ٹھہرنے کی جگہ ہے۔ فرماتے تھے۔ میں نے ان سے کہا: تم دونوں کو اللہ برکت دے مجھے اجازت دو کہ میں اس کے اندر جاؤں۔ ان دونوں نے کہا: ابھی تو نہیں اور تم اس میں داخل ہوگے۔ فرماتے تھے: میں نے ان سے کہا کہ آج جو میں نے عجیب باتیں دیکھیں ہیں تو وہ کیا ہے جو میں نے دیکھا ہے؟ فرماتے تھے ان دونوں نے مجھ سے کہا: سنو ہم تمہیں اصل حقیقت بتلائے دیتے ہیں۔ وہ پہلا شخص جس کے پاس تم آئے تھے۔ اس کا سر پتھر سے پھوڑا جارہا تھا تو وہ شخص ہے جو قرآن سیکھتا ہے اور پھر اس کو چھوڑ دیتا ہے اور فریضہ نماز کو چھوڑ کر سو رہتا ہے اور وہ شخص جس کے پاس تم آئے تھے جس کی باچھ اس کی گدی تک اور اس کا نتھنا بھی گدی تک اور اس کی آنکھ بھی گدی تک چیری جارہی تھی تو وہ شخص ہے جو اپنے گھر سے صبح نکلتا ہے اور ایک جھوٹی بات بناتا ہے جو چاروں طرف پہنچ جاتی ہے اور وہ ننگے مرد اور عورتیں جو تم نے ایسے گڑھے میں دیکھے جو تنور کی طرح بنا ہوا تھا وہ زنا کرنے والے اور زنا کرنے والیاں ہیں اور وہ شخص جس کے پاس تم آئے وہ جو نہر میں تیر رہا تھا اور اس کے منہ میں پتھر دئیے جاتے تھے تو وہ سود خور ہے اور وہ بدصورت شخص جو آگ کے پاس تھا اس کو سلگا رہا تھا اور اس کے گردا گرد دوڑ رہا تھا تو وہ مالک فرشتہ ہے جو جہنم کا داروغہ ہے اور وہ لمبا شخص جو باغیچہ میں تھا تو وہ ابراہیمؑ ہیں اور وہ بچے جو اُن کے ارد گرد تھے وہ تمام بچے ہیں جو فطرت پر مرگئے۔ سمرہ کہتے تھے۔ یہ سن کر بعض مسلمانوں نے کہا: یا رسول اللہ ! اور مشرکوں کے بچے (جو مرجاتے ہیں؟) تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مشرکوں کے بچے بھی تھے اور وہ لوگ جن کا آدھا دھڑ اچھا تھا اور آدھا بدصورت تو یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ملے جلے کام کئے کچھ اچھے بھی اور کچھ برے بھی اللہ نے ان سے درگزر کردیا۔