کتاب 92: كتاب الفتن
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 7068
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زبیر بن عدی سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: ہم حضرت انس بن مالکؓ کے پاس آئے اور ہم نے اُن سے اس تکلیف کی شکایت کی جو ہم حجاج سے اُٹھا رہے تھے۔ تو حضرت انسؓ نے کہا: تم صبر کرو کیونکہ اب جو زمانہ بھی تم پر آئے گا وہ پہلے سے بدتر ہوگا یہاں تک کہ تم اپنے ربّ سے جا ملو۔ میں نے یہ بات تمہارے نبی ﷺ سے سنی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7069
ابو لیث نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی۔ اور اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ میرے بھائی نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے سلیمان بن بلال سے، اُنہوں نے محمد بن ابی عتیق سے، اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ہند بنت حارثہ فراسیہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت اُم سلمہؓ بیان فرماتی ہیں: ایک رات رسول اللہ ﷺ گھبرائے ہوئے جاگے۔ آپؐ فرما رہے تھے سبحان اللہ کیا کچھ خزانے اللہ نے اُتارے اور کیا کچھ فتنے برپا کئے گئے۔ اِن حُجرات والیوں کو کون جگائے۔ اس سے آپؐ کی مراد اپنی ازواج تھیں تا کہ وہ نماز (تہجد) پڑھیں۔ بہت سی دنیا میں پہننے والیاں ہیں جو آخرت میں ننگی ہوں گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7070
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے ہم پر ہتھیار اُٹھائے وہ ہم میں سے نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7071
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواُسامہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے برید سے، برید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے، حضرت ابوموسیٰؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے ہم پر ہتھیار اُٹھایا وہ ہم میں سے نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7072
محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام سے روایت کی۔ میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی اپنے بھائی کے سامنے ہتھیار سے اشارہ نہ کرے کیونکہ وہ نہیں جانتا کہ شاید شیطان اس کے ہاتھ کو جھٹکا دے اور وہ آگ کے گڑھے میں جا گرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7073
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے عمرو (بن دینار) سے پوچھا۔ ابومحمد! کیا تم نے حضرت جابر بن عبد اللہؓ کو یہ کہتے سنا کہ مسجد میں ایک شخص تیر لے کر گزرا تو رسول اللہ ﷺ نے اس سے فرمایا: ان کے پھلوں سے پکڑو؟ (راوی کہتے ہیں:) عمرو نے کہا: ہاں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7074
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے حضرت جابرؓ سے روایت کی کہ ایک شخص کچھ تیر لئے ہوئے مسجد میں سے گزرا۔ اس نے ان کی نوکوں کو سامنے کھلا رکھا ہوا تھا تو اس سے فرمایا کہ وہ ان کو نوکوں سے پکڑے کہ کسی مسلمان کو نہ چبھ جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7075
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے برید سے، برید نے ابو بردہ سے، ابو بردہ نے حضرت ابو موسیٰؓ سے، اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی جو ہماری مسجد یا ہمارے بازار میں سے گزرے اور اس کے پاس تیر ہوں تو چاہیئے کہ وہ ان کو پیکانوں سے پکڑے رکھے یا فرمایا: اس کو اپنی ہتھیلی میں پکڑے رکھے ایسا نہ ہو کہ کہیں ان میں سے کوئی تیر مسلمانوں میں سے کسی کو زخمی کردے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7076
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ شقیق نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا۔ حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا نبی ﷺ نے فرمایا: مسلمان کو گالی دینا فسق ہے اور اس سے لڑنا کفر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7077
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ واقد (بن محمد) نے اپنے باپ سے مجھے خبر دی۔ ان کے باپ نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے نبیؐ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: میرے بعد پھر کافر نہ ہو جانا کہ تم ایک دوسرے کی گردنیں اُڑاتے رہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7078
