کتاب 3: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " هَلاَكُ أُمَّتِي عَلَى يَدَىْ أُغَيْلِمَةٍ سُفَهَاءَ ".
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7058
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن یحيٰ بن سعید بن عمرو بن سعید نے ہمیں بتایا، کہا: میرے دادا نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کی اُس مسجد میں جو مدینہ میں ہے حضرت ابوہریرہؓ کے پاس بیٹھا ہوا تھا اور مروان بھی ہمارے پاس ہی تھا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: میں نے اس صادق سے سنا جن سے سچے وعدے کئے گئے، فرماتے تھے: میری اُمت کی ہلاکت قریش کے چند نوجوانوں کے ہاتھوں سے ہوگی۔ مروان نے کہا: اللہ ایسے نوجوانوں پر لعنت کرے۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: اگر میں چاہوں تو میں ان کے نام بیان کر دوں کہ بنی فلاں اور بنی فلاں ہیں تو ضرور بیان کر دوں۔ (عمرو بن یحيٰ کہتے تھے) میں اپنے دادا کے ساتھ بنو مروان کے پاس جایا کرتا تھا جب وہ شام میں حاکم تھے تو جب میرے دادا اُن نوعمر لڑکوں کو دیکھتے تو ہم سے کہتے: ہوسکتا ہے کہ یہ بھی اُنہی میں سے ہوں۔ ہم کہتے: آپ بہتر جانتے ہو۔