کتاب 11: باب كَيْفَ الأَمْرُ إِذَا لَمْ تَكُنْ جَمَاعَةٌ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7084
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ولید بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ (عبدالرحمٰن بن یزید) بن جابر نے ہمیں بتایا۔ بُسر بن عبیداللہ حضرمی نے مجھ سے بیان کیا کہ اُنہوں نے ابو ادریس خولانی سے سنا۔ ابو ادریس نے حضرت حذیفہ بن یمانؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ لوگ رسول اللہ ﷺ سے بھلی باتوں کے متعلق پوچھا کرتے تھے اور میں آپؐ سے شر کے متعلق پوچھا کرتا تھا اس ڈر سے کہ وہ شر مجھے آ نہ گھیرے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم جاہلیت اور شر میں تھے تو اللہ ہمارے پاس یہ بھلائی لایا تو کیا اس بھلائی کے بعد بھی کوئی شر ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ میں نے پوچھا، کیا اس شر کے بعد بھی کوئی بھلائی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں اور اس میں کچھ نقص بھی ہوگا۔ میں نے کہا: اس میں کیا نقص ہوگا؟ آپؐ نے فرمایا: ایسے لوگ ہوں جو میرے راستے کے سوا کسی اور راستے کی طرف رہنمائی کریں گے۔ ان میں کچھ اچھی باتیں بھی تم دیکھو گے اور بری باتیں بھی پاؤ گے۔ میں نے کہا: کیا اس بھلائی کے بعد بھی کوئی شر ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ جہنم کے دروازے پر بلانے والے ہوں گے جو اُن کی مان کر ان دروازوں کی طرف گیا تو وہ اس کو اُن میں پھینک دیں گے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! اُن لوگوں کا حال ہمارے لئے بیان فرمائیں۔ آپؐ نے فرمایا: وہ ہماری ہی قوم میں سے ہوں گے اور ہماری ہی زبان میں باتیں کریں گے۔ میں نے کہا تو پھر آپ مجھے کیا حکم دیتے ہیں اگر اس زمانے نے مجھے پالیا؟ آپؐ نے فرمایا: مسلمانوں کی جماعت اور اُن کے امام کے ساتھ رہنا۔ میں نے کہا: اگر ان کی جماعت نہ ہو اور نہ کوئی امام؟ آپؐ نے فرمایا: تو پھر ان تمام فرقوں سے الگ رہنا گو تم درخت کی جڑ ہی کو چباؤ اور ایسی حالت میں تمہیں موت بھی آجائے۔