کتاب 9: باب تَكُونُ فِتْنَةٌ الْقَاعِدُ فِيهَا خَيْرٌ مِنَ الْقَائِمِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7081
محمد بن عبیداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن سے، ابو سلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ ابراہیم (بن سعد) نے کہا اور صالح بن کیسان نے بھی مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عنقریب ایسے فتنے ہوں گے جن میں بیٹھنے والا کھڑے رہنے والے سے بہتر ہو گا اور کھڑا رہنے والا چلنے والے سے بہتر ہو گا اور چلنے والا دوڑنے والے سے بہتر ہو۔ جو اس کو جھانک کر دیکھے گا وہ فتنہ اس کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ اس لئے جو شخص اس فتنہ میں کوئی پناہ کی جگہ یا بچاؤ کا مقام پائے تو وہ اس میں پناہ لے۔
صحیح بخاری 7082
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زُہری سے روایت کی کہ ابو سلمہ بن عبد الرحمٰن نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عنقریب ایسے فتنے ہوں گے جن میں بیٹھ رہنے والا کھڑا رہنے والے سے بہتر ہوگا اور اُن میں کھڑا رہنے والا چلنے والے سے بہتر ہو گا اور اُن میں چلنے والا دوڑنے والے سے بہتر ہوگا۔ جو اس کو جھانک کر دیکھے گا وہ فتنہ اس کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ اس لئے جو شخص کوئی پناہ کی جگہ یا بچاؤ کا مقام پائے تو وہ وہاں پناہ لے۔