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ قرہ بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ ابن سیرین نے ہمیں بتایا۔ ابن سیرین نے عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ سے، انہوں نے حضرت ابوبکرہؓ سے روایت کی اور ابنِ سیرین نے ایک اور شخص سے بھی روایت کی جو میرے نزدیک عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ سے افضل ہے اس شخص نے بھی حضرت ابو بکرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ لوگوں سے مخاطب ہوئے اور فرمایا: سنو تم جانتے ہو کہ یہ کون سا دن ہے؟ لوگوں نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ حضرت ابوبکرہؓ کہتے تھے، (آپؐ خاموش رہے) یہاں تک کہ ہم سمجھے کہ آپؐ اس دن کا کوئی اور نام رکھیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا یہ قربانی کا دن نہیں؟ ہم نے کہا بے شک یا رسول اللہ۔ آپؐ نے فرمایا: یہ کون سا شہر ہے؟ کیا یہ وہی حرمت والا شہر نہیں؟ ہم نے کہا: بے شک ہاں یا رسول اللہ۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر تمہارے خون اور تمہارے مال اور تمہاری عزتیں اور تمہارے بدن کے چمڑے تمہارے لئے ایسے ہی معزز ہیں جیسا کہ تمہارا یہ دن تمہارے اس مہینہ میں تمہارے اسی شہر میں معزز ہے۔ سنو! کیا میں نے یہ حکم پہنچا دیا ہے؟ ہم نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! گواہ رہ۔ جو حاضر ہے وہ غیر حاضر کو پہنچاوے کیونکہ کبھی وہ شخص جسے پہنچایا جاتا ہے ایسا بھی ہوتا ہے جو بات کو سمجھنے والا یاد رکھنے والا ہوتا ہے اور ایسا ہی ہوا۔ آپؐ نے فرمایا: میرے بعد پھر کافر نہ بن جانا کہ تم ایک دوسرے کی گردن زنی کرتے پھرو۔ جب وہ دن ہوا کہ جس دن عبداللہ بن عمرو حضرمی کو جاریہ بن قدامہ نے جلادیا۔ جاریہ نے کہا: ابوبکرہؓ کو جھانک کر دیکھو۔ لوگوں نے کہا: یہ حضرت ابوبکرہؓ موجود ہیں تم کو دیکھ رہے ہیں۔ عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ کہتے تھے: میری والدہ نے حضرت ابوبکرہؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھ سے بیان کیا کہ وہ کہتے تھے کہ یہ لوگ میرے پاس اندر آ بھی جائیں تو میں مقابلے کے لئے ایک کانا (سرکنڈا) بھی نہ پکڑوں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7079
احمد بن اِشکاب نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن فضیل نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: میرے بعد کہیں پھر کافر نہ ہو جانا کہ ایک دوسرے کی گردنیں مارتے پھرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7080
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے علی بن مدرک سے روایت کی کہ میں نے ابوزُرعہ بن عمرو بن جریر سے سنا۔ اُنہوں نے اپنے دادا (جریر بن بَجلی) سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر مجھ سے فرمایا: لوگوں کو خاموش کرو۔ پھر آپؐ نے فرمایا: میرے بعد پھر کافر نہ ہو جانا کہ تم ایک دوسرے کی گردن زنی کرنے لگ جاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7081
محمد بن عبیداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن سے، ابو سلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ ابراہیم (بن سعد) نے کہا اور صالح بن کیسان نے بھی مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عنقریب ایسے فتنے ہوں گے جن میں بیٹھنے والا کھڑے رہنے والے سے بہتر ہو گا اور کھڑا رہنے والا چلنے والے سے بہتر ہو گا اور چلنے والا دوڑنے والے سے بہتر ہو۔ جو اس کو جھانک کر دیکھے گا وہ فتنہ اس کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ اس لئے جو شخص اس فتنہ میں کوئی پناہ کی جگہ یا بچاؤ کا مقام پائے تو وہ اس میں پناہ لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7082
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زُہری سے روایت کی کہ ابو سلمہ بن عبد الرحمٰن نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عنقریب ایسے فتنے ہوں گے جن میں بیٹھ رہنے والا کھڑا رہنے والے سے بہتر ہوگا اور اُن میں کھڑا رہنے والا چلنے والے سے بہتر ہو گا اور اُن میں چلنے والا دوڑنے والے سے بہتر ہوگا۔ جو اس کو جھانک کر دیکھے گا وہ فتنہ اس کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ اس لئے جو شخص کوئی پناہ کی جگہ یا بچاؤ کا مقام پائے تو وہ وہاں پناہ لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7083
