کتاب 92: كتاب الفتن
صحیح بخاری, حصہ 4
صحیح بخاری 7108
عبداللہ بن عثمان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ یونس نے ہمیں خبر دی۔ یونس نے زہری سے روایت کی کہ حمزہ بن عبداللہ بن عمر نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب اللہ کسی قوم پر عذاب نازل کرتا ہے تو وہ عذاب اُن لوگوں کو پہنچتا ہے جو بھی ان میں ہوتے ہیں پھر وہ اپنے اپنے اعمال کے مطابق اٹھائے جاتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7109
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اسرائیل ابوموسیٰ نے ہم سے بیان کیا اور میں ان سے کوفہ میں ملا تھا وہ ابن شبرمہ کے پاس آئے اور اُن سے کہنے لگے: مجھے عیسیٰ (بن موسیٰ بن محمد بن علی بن عبداللہ بن عباس) کے پاس لے چلیں تا کہ میں اُن کو نصیحت کروں۔ تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جیسے ابن شبرمہ ابن موسیٰ کے متعلق ڈرے اور ان کو نہیں لے گئے۔ ابوموسیٰ نے کہا۔ حسن (بصری) نے ہم سے بیان کیا کہا: جب حضرت حسن بن علیؓ فوجیں لے کر معاویہؓ کی طرف چلے تو حضرت عمرو بن عاصؓ نے معاویہؓ سے کہا: میں تو ایسی فوج دیکھتا ہوں کہ جو اس وقت تک پیٹھ پھیرنے کی نہیں جب تک کہ اس کے مقابل کی دوسری فوج پیٹھ نہ پھیر دے۔ حضرت معاویہؓ نے کہا: ان مسلمانوں کی اولاد کا کون رہے گا؟ تو حضرت عمروؓ نے کہا: میں۔ اس وقت حضرت عبداللہ بن عامرؓ اور حضرت عبدالرحمٰن بن سمرہؓ نے کہا ہم حضرت حسنؓ سے ملتے ہیں اور اُن کو صلح کے لئے کہتے ہیں۔ حسن (بصری) نے کہا: میں نے حضرت ابوبکرہؓ سے سنا کہتے تھے: اسی اثنا میں کہ نبیﷺ تقریر کر رہے تھے کہ حسنؓ آئے تو نبی ﷺ نے فرمایا: میرا یہ بیٹا سردار ہے اور اُمید ہے کہ اللہ اس کے ذریعہ سے مسلمانوں کے دو گروہوں کے درمیان صلح کرائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7110
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا عمرو (بن دینار) نے کہا: محمد بن علی نے مجھے بتایا کہ حرملہ جو حضرت اُسامہؓ کے غلام تھے، نے اُنہیں خبر دی۔ عمرو (بن دینار) کہتے تھے اور میں نے حرملہ کو دیکھا ہوا ہے وہ کہتے تھے: حضرت اُسامہؓ نے مجھے حضرت علیؓ کے پاس بھیجا اور کہا: حضرت علیؓ تم سے اب کچھ پوچھیں گے کہیں گے تمہارا ساتھی پیچھے کیوں رہ گیا ہے؟ تو تم اُن سے کہنا کہ اُسامہؓ آپ سے یہ کہتا ہے کہ اگر آپ شیر کے جبڑے میں بھی ہوں تو میں ضرور ہی پسند کروں کہ میں بھی آپ ساتھ اُس میں رہوں لیکن یہ معاملہ ہی ایسا ہے کہ جو میں نے کبھی نہیں دیکھا۔ (حرملہ کہتے تھے:) حضرت علیؓ نے مجھے کچھ نہیں دیا تو میں حضرت حسنؓ اور حضرت حسینؓ اور ابن جعفر کے پاس گیا انہوں نے میری اونٹنی میرے لئے لاد دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7111
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے روایت کی۔ نافع نے کہا کہ جب مدینہ والوں نے یزید بن معاویہ (کی خلافت) سے دستکش ہونے کا فیصلہ کر لیا تو حضرت ابن عمرؓ نے اپنے خادم اور اپنے بیٹے جمع کئے اور کہنے لگے: میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے سنا کہ قیامت کے دن ہر دغا باز کے لئے ایک جھنڈا نصب کیا جائے گا اور دیکھو ہم نے اس شخص کی بیعت اللہ اور اُس کے رسول کی بیعت کے موافق کی تھی اور میں اس سے بڑھ کر اور کوئی دغا بازی نہیں جانتا کہ اللہ اور اس کے رسول کی بیعت کے مطابق کسی شخص کی بیعت کی جائے پھر اس سے لڑائی چھیڑ دی جائے اور تم میں سے جس کے متعلق بھی مجھے یہ معلوم ہوا کہ وہ خلافت سے الگ ہوا یا اس معاملہ میں کسی دوسرے کی بیعت کی تو میرے اور اس کے درمیان جدائی ہوگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7112
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابو شہاب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عوف سے، عوف نے ابو منہال سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: جب ابن زیاد اور مروان شام میں تھے اور حضرت ابن زبیرؓ مکہ میں آئے اور قاری (اس وقت یہ لفظ خوارج کے لیے مستعمل تھا) بصرہ میں کود پڑے تو میں اپنے باپ کے ساتھ حضرت ابو برزہ اسلمیؓ کی طرف چلا گیا ہم اُن کے پاس اُن کے گھر میں گئے اور وہ اپنے بانس کے ایک بالا خانے کے سایہ میں بیٹھے تھے۔ اُن کے پاس جا کر بیٹھے اور میرا باپ مزے لے لے کر باتیں کرنے لگا کہ تا وہ بھی بات کریں اور اُنہوں نے کہا: ابو برزہؓ کیا آپ اس فتنہ کو نہیں دیکھتے جس میں لوگ پڑے ہیں؟ تو پہلی بات جو میں نے اُن کو کہتے ہوئے سنی وہ یہ تھی کہ میں نے اس کو اللہ کے نزدیک موجب ثواب سمجھا ہے کہ میں قریش کے قبیلوں پر ناراض ہوں۔ اے عرب کے لوگو! تم اس ذلت اور غربت اور گمراہی کی حالت کو جانتے ہی ہو جس میں کہ تم تھے اور اللہ نے تمہیں اسلام کے طفیل اور محمد ﷺ کے ذریعہ سے بچا کر اس حالت تک پہنچا دیا ہے جو تم دیکھ رہے ہو اور یہ دنیا ہے جس نے تمہارے درمیان بگاڑ ڈال دیا ہے اور وہ شخص جو شام میں ہے اللہ کی قسم وہ بھی تو صرف دنیا پر لڑرہا ہے اور یہ لوگ جو تمہارے درمیان ہیں بخدا یہ بھی دنیا پر ہی لڑ رہے ہیں اور وہ شخص جو مکہ میں ہے اللہ کی قسم وہ بھی دنیا پر ہی لڑرہا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7113
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے واصل احدب سے، واصل نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت حذیفہ بن یمانؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: آج کل کے منافق اُن منافقوں سے بدتر ہیں جو نبی ﷺ کے زمانے میں تھے اُن دنوں تو وہ چھپاتے تھے اور آج یہ اعلانیہ نفاق کرتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7114
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ مسعر (بن کدام) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حبیب بن ابی ثابت سے، حبیب نے ابوالشعثاء سے، ابوالشعثاء نے حضرت حذیفہؓ سے روایت کی اُنہوں نے کہا: نفاق تو نبی ﷺ کے زمانہ میں بھی تھا مگر آج تو ایمان کے بعد صرف کفر ہی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7115
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے ابو زناد سے، ابو زناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبیؐ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: وہ گھڑی اس وقت تک قائم نہیں ہوگی جب تک کہ ایک آدمی دوسرے کی قبر کے پاس سے گزرتے ہوئے یہ نہ کہے۔ اے کاش میں اس کی جگہ ہوتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7116
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: سعید بن مسیب نے کہا: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے مجھے خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس وقت تک کہ دوس کی عورتوں کے کولہے ذوالخلصہ میں نہ مٹکتے پھریں وہ گھڑی برپا نہیں ہوگی اور ذوالخلصہ دوس کا وہ بت تھا جس کو وہ زمانہ جاہلیت میں پوجا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7117
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان (بن بلال) نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے ثور (بن زید دیلی) سے، ثور نے ابوالغیث سے، ابوالغیث نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: وہ گھڑی اس وقت تک قائم نہیں ہوگی جب تک کہ قحطان کا ایک شخص ظاہر نہ ہو جائے جو لوگوں کو اپنے ڈنڈے سے ہانکے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7118
