کتاب 15: باب التَّعَوُّذِ مِنَ الْفِتَنِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7089
معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: لوگوں نے نبی ﷺ سے سوالات کرنے شروع کئے اور اتنے کئے کہ اُنہوں نے آپؐ کو پوچھتے پوچھتے تنگ کر دیا۔ (یہ دیکھ کر) نبی ﷺ ایک دن منبر پر چڑھے اور فرمایا: جس بات کے متعلق تم مجھ سے پوچھو گے ضرور ہی میں تمہیں کھول کر بتاؤں گا۔ میں دائیں اور بائیں دیکھنے لگا تو کیا دیکھتا ہوں کہ ہر ایک شخص اپنا سر اپنے کپڑے میں ڈالے ہوئے رو رہا ہے۔ اتنے میں ایک شخص اُٹھا جب اس کا کسی سے جھگڑا ہوتا تو اس کو اس کے باپ کے سوا کسی اور کی طرف منسوب کیا جاتا تھا۔ اس نے کہا: اے اللہ کے نبی! میرا باپ کون ہے؟ آپؐ نے فرمایا: تمہارا باپ حذافہ ہے۔ پھر حضرت عمرؓ اُٹھے اور کہنے لگے: ہم خوش ہیں کہ اللہ ہمارا ربّ ہے اور اسلام ہمارا دین اور محمدؐ ہمارے رسول ہیں۔ ہم فتنوں کے بد انجام سے اللہ کی پناہ مانگتے ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: میں نے خیر اور شر میں آج جیسا دن کبھی نہیں دیکھا کیونکہ میرے سامنے جنت اور آگ متمثل کی گئی یہاں تک کہ میں نے ان دونوں کو اس دیوار کے ورے دیکھا۔ قتادہ نے کہا: یہ حدیث اس آیت کی تشریح کرتے وقت بیان کی جاتی ہے۔ اے وہ لوگو! جو ایمان لائے ہو ایسی باتوں کے متعلق سوال مت کرو کہ اگر تمہارے لئے ظاہر کردی جائیں تو تمہیں بری معلوم ہوں۔
صحیح بخاری 7090
اور عباس نرسی نے ہم سے کہا۔ ہم سے یزید بن زریع نے بیان کیا۔ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت انسؓ نے انہیں بتایا کہ نبیﷺ نے… اور حضرت انسؓ نے یہی حدیث بیان کی۔ اور حضرت انسؓ نے کہا: ہر ایک شخص اپنا سر اپنے کپڑے میں لپیٹے ہوئے رو رہا تھا اور حضرت عمرؓ نے کہا: فتنوں کے بد انجام سے اللہ کی پناہ مانگتے ہوئے، یا یوں کہا: فتنوں کے بد انجام سے اللہ کی پناہ مانگتا ہوں۔
صحیح بخاری 7091
اور خلیفہ نے مجھ سے کہا۔ یزید بن زریع نے ہمیں بتایا کہ سعید اور معتمر نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا) قتادہ سے مروی ہے کہ حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے انہیں یہی بتایا اور کہا کہ فتنوں کے شر سے اللہ کی پناہ مانگتے ہوئے۔