عبد اللہ بن عبد الوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ایک شخص جس کا انہوں نے نام نہیں لیا سے روایت کی کہ حسن (بصری) سے مروی ہے اُنہوں نے کہا: فتنے کے زمانے میں مَیں اپنے ہتھیار لے کر نکلا تو حضرت ابوبکرہؓ مجھے راستے میں ملے۔ اُنہوں نے پوچھا: تم کہاں جارہے ہو؟ میں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے چچا کے بیٹے کی مدد کرنا چاہتا ہوں۔ حضرت ابوبکرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب دو مسلمان اپنی تلواریں لے کر ایک دوسرے کے مقابل کھڑے ہوں تو وہ دونوں دوزخیوں میں سے ہیں۔ آپؐ سے پوچھا گیا: یہ تو قاتل ہوا اور جو مارا گیا ہے وہ کیوں؟ آپؐ نے فرمایا: اس نے بھی اپنے ساتھی کے قتل کرنے کا ارادہ کیا تھا۔ حماد بن زید نے کہا: میں نے یہ حدیث ایوب اور یونس بن عبید سے بیان کی اور میں یہ چاہتا تھا کہ وہ دونوں مجھے اس کے متعلق بتائیں۔ انہوں نے کہا۔ اس حدیث کو حسن نے احنف بن قیس سے، احنف نے حضرت ابوبکرہؓ سے روایت کیا۔ سلیمان (بن حرب) نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں یہی بتایا۔ اور مؤمل نے کہا: حماد بن زید نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب اور یونس اور ہشام اور معلی بن زید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حسن (بصری) سے، حسن نے احنف (بن قیس) سے، احنف نے حضرت ابوبکرہؓ سے، اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور معمر نے بھی ایوب سے اس کو روایت کیا۔ اور بکار بن عبدالعزیز نے بھی اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت ابوبکرہؓ سے اس کو روایت کیا۔ اور غندر نے کہا: شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے منصور سے، منصور نے ربعی بن حراش سے، ربعی نے حضرت ابوبکرہؓ سے، اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔ اور سفیان (ثوری) نے منصور (بن معتمر) سے روایت کرتے ہوئے اس کو مرفوعاً بیان نہیں کیا۔
قَالَ حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ فَذَكَرْتُ هَذَا الْحَدِيثَ لأَيُّوبَ وَيُونُسَ بْنِ عُبَيْدٍ وَأَنَا أُرِيدُ أَنْ يُحَدِّثَانِي بِهِ فَقَالاَ إِنَّمَا رَوَى هَذَا الْحَدِيثَ الْحَسَنُ عَنِ الأَحْنَفِ بْنِ قَيْسٍ عَنْ أَبِي بَكْرَةَ.
حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ حَدَّثَنَا حَمَّادٌ بِهَذَا.
وَقَالَ مُؤَمَّلٌ حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ حَدَّثَنَا أَيُّوبُ وَيُونُسُ وَهِشَامٌ وَمُعَلَّى بْنُ زِيَادٍ عَنِ الْحَسَنِ عَنِ الأَحْنَفِ عَنْ أَبِي بَكْرَةَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم. وَرَوَاهُ مَعْمَرٌ عَنْ أَيُّوبَ. وَرَوَاهُ بَكَّارُ بْنُ عَبْدِ الْعَزِيزِ عَنْ أَبِيهِ عَنْ أَبِي بَكْرَةَ.
وَقَالَ غُنْدَرٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ مَنْصُورٍ عَنْ رِبْعِيِّ بْنِ حِرَاشٍ عَنْ أَبِي بَكْرَةَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم. وَلَمْ يَرْفَعْهُ سُفْيَانُ عَنْ مَنْصُورٍ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7084
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ولید بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ (عبدالرحمٰن بن یزید) بن جابر نے ہمیں بتایا۔ بُسر بن عبیداللہ حضرمی نے مجھ سے بیان کیا کہ اُنہوں نے ابو ادریس خولانی سے سنا۔ ابو ادریس نے حضرت حذیفہ بن یمانؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ لوگ رسول اللہ ﷺ سے بھلی باتوں کے متعلق پوچھا کرتے تھے اور میں آپؐ سے شر کے متعلق پوچھا کرتا تھا اس ڈر سے کہ وہ شر مجھے آ نہ گھیرے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم جاہلیت اور شر میں تھے تو اللہ ہمارے پاس یہ بھلائی لایا تو کیا اس بھلائی کے بعد بھی کوئی شر ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ میں نے پوچھا، کیا اس شر کے بعد بھی کوئی بھلائی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں اور اس میں کچھ نقص بھی ہوگا۔ میں نے کہا: اس میں کیا نقص ہوگا؟ آپؐ نے فرمایا: ایسے لوگ ہوں جو میرے راستے کے سوا کسی اور راستے کی طرف رہنمائی کریں گے۔ ان میں کچھ اچھی باتیں بھی تم دیکھو گے اور بری باتیں بھی پاؤ گے۔ میں نے کہا: کیا اس بھلائی کے بعد بھی کوئی شر ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ جہنم کے دروازے پر بلانے والے ہوں گے جو اُن کی مان کر ان دروازوں کی طرف گیا تو وہ اس کو اُن میں پھینک دیں گے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! اُن لوگوں کا حال ہمارے لئے بیان فرمائیں۔ آپؐ نے فرمایا: وہ ہماری ہی قوم میں سے ہوں گے اور ہماری ہی زبان میں باتیں کریں گے۔ میں نے کہا تو پھر آپ مجھے کیا حکم دیتے ہیں اگر اس زمانے نے مجھے پالیا؟ آپؐ نے فرمایا: مسلمانوں کی جماعت اور اُن کے امام کے ساتھ رہنا۔ میں نے کہا: اگر ان کی جماعت نہ ہو اور نہ کوئی امام؟ آپؐ نے فرمایا: تو پھر ان تمام فرقوں سے الگ رہنا گو تم درخت کی جڑ ہی کو چباؤ اور ایسی حالت میں تمہیں موت بھی آجائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7085
عبداللہ بن یزید نے ہم سے بیان کیا کہ حیوہ وغیرہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: ابوالاسود نے ہمیں بتایا اور لیث نے بھی ابوالاسود سے نقل کیا، کہا: مدینہ والوں کے متعلق بھی ایک فوج بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا اور میرا نام بھی اس فوج میں لکھا گیا۔ پھر میں عکرمہ سے ملا اور میں نے اُن کو بتایا۔ اُنہوں نے مجھے سختی سے منع کیا اور کہا: حضرت ابن عباسؓ نے مجھے بتایا کہ مسلمانوں میں سے کچھ لوگ مشرکوں کے ساتھ رہے جس سے وہ رسول اللہﷺ کے مقابل میں مشرکوں کی جمیعت بڑھانے کا موجب ہو رہے تھے اور تیر آتا، وہ کسی کو لگتا اور زخمی کرتا اور اس کو مار ڈالتا یا کوئی اس کو تلوار کی ضرب لگاتا اور اُسے مار ڈالتا۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی۔ جن لوگوں کو ملائکہ نے اس حالت میں وفات دی کہ وہ اپنی جانوں پر ظلم کر رہے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7086
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے زید بن وہب سے روایت کی کہ حضرت حذیفہؓ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہمیں دو باتیں بتائیں۔ ان میں سے ایک کو تو میں نے دیکھ لیا اور دوسری کا میں انتظار کر رہا ہوں۔ آپؐ نے ہمیں بتایا کہ امانت لوگوں کے دلوں کی تہ میں نازل ہوئی۔ پھر اُنہوں نے قرآن سے اس کا علم حاصل کیا۔ پھر سنت سے معلوم کیا اور آپؐ نے اس امانت کے اٹھائے جانے کے متعلق ہمیں بتایا۔ فرمایا: آدمی ایک نیند سوتا ہے تو امانت دل سے سمیٹ لی جاتی ہے اور پھر اس کا نشان ایک کالے داغ کی طرح رہ جاتا ہے۔ پھر ایک بار سوتا ہے تو وہ اور سمیٹ لی جاتی ہے اور اس کا نشان اس میں آبلہ کے نشان کی طرح رہ جاتا ہے، ایسا جیسے ایک انگارہ تم اپنے پاؤں پر لڑھکا دو اور اس میں آبلہ پھول آئے اور تم اس کو ابھرا ہوا دیکھتے ہو اور اس کے اندر کچھ نہیں ہوتا اور لوگ صبح کو آپس میں خرید و فروخت کریں گے تو کوئی بھی امانت ادا کرنے کے قریب نہیں ہوگا اور یہ کہا جائے گا کہ فلاں قبیلہ میں ایک امین شخص ہے اور کسی آدمی کے متعلق کہا جائے گا کیا ہی وہ عقلمند ہے، کیا ہی خوش مزاج آدمی ہے، کیا ہی وہ بہادر ہے حالانکہ اس کے دل میں رائی کے دانے کے برابر بھی ایمان نہ ہوگا۔ (حضرت حذیفہؓ کہتے تھے) مجھ پر ایک ایسا زمانہ گزر چکا ہے کہ میں پرواہ نہیں کرتا تھا کہ تم میں سے کس سے خرید و فروخت کی اگر وہ مسلمان ہوتا تو اسلام اس کو میرے پاس واپس لوٹا دیتا اور اگر وہ عیسائی ہوتا تو اس کا حاکم اس کو میرے پاس واپس لوٹا دیتا۔ آج تو میں سوا فلاں اور فلاں کے کسی سے خرید و فروخت نہیں کرتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7087
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی عبید سے، یزید نے حضرت سلمہ بن اکوعؓ سے روایت کی کہ وہ حجاج کے پاس گئے تو وہ کہنے لگا: اکوع کے بیٹے ! کیا تم اپنی ایڑیوں کے بل پھر گئے ہو۔ (یا) بادیہ نشین ہو گئے ہو۔ حضرت سلمہ بن اکوعؓ نے کہا: نہیں بلکہ رسول اللہ ﷺ نے مجھے (شہری) آبادی سے باہر رہنے کی اجازت دی تھی اور یزید بن ابی عبید سے مروی ہے۔ اُنہوں نے کہا: جب حضرت عثمان بن عفانؓ شہید کیے گئے تو حضرت سلمہ بن اکوعؓ ربزہ کی طرف نکل گئے اور وہاں ایک عورت سے نکاح کیا اور اس سے ان کی اولاد ہوئی۔ وہ وہیں رہے اور وفات سے چند راتیں پہلے مدینہ میں آ کر قیام کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah