کتاب 4: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " وَيْلٌ لِلْعَرَبِ مِنْ شَرٍّ قَدِ اقْتَرَبَ "
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7059
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا کہ اُنہوں نے زہری سے سنا۔ زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت زینب بنت اُم سلمہؓ سے، اُنہوں نے حضرت اُم حبیبہؓ سے، اُنہوں نے حضرت زینب بنت جحش رضی اللہ عنہن سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں کہ نبی ﷺ نیند سے جاگے۔ آپؐ کا چہرہ سرخ تھا اور آپؐ یہ فرما رہے تھے: اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ عرب کی بربادی ہے ایک شر سے جو بالکل قریب آن پہنچا ہے۔ یاجوج اور ماجوج کی دیوار میں آج اتنا روزن ہوگیا ہے اور سفیان نے انگلیوں سے نوے یا سو کا عدد بنایا۔ آپؐ سے پوچھا گیا کیا ہم ہلاک ہو جائیں گے جب کہ ہم میں اچھے لوگ ہوں گے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ جب گندگی بڑھ جائے گی۔
صحیح بخاری 7060
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا اور محمود نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ اُنہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت اُسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ مدینہ کے قلعوں میں سے ایک قلعہ پر چڑھے آپؐ نے فرمایا: کیا تم بھی دیکھتے ہو جو میں دیکھتا ہوں؟ صحابہ نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں فتنوں کو دیکھ رہا ہوں جو تمہارے گھروں میں اس طرح پڑ رہے ہیں جیسے کہ بارش کے قطرے پڑتے ہیں۔