کتاب 5: باب ظُهُورِ الْفِتَنِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7061
وَقَالَ شُعَيْبٌ وَيُونُسُ وَاللَّيْثُ وَابْنُ أَخِي الزُّهْرِيِّ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ حُمَيْدٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم.
عیاش بن ولید نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالاعلیٰ (بن عبدالاعلیٰ) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے زُہری سے، زہری نے سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: زمانہ قریب ہوتا جائے گا عمل کم ہوتے جائیں گے اور بخل دلوں میں ڈال دیا جائے گا اور فتنے بہت پھوٹ پڑیں گے اور ہرج بہت ہوگا۔ صحابہ نے پوچھا: یا رسول اللہ ! یہ ہرج کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: خونریزی مار دھاڑ۔ اور شعیب اور یونس اور لیث اور زہری کے بھتیجے نے بھی یہی نقل کیا۔ اُنہوں نے زہری سے، زہری نے حمید سے، حمید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
صحیح بخاری 7062
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ عبیداللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے اعمش سے، اعمش نے شقیق سے روایت کی۔ شقیق نے کہا: میں حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) اور حضرت ابوموسیٰؓ کے ساتھ تھا اُن دونوں نے کہا: نبیﷺ نے فرمایا: اس گھڑی سے پہلے ایسے دن ہوں گے کہ جن میں جہالت ڈیرا ڈال لے گی اور اُن میں علم اُٹھا لیا جائے گا اور اُن میں ہرج بہت ہوگا اور ہرج کے معنی ہیں خونریزی۔
صحیح بخاری 7063
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ عبیداللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے اعمش سے، اعمش نے شقیق سے روایت کی۔ شقیق نے کہا: میں حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) اور حضرت ابوموسیٰؓ کے ساتھ تھا اُن دونوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اس گھڑی سے پہلے ایسے دن ہوں گے کہ جن میں جہالت ڈیرا ڈال لے گی اور اُن میں علم اُٹھا لیا جائے گا اور اُن میں ہرج بہت ہوگا اور ہرج کے معنی ہیں خونریزی۔
صحیح بخاری 7064
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ شقیق نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: حضرت عبداللہؓ اور حضرت ابوموسیٰؓ بیٹھے ہوئے تھے اور دونوں باتیں کر رہے تھے۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اُس گھڑی سے پہلے ایسے دن ہوں گے جن میں علم اُٹھا لیا جائے گا اور اُن میں جہالت ڈیرا ڈالے گی اور اُن میں ہرج بہت ہوگا اور ہرج کے معنی ہیں خونریزی۔
صحیح بخاری 7065
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو وائل سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں حضرت عبداللہ اور حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہما کے پاس بیٹھا ہوا تھا کہ اتنے میں حضرت ابو موسیٰؓ نے کہا: میں نے بھی نبی ﷺ سے ایسا ہی سنا اور ہرج حبشی زبان میں قتل کو کہتے ہیں۔
صحیح بخاری 7066
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے واصل (بن حیان) سے، واصل نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ اور (ابووائل نے کہا:) میں سمجھتا ہوں کہ حضرت عبداللہؓ نے اس حدیث کو مرفوعاً بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: اُس گھڑی سے پہلے خونریزی کے دن ہوں گے جن میں علم مٹ جائے گا اور اُن میں جہالت جابجا ہو گی۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: ہرج حبشی زبان میں خونریزی کو کہتے ہیں۔
صحیح بخاری 7067
اور ابو عوانہ نے عاصم سے نقل کیا۔ عاصم نے ابو وائل سے، ابو وائل نے (حضرت ابو موسیٰ) اشعریؓ سے کہ اُنہوں نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے کہا: کیا تم ان دنوں کے بارے میں جانتے ہو جن کا نبی ﷺ نے ذکر فرمایا یعنی خونریزی کے دن۔ (حضرت ابو موسیٰ) اشعریؓ نے یہ کہہ کر اسی طرح روایت بیان کی۔ اور حضرت ابن مسعودؓ نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: بدترین لوگ وہ ہوں گے جن کو وہ گھڑی ایسے وقت میں پا لے گی جبکہ وہ زندہ ہوں گے۔