کتاب 7: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " مَنْ حَمَلَ عَلَيْنَا السِّلاَحَ فَلَيْسَ مِنَّا "
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7070
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے ہم پر ہتھیار اُٹھائے وہ ہم میں سے نہیں۔
صحیح بخاری 7071
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواُسامہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے برید سے، برید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے، حضرت ابوموسیٰؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے ہم پر ہتھیار اُٹھایا وہ ہم میں سے نہیں۔
صحیح بخاری 7072
محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام سے روایت کی۔ میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی اپنے بھائی کے سامنے ہتھیار سے اشارہ نہ کرے کیونکہ وہ نہیں جانتا کہ شاید شیطان اس کے ہاتھ کو جھٹکا دے اور وہ آگ کے گڑھے میں جا گرے۔
صحیح بخاری 7073
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے عمرو (بن دینار) سے پوچھا۔ ابومحمد! کیا تم نے حضرت جابر بن عبد اللہؓ کو یہ کہتے سنا کہ مسجد میں ایک شخص تیر لے کر گزرا تو رسول اللہ ﷺ نے اس سے فرمایا: ان کے پھلوں سے پکڑو؟ (راوی کہتے ہیں:) عمرو نے کہا: ہاں۔
صحیح بخاری 7074
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے حضرت جابرؓ سے روایت کی کہ ایک شخص کچھ تیر لئے ہوئے مسجد میں سے گزرا۔ اس نے ان کی نوکوں کو سامنے کھلا رکھا ہوا تھا تو اس سے فرمایا کہ وہ ان کو نوکوں سے پکڑے کہ کسی مسلمان کو نہ چبھ جائے۔
صحیح بخاری 7075
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے برید سے، برید نے ابو بردہ سے، ابو بردہ نے حضرت ابو موسیٰؓ سے، اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی جو ہماری مسجد یا ہمارے بازار میں سے گزرے اور اس کے پاس تیر ہوں تو چاہیئے کہ وہ ان کو پیکانوں سے پکڑے رکھے یا فرمایا: اس کو اپنی ہتھیلی میں پکڑے رکھے ایسا نہ ہو کہ کہیں ان میں سے کوئی تیر مسلمانوں میں سے کسی کو زخمی کردے۔