کتاب 14: باب التَّعَرُّبِ فِي الْفِتْنَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7087
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی عبید سے، یزید نے حضرت سلمہ بن اکوعؓ سے روایت کی کہ وہ حجاج کے پاس گئے تو وہ کہنے لگا: اکوع کے بیٹے ! کیا تم اپنی ایڑیوں کے بل پھر گئے ہو۔ (یا) بادیہ نشین ہو گئے ہو۔ حضرت سلمہ بن اکوعؓ نے کہا: نہیں بلکہ رسول اللہ ﷺ نے مجھے (شہری) آبادی سے باہر رہنے کی اجازت دی تھی اور یزید بن ابی عبید سے مروی ہے۔ اُنہوں نے کہا: جب حضرت عثمان بن عفانؓ شہید کیے گئے تو حضرت سلمہ بن اکوعؓ ربزہ کی طرف نکل گئے اور وہاں ایک عورت سے نکاح کیا اور اس سے ان کی اولاد ہوئی۔ وہ وہیں رہے اور وفات سے چند راتیں پہلے مدینہ میں آ کر قیام کیا۔
صحیح بخاری 7088
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن ابی صعصعہ سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قریب ہے کہ مسلمان کا بہترین مال بکریاں ہوں گی جن کے پیچھے پیچھے وہ پہاڑوں کی چوٹیوں اور بارش کے مقامات میں پھرے گا۔ فتنوں سے اپنے دین کو بچانے کے لئے بھاگتا ہوگا۔