کتاب 17: باب الْفِتْنَةِ الَّتِي تَمُوجُ كَمَوْجِ الْبَحْرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7096
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ شقیق نے ہمیں بتایا کہ میں نے حضرت حذیفہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہم حضرت عمرؓ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے جب اُنہوں نے پوچھا: فتنوں کے متعلق نبی ﷺ کی بات تم میں سے کسے یاد ہے؟ حضرت حذیفہؓ نے کہا کہ وہ فتنہ جو آدمی کو اس کے گھر والوں اور اس کے مال اور اس کی اولاد اور اس کے پڑوسی کی وجہ سے ہوتا ہے اس فتنے کا کفارہ نماز اور صدقہ اور بھلی بات کہنا اور بری بات سے منع کرنا ہے۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: اس کے متعلق میں تم سے نہیں پوچھتا بلکہ اس فتنہ کے متعلق جو سمندر کی موجوں کی طرح ٹھاٹھیں مارے گا۔ حضرت حذیفہؓ نے کہا: امیر المؤمنینؓ! آپؓ کو اس فتنہ سے کوئی خدشہ نہیں۔ آپؓ کے اور اس کے درمیان ایک بند دروازہ ہے۔ حضرت عمرؓ نے پوچھا: کیا وہ دروازہ توڑا جائے گا یا کھولا جائے گا؟ حضرت حذیفہؓ نے کہا: نہیں بلکہ توڑا جائے گا۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: تب کبھی بند نہیں کیا جائے گا؟ میں نے کہا: ہاں۔ (شقیق کہتے تھے) ہم نے حضرت حذیفہؓ سے پوچھا: کیا حضرت عمرؓ اس دروازے کو جانتے تھے؟ اُنہوں نے کہا: ہاں۔ جیسے کہ وہ یہ جانتے ہوں کہ کل سے پہلے رات ہوتی ہے اور اس کی وجہ یہ تھی کہ میں نے ان سے ایک ایسی حدیث بیان کی جو غلط نہ تھی۔ (شقیق کہتے تھے:) ہم حضرت حذیفہؓ سے یہ پوچھنے میں ہچکچائے کہ وہ دروازہ کون ہے؟ اس لئے ہم نے مسروق سے کہا اور اُنہوں نے اُن سے پوچھا: وہ دروازہ کون ہے؟ حضرت حذیفہؓ نے کہا: حضرت عمرؓ۔
صحیح بخاری 7097
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے شریک بن عبداللہ سے، شریک نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ سے روایت کی، اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ اپنی ضرورت کے لئے مدینہ کے باغوں میں سے ایک باغ کی طرف نکلے میں بھی آپؐ کے پیچھے نکلا۔ جب آپؐ باغ میں داخل ہوئے تو میں اس کے دروازے پر بیٹھ رہا اور میں نے کہا: آج تو میں نبی ﷺ کا دربان رہوں گا اور آپؐ نے مجھے حکم نہیں دیا تھا۔ نبی ﷺ گئے اور اپنی ضرورت کو پورا کیا اور کنوئیں کی منڈیر پر بیٹھ گئے۔ آپؐ نے اپنی پنڈلیاں کھولیں اور انہیں کنوئیں میں لٹکا دیا۔ اتنے میں حضرت ابوبکرؓ آئے آپؐ کے پاس اندر جانے کی اجازت مانگنے لگے۔ میں نے کہا: آپ یہیں ٹھہرئیے تاکہ میں آپ کے لئے اجازت لے لوں۔ چنانچہ وہ ٹھہر گئے اور میں نبی ﷺ کے پاس آیا۔ میں نے کہا: یا نبی اللہ! حضرت ابوبکرؓ آپؐ کے پاس آنے کی اجازت چاہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: انہیں اجازت دو اور جنت کی بشارت دو۔ حضرت ابوبکرؓ داخل ہوئے اور آکر نبی ﷺ کے دائیں طرف بیٹھ گئے اور اپنی پنڈلیاں کھولیں اور انہیں کنوئیں میں لٹکا دیا۔ پھر حضرت عمرؓ آئے اور میں نے کہا: یہیں ٹھہرئیے یہاں تک کہ میں آپ کے لئے اجازت لے لوں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: انہیں اجازت دو اور جنت کی بشارت دو اور وہ آکر نبی ﷺ کے بائیں طرف بیٹھ گئے اور اپنی پنڈلیاں کھول کر کنوئیں میں لٹکا دیا اور وہ منڈیر بھر گئی اور وہاں بیٹھنے کی جگہ نہ رہی۔ پھر حضرت عثمانؓ آئے۔ میں نے کہا: یہیں ٹھہرئیے تا کہ میں آپ کے لئے اجازت لے لوں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: انہیں اجازت دے دو اور جنت کی بشارت دو۔ ایک بہت بڑی آزمائش ہے جو ان پر آئے گی۔ وہ اندر گئے تو ان کے ساتھ کوئی بیٹھنے کی جگہ نہ پائی اس لئے وہاں سے ہٹ کر وہ اُن کے سامنے کنوئیں کے کنارے پر بیٹھ گئے اور اُنہوں نے اپنی پنڈلیاں کھولیں اور انہیں کنوئیں میں لٹکا دیا اور میں اپنے ایک بھائی کے آنے کی آرزو کرنے لگا اور اللہ سے دعا کرتا کہ وہ آ جائے۔ ابن مسیب کہتے تھے۔ میں نے اس واقعہ سے یہ نتیجہ نکالا کہ ان کی قبریں بھی اسی طرح ہوں گی۔ ان کی قبریں یہاں اکٹھی ہیں اور حضرت عثمانؓ الگ ہیں۔
صحیح بخاری 7098
بشر بن خالد نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان (اعمش) سے روایت کی کہ میں نے ابو وائل سے سنا۔ وہ کہتے تھے۔ حضرت اُسامہ (بن زیدؓ) سے کہا گیا۔ کیا آپؓ ان سے گفتگو نہیں کرتے؟ تو انہوں نے کہا: میں ان سے گفتگو کر چکا ہوں۔ میں نہیں چاہتا کہ ایسا دروازہ کھولوں کہ جس کا کھولنے والا میں ہی پہلا ہوں اور میں ایسا شخص بھی نہیں کہ میں کسی آدمی کے متعلق کہ جو دو شخصوں پر حاکم ہو چکا ہو یہ کہوں کہ تم سب سے اچھے ہو جبکہ میں رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے سن چکا ہوں کہ ایک آدمی کو لا کر آگ میں ڈال دیا جائے گا اور وہ اس میں اس طرح چکی چلائے گا جیسے گدھا اپنی چکی چلاتا ہے اور دوزخی اس کے ارد گرد اکٹھے ہوں گے اور پوچھیں گے۔ ارے فلاں! کیا تم بھلی بات کا حکم نہیں کیا کرتے تھے اور بری بات سے منع نہیں کیا کرتے تھے؟ تو وہ کہے گا: میں بھلائی کا حکم دیا کرتا تھا اور خود اسے نہیں کیا کرتا تھا اور برائی سے روکا کرتا تھا اور خود اسے کرتا تھا۔