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ سعید بن مسیب نے کہا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ گھڑی اس وقت تک قائم نہیں ہوگی جب تک کہ حجاز کی زمین سے ایک آگ نہ نکلے جو بُصریٰ میں اونٹوں کی گردنوں کو روشن کردے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7119
عبداللہ بن سعید کندی نے ہم سے بیان کیا کہ عُقبہ بن خالد نے ہمیں بتایا۔ عبید اللہ (بن عمر) نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے خبیب بن عبدالرحمٰن سے، خبیب نے اپنے دادا حفص بن عاصم سے، اُنہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ زمانہ قریب ہے کہ فرات سونے کا ایک خزانہ نمودار کرے گا سو جو وہاں موجود ہو تو وہ اس میں سے کچھ نہ لے۔ عقبہ (بن خالد) نے کہا اور عبید اللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو زناد نے ہمیں اسی طرح بتلایا۔ اُنہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے، اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی مگر انہوں نے یوں کہا کہ فرات سونے کا ایک پہاڑ نمودار کرے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7120
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے شعبہ سے روایت کی کہ معبد نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حارثہ بن وہب سے سنا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: صدقہ دو کیونکہ لوگوں پر عنقریب ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ آدمی اپنے صدقے کو لئے پھرے گا اور کسی کو نہ پائے گا جو اس کو قبول کرے۔ مسدد نے کہا: حارثہ عبیداللہ بن عمر کے ان کی ماں کی طرف سے بھائی تھے، بقول ابو عبد اللہ (امام بخاری) کے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7121
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ ابو زناد نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے عبدالرحمٰن سے، عبدالرحمٰن نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ گھڑی برپا نہیں ہو گی جب تک کہ دو بڑے بڑے گروہ آپس میں نہ لڑیں۔ اُن دونوں کے درمیان بہت ہی بڑی لڑائی ہوگی۔ اُن کا دعویٰ ایک ہی ہوگا اور جب تک کہ تیس کے قریب دجال ظاہر نہ ہو جائیں ان میں سے ہر ایک یہ دعویٰ کرے گا کہ وہ اللہ کا رسول ہے اور جب تک کہ علم اُٹھا نہ لیا جائے اور زلزلے کثرت سے نہ آئیں اور زمانہ جلدی جلدی نہ گزر جائے اور فتنے نہ ہو لیں اور قتل و خونریزی بہت نہ ہو لے اور جب تک کہ تم میں مال اس کثرت سے نہ ہو جائے کہ وہ (پانی کی طرح) بہنے لگ جائے یہاں تک کہ مال والے کو یہ فکر رہے گی کہ کون اس کا صدقہ قبول کرے گا یہاں تک کہ وہ پیش کرے گا اور وہ شخص جس کے سامنے پیش کر رہا ہوگا کہے گا کہ مجھے اس کی ضرورت نہیں اور جب تک کہ لوگ ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر اونچی عمارتیں نہ بنانے لگ جائیں گے اور جب تک کہ یہ نہ ہو لے گا کہ ایک شخص دوسرے شخص کی قبر کے پاس سے گزرے گا اور وہ کہے گا: اے کاش! میں اس جگہ ہوتا اور جب تک کہ سورج مغرب سے طلوع نہ کرے وہ گھڑی برپا نہ ہوگی۔ جب سورج ادھر سے چڑھے گا اور لوگ اس کو دیکھ لیں گے تو وہ سب کے سب ایمان لائیں گے، سو یہی وہ وقت ہوگا جب کسی نفس کو اس کا ایمان نفع نہ دے گا جو اس سے پہلے ایمان نہ لا چکا ہو یا ایمان لا کر نیک کام نہ کئے ہوں۔ اور وہ گھڑی برپا ہوگی کہ دو آدمیوں نے اپنے درمیان کپڑا پھیلایا ہوا ہوگا، وہ ابھی ایک دوسرے سے خرید و فروخت نہ کر چکے ہوں گے اور اپنے کپڑے کو لپیٹا نہیں ہوگا۔ اور وہ گھڑی برپا ہوگی اور ایک شخص اپنی دودھیل اونٹنی کا دودھ لے کر لوٹے گا اور ابھی اس کو پیا نہیں ہو گا۔ اور وہ گھڑی برپا ہو جائے گی کہ وہ ابھی اپنا حوض لیپ رہا ہوگا اور ابھی اس میں پانی نہ پلایا ہو گا۔ اور وہ گھڑی برپا ہو جائے گی کہ آدمی اپنا نوالہ اپنے منہ تک اُٹھا چکا ہوگا مگر ابھی اسے کھایا نہ ہو گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7122
