کتاب 21: باب إِذَا قَالَ عِنْدَ قَوْمٍ شَيْئًا ثُمَّ خَرَجَ فَقَالَ بِخِلاَفِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7111
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے روایت کی۔ نافع نے کہا کہ جب مدینہ والوں نے یزید بن معاویہ (کی خلافت) سے دستکش ہونے کا فیصلہ کر لیا تو حضرت ابن عمرؓ نے اپنے خادم اور اپنے بیٹے جمع کئے اور کہنے لگے: میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے سنا کہ قیامت کے دن ہر دغا باز کے لئے ایک جھنڈا نصب کیا جائے گا اور دیکھو ہم نے اس شخص کی بیعت اللہ اور اُس کے رسول کی بیعت کے موافق کی تھی اور میں اس سے بڑھ کر اور کوئی دغا بازی نہیں جانتا کہ اللہ اور اس کے رسول کی بیعت کے مطابق کسی شخص کی بیعت کی جائے پھر اس سے لڑائی چھیڑ دی جائے اور تم میں سے جس کے متعلق بھی مجھے یہ معلوم ہوا کہ وہ خلافت سے الگ ہوا یا اس معاملہ میں کسی دوسرے کی بیعت کی تو میرے اور اس کے درمیان جدائی ہوگی۔
صحیح بخاری 7112
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابو شہاب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عوف سے، عوف نے ابو منہال سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: جب ابن زیاد اور مروان شام میں تھے اور حضرت ابن زبیرؓ مکہ میں آئے اور قاری (اس وقت یہ لفظ خوارج کے لیے مستعمل تھا) بصرہ میں کود پڑے تو میں اپنے باپ کے ساتھ حضرت ابو برزہ اسلمیؓ کی طرف چلا گیا ہم اُن کے پاس اُن کے گھر میں گئے اور وہ اپنے بانس کے ایک بالا خانے کے سایہ میں بیٹھے تھے۔ اُن کے پاس جا کر بیٹھے اور میرا باپ مزے لے لے کر باتیں کرنے لگا کہ تا وہ بھی بات کریں اور اُنہوں نے کہا: ابو برزہؓ کیا آپ اس فتنہ کو نہیں دیکھتے جس میں لوگ پڑے ہیں؟ تو پہلی بات جو میں نے اُن کو کہتے ہوئے سنی وہ یہ تھی کہ میں نے اس کو اللہ کے نزدیک موجب ثواب سمجھا ہے کہ میں قریش کے قبیلوں پر ناراض ہوں۔ اے عرب کے لوگو! تم اس ذلت اور غربت اور گمراہی کی حالت کو جانتے ہی ہو جس میں کہ تم تھے اور اللہ نے تمہیں اسلام کے طفیل اور محمد ﷺ کے ذریعہ سے بچا کر اس حالت تک پہنچا دیا ہے جو تم دیکھ رہے ہو اور یہ دنیا ہے جس نے تمہارے درمیان بگاڑ ڈال دیا ہے اور وہ شخص جو شام میں ہے اللہ کی قسم وہ بھی تو صرف دنیا پر لڑرہا ہے اور یہ لوگ جو تمہارے درمیان ہیں بخدا یہ بھی دنیا پر ہی لڑ رہے ہیں اور وہ شخص جو مکہ میں ہے اللہ کی قسم وہ بھی دنیا پر ہی لڑرہا ہے۔
صحیح بخاری 7113
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے واصل احدب سے، واصل نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت حذیفہ بن یمانؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: آج کل کے منافق اُن منافقوں سے بدتر ہیں جو نبی ﷺ کے زمانے میں تھے اُن دنوں تو وہ چھپاتے تھے اور آج یہ اعلانیہ نفاق کرتے ہیں۔
صحیح بخاری 7114
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ مسعر (بن کدام) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حبیب بن ابی ثابت سے، حبیب نے ابوالشعثاء سے، ابوالشعثاء نے حضرت حذیفہؓ سے روایت کی اُنہوں نے کہا: نفاق تو نبی ﷺ کے زمانہ میں بھی تھا مگر آج تو ایمان کے بعد صرف کفر ہی ہے۔