کتاب 13: باب إِذَا بَقِيَ فِي حُثَالَةٍ مِنَ النَّاسِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7086
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے زید بن وہب سے روایت کی کہ حضرت حذیفہؓ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہمیں دو باتیں بتائیں۔ ان میں سے ایک کو تو میں نے دیکھ لیا اور دوسری کا میں انتظار کر رہا ہوں۔ آپؐ نے ہمیں بتایا کہ امانت لوگوں کے دلوں کی تہ میں نازل ہوئی۔ پھر اُنہوں نے قرآن سے اس کا علم حاصل کیا۔ پھر سنت سے معلوم کیا اور آپؐ نے اس امانت کے اٹھائے جانے کے متعلق ہمیں بتایا۔ فرمایا: آدمی ایک نیند سوتا ہے تو امانت دل سے سمیٹ لی جاتی ہے اور پھر اس کا نشان ایک کالے داغ کی طرح رہ جاتا ہے۔ پھر ایک بار سوتا ہے تو وہ اور سمیٹ لی جاتی ہے اور اس کا نشان اس میں آبلہ کے نشان کی طرح رہ جاتا ہے، ایسا جیسے ایک انگارہ تم اپنے پاؤں پر لڑھکا دو اور اس میں آبلہ پھول آئے اور تم اس کو ابھرا ہوا دیکھتے ہو اور اس کے اندر کچھ نہیں ہوتا اور لوگ صبح کو آپس میں خرید و فروخت کریں گے تو کوئی بھی امانت ادا کرنے کے قریب نہیں ہوگا اور یہ کہا جائے گا کہ فلاں قبیلہ میں ایک امین شخص ہے اور کسی آدمی کے متعلق کہا جائے گا کیا ہی وہ عقلمند ہے، کیا ہی خوش مزاج آدمی ہے، کیا ہی وہ بہادر ہے حالانکہ اس کے دل میں رائی کے دانے کے برابر بھی ایمان نہ ہوگا۔ (حضرت حذیفہؓ کہتے تھے) مجھ پر ایک ایسا زمانہ گزر چکا ہے کہ میں پرواہ نہیں کرتا تھا کہ تم میں سے کس سے خرید و فروخت کی اگر وہ مسلمان ہوتا تو اسلام اس کو میرے پاس واپس لوٹا دیتا اور اگر وہ عیسائی ہوتا تو اس کا حاکم اس کو میرے پاس واپس لوٹا دیتا۔ آج تو میں سوا فلاں اور فلاں کے کسی سے خرید و فروخت نہیں کرتا۔