کتاب 2: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " سَتَرَوْنَ بَعْدِي أُمُورًا تُنْكِرُونَهَا "
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7052
ہم سے مسدد نے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ زید بن وہب نے ہمیں بتایا کہ میں نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے سنا۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہم سے فرمایا: میرے بعد عنقریب تم ترجیحی سلوک دیکھو گے اور ایسے اُمور دیکھو گے جن کو تم برا مناؤ گے۔ صحابہ نے کہا: یا رسول اللہ ! پھر آپؐ ہمیں کیا حکم دیتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: تم اُن کا حق اُن کو ادا کر دو اور اللہ سے اپنا حق مانگو۔
صحیح بخاری 7053
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے عبدالوارث سے، عبدالوارث نے جعد سے، جعد نے ابورجاء سے، ابورجاء نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبیؐ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے اپنے حاکم کی کسی بات کو ناپسند کیا تو چاہیئے کہ وہ صبر کرے کیونکہ جو بادشاہ کی اطاعت سے ایک بالشت بھی باہر ہوا تو وہ جاہلیت کی موت مرے گا۔
صحیح بخاری 7054
ابونعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے جعد ابوعثمان سے روایت کی کہ ابورجاء عطاردی نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جو اپنے حاکم سے کوئی ایسی بات دیکھے جسے وہ ناپسند کرتا ہو تو چاہیئے کہ وہ اس بات پر صبر کرے کیونکہ جو شخص جماعت سے ایک بالشت بھی الگ ہوا اور پھر وہ ایسی حالت میں مر گیا تو وہ یقینًا جاہلیت کی موت مرا۔
صحیح بخاری 7055
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابن وہب نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے عمرو (بن حارث) سے، عمرو نے بکیر سے، بکیر نے بسر بن سعید سے، بسر نے جنادہ بن ابی اُمیہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ہم حضرت عبادہ بن صامت ؓ کے پاس اندر گئے اور وہ بیمار تھے۔ ہم نے کہا: اللہ آپ کو اچھا کرے کوئی ایسی حدیث بیان کریں جس کے ذریعہ سے اللہ نے آپ کو فائدہ دیا ہو جو آپ نے نبی ﷺ سے سنی ہو۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ہمیں بلایا اور ہم نے آپ ؐ کی بیعت کی۔
صحیح بخاری 7056
منجملہ ان اقراروں کے جو آپؐ نے ہم سے لئے یہ تھا کہ آپؐ نے ہم سے یہ بیعت لی کہ ہم خوشی اور ناخوشی، تنگی اور آسائش اور اس حالت میں بھی کہ جب ہماری حق تلفی کی جارہی ہو (احکام کو) سنیں گے اور فرمانبرداری کریں گے اور یہ کہ اہلِ حکومت سے ہم حکومت نہیں چھینیں گے۔ سوائے اس کے کہ تم علانیہ طور پر کفر دیکھو کہ جس کے متعلق اللہ کی طرف سے تمہارے پاس کھلی کھلی دلیل بھی ہو۔
صحیح بخاری 7057
محمد بن عرعرہ سے ہم نے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے، حضرت انسؓ نے حضرت اُسید بن حضیرؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ ! آپؐ نے فلاں کو عامل مقرر کیا ہے اور مجھے عامل مقرر نہیں کیا۔ آپؐ نے فرمایا: عنقریب تم میرے بعد ترجیحی سلوک دیکھو گے۔ اُس وقت تک کہ مجھ سے ملو تم صبر کرنا۔