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل (بن ابی خالد) نے ہم سے بیان کیا۔ قیس (بن ابی حازم) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت مغیرہ بن شعبہؓ مجھے کہنے لگے: کسی نے بھی نبی ﷺ سے دجال کے متعلق وہ باتیں نہیں پوچھیں جو میں نے آپؐ سے پوچھی تھیں اور آپؐ نے مجھے فرمایا: تمہیں اُس سے کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ میں نے کہا: میں اس لئے پوچھ رہا ہوں کہ لوگ کہتے ہیں اس کے ساتھ روٹیوں کا پہاڑ ہوگا اور پانی کا دریا ہوگا۔ آپؐ نے فرمایا: اس سے بڑھ کر بھی بات اللہ پر آسان ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7123
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ میں سمجھتا ہوں کہ اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: وہ داہنی آنکھ سے کانا ہوگا جیسا کہ وہ پھولے ہوئے انگور کا دانہ ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7124
سعد بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، اُنہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اُنہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: دجال آئے گا اور آکر مدینہ کے قریب ایک طرف اُترے گا پھر مدینہ تین بار لرزہ کھائے گا اور ہر ایک کافر اور منافق نکل کر اس کے پاس جائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7125
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے اِن کے دادا سے، اُن کے دادا نے حضرت ابوبکرہؓ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: مدینہ میں مسیح دجال کا رعب داخل نہیں ہو گا اور اس زمانہ میں اس کے سات دروازے ہوں گے ہر دروازے پر دو دو فرشتے ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7126
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن بشر نے ہمیں بتایا۔ مسعر (بن کدام) نے ہم سے بیان کیا۔ سعد بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوبکرہؓ سے، اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: مدینہ میں مسیح (دجال) کا رعب نہیں پڑے گا۔ ان دنوں اس کے سات دروازے ہوں گے۔ ہر دروازے پر دو دو فرشتے ہوں گے۔ (محمد بن مسلمہ) کہتے تھے اور ابن اسحاق نے صالح بن ابراہیم سے روایت کرتے ہوئے کہا، صالح نے اپنے باپ سے نقل کیا۔ اُنہوں نے کہا: میں بصرہ میں آیا تو حضرت ابوبکرہؓ نے مجھ سے کہا: میں نے نبی ﷺ سے یہ حدیث سنی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7127
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم بن عبداللہ سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: رسول اللہ ﷺ لوگوں میں کھڑے ہوئے اور آپؐ نے اللہ کی وہ تعریف کی جس کا وہ اہل ہے۔ پھر آپؐ نے دجال کا ذکر کیا اور فرمایا: میں بھی تم کو اس کے خطرے سے آگاہ کرتا ہوں اور کوئی بھی ایسا نبی نہیں گزرا جس نے اپنی قوم کو اس کے خطرے سے نہ ڈرایا ہو اور اس کے متعلق میں تم سے ایک بات کہتا ہوں کہ جو بات کسی نبی نے اپنی قوم سے نہیں کہی۔ دیکھو وہ کانا ہے اور اللہ کانا نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah